بدھ: 03 اکتوبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]نئے عراقی صدر نے اپنا منصب سنبھال لیا[/pullquote]

عراق کے نئے صدر بہرام صالح نے آج بدھ تین اکتوبر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ اُنہیں ملکی پارلیمنٹ نے منگل کو نیا صدر منتخب کیا تھا۔ اس انتخاب کے بعد ان سے اعلیٰ عدالت کے جج نے حلف لیا تھا۔ منصب صدارت سنبھالنے کی تقریب عراقی دارالحکومت بغداد میں واقع صدارتی محل میں منعقد ہوئی۔ صالح نے اپنے انتخاب اور پھر حلف اٹھانے کے بعد شیعہ رہنما عادل عبدل مہدی کو نئی حکومت تشکیل دینے کا فریضہ سونپا ہے۔ نامزد وزیراعظم کو اپنی کابینہ اور حکومت کی توثیق کے لیے تیس دن حاصل ہیں۔ عادل عبدل مہدی سابق نائب صدر بھی رہ چکے ہیں۔

[pullquote]کیٹ ویب پرائز ایشیائی صحافیوں کو دینے کا فیصلہ[/pullquote]

بین الاقوامی نیوز ایجنسی اے ایف پی نے ایشیائی صحافیوں کے لیے کیٹ ویب پرائز 2018ء کا اعلان کیا ہے۔ یہ خصوصی پرائز، اُس صحافی کو دیا جائے گا جو کسی ایشیائی ملک میں مشکل حالات میں غیر معمولی انداز میں صحافتی ذمہ داریوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس پرائز کے ساتھ تعریفی سند کے ساتھ ساتھ تین ہزار یورو بھی دیے جائیں گے۔ اے ایف پی اس پرائز کے لیے صحافیوں کو اپنی تفصیلات رواں برس پندرہ نومبر تک فراہم کرنے کا کہا ہے۔ پرائز کا فیصلہ ایک جیوری کرے گی۔ اس میں پرنٹ اور وڈیو جرنلسٹ حصہ لے سکتے ہیں۔ کیٹ ویب پرائز کا آغاز 2008ء میں ہوا تھا اور پہلا انعام ایک پاکستانی صحافی مشتاق یوسفزئی کو دیا گیا تھا۔

[pullquote]بھارت روسی میزائل نظام خریدنے سے گریز کرے، امریکا[/pullquote]

امریکا نے بھارت کو متنبہ کیا ہے کہ وہ روسی میزائل نظام ایس فور ہنڈرڈ خریدنے سے باز رہے۔ امریکی حکومت کے مطابق ایسی خریداری امریکی پابندیوں کے زمرے میں آئے گی۔ بیان کے مطابق روس کے ساتھ دفاعی و انٹیلیجنس کے شعبوں میں تجارتی رابطہ کاری امریکا کی عائد پابندیوں کے دائرے میں آتی ہیں۔ بھارت اور روس کے درمیان ایس فور ہنڈرڈ میزائل کی ڈیل جمعرات چار اکتوبر سے روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی سالانہ ملاقات کے درمیان طے ہو سکتی ہے۔ یہ میزائل ڈیل پانچ بلین امریکی ڈالر کے مساوی ہے۔

[pullquote]بھارت کا سات روہنگیا مہاجرین کو واپس میانمار بھیجنے کا فیصلہ[/pullquote]

بھارتی حکومت نے ایسے سات روہنگیا مہاجرین کو بیدخل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو میانمار سے بھارت میں تقریباً چھ برس قبل غیرقانونی طور پر داخل ہوئے تھے۔ ساتوں روہنگیا مہاجرین سن 2012 سے بھارتی جیل میں مقید ہیں۔ ان ساتوں افراد کو جمعرات چار اکتوبر کو میانمار کے حکام کی تحویل میں دیا جائے گا۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اہلکار نے روہنگیا مہاجرین کی جبری واپسی کو انٹرنیشنل قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ نریندر مودی کی قوم پرست حکومت غیر قانونی روہنگیا مہاجرین کو ملکی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتی ہے۔ اندازوں کے مطابق بھارت میں تقریباً چالیس ہزار روہنگیا مہاجرین رہتے ہیں۔

[pullquote]امریکا ایران پر ہیومینیٹیرین پابندیاں ختم کرے، اقوام متحدہ کی عالمی عدالت[/pullquote]

اقوام متحدہ کی عالمی عدالت نے امریکا سے کہا ہے کہ وہ ایران پر ایسی پابندیاں ختم کرے جن سے انسانی ضروریات کی اشیاء کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ آج دی ہیگ میں قائم عالمی عدالت انصاف نے واشنگٹن حکومت کے لیے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر خوراک، زرعی مصنوعات، ہوائی جہازوں کے پرزے، ادویات اور طبی آلات کی فراہمی پر عائد پابندیوں کو ختم کیا جائے۔ عدالت نے ان اشیاء کو ایرانی عوام کے لیے ضروری قرار دیا۔ عدالت میں ایران کا موقف تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی پابندیاں امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے سن 1955 کے آمیٹی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ واضح رہے کہ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے مئی کے ماہ میں ایران پر تاریخ کی سخت ترین پابندیاں عائد کرنی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ایران کے لئے درد ناک ثابت ہوں گی۔ اس کے علاوہ واشنگٹن انتظامیہ نے انتباہ کیا تھا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں تہران کا اثرورسوخ ختم کرنے کی کوشش کرے گی۔

[pullquote]کیمیا کے نوبل انعام کا اعلان کر دیا گیا[/pullquote]

رواں برس کیمسٹری کا نوبل انعام تین سائنسدانوں کے نام کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان میں امریکی خاتون سائنسدان فرانسِس ایچ آرنلڈ اور جورج پی اسمتھ اورایک برطانوی محقق گریگری پی ونٹر شامل ہیں۔ رواں برس کے نوبل انعام کے اعلان کا سلسلہ پیر پہلی اکتوبر سے شروع ہو چکا ہے۔ پہلا نوبل انعام میڈیسن کے شعبے میں ایک امریکی اور ایک جاپانی سائنسدان کو دیا گیا تھا۔ منگل کو فزکس کا نوبل پرائز تین سائنسدانوں کو مشترکہ طور پر دیا گیا تھا۔ نوبل انعام برائے امن حاصل کرنے والی شخصیت کا اعلان رواں ہفتے کے اختتام پر کیا جائے گا۔ نوبل انعامات ہر سال دس دسمبر کو ایک خصوصی تقریب میں دیے جاتے ہیں۔

[pullquote]سعودی عرب کے ناقد ترکی میں لاپتہ ہو گئے[/pullquote]

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق سعودی صحافی جمال خشوگی ترک شہر استنبول میں لاپتہ ہو گئے ہیں۔ سعودی حکومتی پالیسیوں کے سخت ناقد خشوگی استنبول میں سعودی قونصل خانے میں جانے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔ اخبار کے مطابق اُن کے ساتھی قونصل خانے کے باہر اُن کا انتظار کرتے رہے لیکن وہ واپس نہیں آئے۔ جمال خشوگی گزشتہ برس سے خود ساختہ جلاوطنی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ امریکی وزارت خارجہ بھی اس معاملے کی تفتیش جاری رکھے ہوئے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ اپنے کالم نگار کے ساتھ رابطہ قائم کرنے میں ناکام رہا ہے۔

[pullquote]امریکا کا ایران کے لیے ایک اور انتباہ[/pullquote]

امریکا نے رواں برس جولائی میں پیرس میں ناکام مبینہ بم منصوبے کے بعد ایران کو متنبہ کیا ہے کہ اُس کے ایسے جارحانہ رویے کو مزید برداشت کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ یہ انتباہ امریکا کی نیشنل سکیورٹی کونسل کی جانب سے دیا گیا ہے۔ اس بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ فرانسیسی حکومت اس مبینہ دہشت گردی کی سازش کی ناکامی کے بعد تہران کے خلاف سخت ایکشن لینے کا سوچ رہی ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان نے بھی اس واقعے کے بعد ایران کو دہشت گردی کا سب سے بڑا اسپانسر قرار دیا۔ فرانس بھی اس ناکام منصوبے کا ذمہ دار ایران کو ٹھہراتا ہے۔

[pullquote]سعودی بادشاہ امریکی فوج کی وجہ سے برسراقتدار ہیں، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے یہ بات سعودی فرماں روا شاہ سلمان پر واضح کر دی ہے کہ امریکی فوج کی وجہ سے وہ اقتدار میں ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق امریکی فوجی مدد حاصل نہ ہو تو وہ دو ہفتے بھی اقتدار میں نہیں رہ سکتے۔ امریکی صدر نے یہ کلمات ریاست مِسِسپی کے شہر ساؤتھ ہیون میں ایک ریلی سے خطاب کے دوران کہے۔ اس موقع پر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکا سعودی عرب کا محافظ ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتہ انتیس ستمبر کو سعودی بادشاہ کو ٹیلیفون کر کے علاقائی صورت حال پر غور و خوص کے دوران خام تیل کی عالمی منڈیوں میں فراہمی اور عالمی اقتصادی پیداوار کی شرح پر بھی بات کی تھی۔

[pullquote]انڈونیشی صدر زلزلے اور سونامی سے متاثرہ علاقے کے دورے پر[/pullquote]

انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو زلزلے اور سونامی سے متاثر ہونے والے جزیرے سولاویسی پہنچ گئے ہیں۔ امدادی کاموں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ابھی بہت سا کام باقی ہے لیکن صورت حال بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ دوسری جانب متاثرین کا گلہ ہے کہ امدادی عمل انتہائی سست رفتار سے جاری ہے اور بہت سے علاقے ابھی تک امداد کے منتظر ہیں۔ جمعہ 28 ستمبر کو یہ علاقہ شدید زلزلے اور سونامی سے متاثر ہوا تھا۔ اب تک ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 1407 بتائی گئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنے انڈونیشی ہم منصب کو ٹیلیفون کر کے اس تباہی افسوس اور امداد فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔

[pullquote]فرانس: ہیلی کاپٹر کے ذریعے جیل سے فرار ہونے والا ڈکیت دوبارہ گرفتار[/pullquote]

فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے نواحی علاقے ریُو کی خصوصی سکیورٹی والی جیل سے فرار ہونے والے ڈکیت رضوان فاید کو دوبارہ گرفتار لیا گیا ہے۔ پیرس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اُسے تین ماہ کی تلاش کے بعد حراست میں لیا گیا ہے۔ ایک مخبری پر پیرس کے قریبی علاقے واز میں گزشتہ شب کیے گئے ایک خصوصی آپریشن کے دوران یہ گرفتاری عمل میں آئی۔ اس آپریشن میں تقریباً ایک سو پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔ فاید کے تین ساتھی بھی پولیس نے حراست میں لیے ہیں۔ پہلی جولائی کو جیل سے فرار ہونے کے بعد فرانسیسی پولیس اُس کے مسلسل تعاقب میں تھی۔ فاید الجزائر سے مہاجرت کرنے والے والدین کی اولاد ہے۔

[pullquote]کیمیا کے نوبل پرائز کا اعلان آج ہو گا[/pullquote]

رائل سویڈش اکیڈمی برائے سائنسز آج کیمسٹری کے شعبے میں نوبل انعام کا اعلان کرے گی۔ رواں برس کے نوبل پرائز کے اعلان کا سلسلہ پیر پہلی اکتوبر سے شروع ہو چکا ہے۔ پہلا نوبل انعام میڈیسن کے شعبے میں ایک امریکی اور ایک جاپانی سائنسدان کو دیا گیا ہے۔ منگل کو فزکس کا نوبل پرائز تین سائنسدانوں کو مشترکہ طور پر دیا گیا۔ نوبل انعام برائے امن حاصل کرنے والی شخصیت کے اعلان رواں ہفتے کے اختتام پر کیا جائے گا۔ نوبل پرائز ہر سال دس دسمبر کو ایک خصوصی تقریب میں دیے جاتے ہیں۔

[pullquote]سیاسی پناہ حاصل کرنے میں ناکام ہونے والے افغان شہریوں کی واپسی[/pullquote]

جرمنی میں سیاسی پناہ حاصل کرنے میں ناکام ہونے والے افغان تارکین وطن کو ایک خصوصی پرواز کے ذریعے واپس کابل پہنچا دیا گیا ہے۔ یہ پرواز میونخ سے روانہ ہوئی تھی اور آج صبح کابل کے ہوائی اڈے پر اتری۔ اس پر بیس سے کم افغان شہری سوار تھے۔ سیاسی پناہ کے حصول میں ناکام ہونے والا یہ سترہواں گروپ ہے جسے افغانستان پہنچایا گیا ہے۔ اب تک 366 افغان تارکین وطن واپس روانہ کیے گئے ہیں۔ افغان شہریوں کی ملک بدری کا سلسلہ دسمبر سن 2016 میں شروع کیا گیا تھا۔ افغانستان کے پرخطر حالات کے تناظر میں ایسے شہریوں کی واپسی کو بعض جرمن حلقے متنازعہ خیال کرتے ہیں۔

[pullquote]مشرقی بھارتی ہسپتال میں آتشزدگی، تقریباً ڈھائی سو مریضوں کا انخلا[/pullquote]

بھارت کے ایک بڑے مشرقی شہر کولکتہ کے ایک حکومتی میڈیکل کالج اور ہسپتال کمپلیکس میں آگے لگنے کے بعد تقریباً ڈھائی سو مریضوں کو ہنگامی حالت میں محفوظ وارڈز میں منتقل کر دیا گیا۔ بھارتی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت میں لگنے والی آگ پر اب قابو پا لیا گیا ہے لیکن کئی مقامات پر سے دھواں بدستور نکل رہا ہے۔ اس ہسپتال کے ایک ڈاکٹر نے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ آگ لگنے کے اس واقعے میں عملے کا کوئی رکن یا کوئی بھی مریض زخمی یا ہلاک نہیں ہوا ہے۔ مقامی پولیس نے آگ لگنے کے محرکات جاننے کے لیے تفتیشی عمل شروع کر دیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے