ہفتہ : 06 اکتوبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کانگو میں ٹریفک حادثہ پچاس افراد ہلاک، ایک سو زخمی[/pullquote]

افریقی ملک کانگو میں ایک ٹریفک حادثے میں کم از کم پچاس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق تیل کے ٹینکر اور مسافروں کی بس میں ہونے والے حادثے میں زخمیوں کی تعداد ایک سو کے قریب ہے۔ یہ حادثہ کانگو کے وسطی علاقے سے گزرنے والی بڑی مرکزی شاہراہ پر ہوا۔ علاقائی گورنر نے ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے۔ حادثے کے بعد تیل کے ٹینکر کی وجہ سے آگ لگ گئی جس نے قریبی مکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مقامی پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔

[pullquote]اٹلی کسی صورت یونان نہیں بنے گا، اطالوی وزیر[/pullquote]

اٹلی کے نائب وزیر برائے اقتصادی ترقی مشیل جیراچی نے کہا ہے کہ ان کا ملک کسی بھی صورت میں یونان نہیں بن سکتا کیونکہ دونوں ملکوں کے معاشی و سماجی حالات بالکل مختلف ہیں۔ جیراچی نے ان خیالات کا اظہار آسٹریا کے شہر اِنزبروک میں یورپی یونین کے تجارتی وزراء کی میٹنگ میں شرکت کے دوران ڈوئچے ویلے کے ساتھ انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اٹلی مستقبل میں یورپی یونین کا بگڑا ہوا بچہ نہیں بنے گا۔ اس انٹرویو میں اطالوی نائب وزیر نے اپنے ملک کے متنازعہ خیال کیے جانے والے ملکی بجٹ کی حمایت کرتے ہوئے اِسے جائز اور درست قرار دیا۔

[pullquote]انڈونیشیا: زلزلے میں ہونے والی ہلاکتیں سولہ سو سے تجاوز[/pullquote]

انڈونیشیا کے آفتوں سے نمٹنے والے ادارے نے اٹھائیس ستمبر کے زلزلے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 1649 بتائی ہے۔ زلزلے سے تقریباً تباہ ہونے والے شہر پالو میں سے مزید لاشوں کے دستیاب ہونے کا امکان امدادی ورکروں نے ظاہر کیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ملبے تلے دبی بعض لاشوں کے گلنے سڑنے کی وجہ سے مختلف وبائیں پھیلنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ حکام نے آٹھ ایام کے بعد ملبے کے نیچے دبے افراد کے زندہ بچنے کے امکانات کو بھی انتہائی کم بتایا ہے۔ پالو سمیت دوسرے قصبوں اور دیہات میں امدادی ورکرز تلاش کا عمل جاری ہے۔ پالو انڈونیشی جزیرے سولاویسی کا ایک ساحلی شہر ہے۔

[pullquote]امریکی وزیر خارجہ نے مشرقی ایشیائی ممالک کا دورہ شروع کر دیا[/pullquote]

امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے مشرقی ایشیائی ممالک کا تین روزہ دورہ شروع کر دیا ہے۔ وہ اپنے دورے کی پہلی منزل جاپان پہنچ گئے ہیں۔ جاپانی دارالحکومت میں وہ اپنے جاپانی ہم منصب کے علاوہ وزیراعظم شینرو آبے کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔ وہ اس دورے کے دوران وہ جنوبی و شمالی کوریا اور چین بھی جائیں گے۔ شمالی کوریا میں وہ کل اتوار کو پہنچیں گے اور امکان ہے کہ وہ چئیرمین کِم جونگ اُن سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس دورے کے دوران امریکی صدر اور شمالی کویائی لیڈر کی ایک اور ملاقات کے امکان کا جائزہ بھی لیں گے۔

[pullquote]اطالوی بجٹ میں تبدیلیاں تجویز کر سکتے ہیں، ینکر[/pullquote]

یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر نے کہا ہے کہ اٹلی کے بجٹ کی پلاننگ اور اُس پر کیے جانے والے جائزے میں یونین کی مداخلت کا کوئی امکان موجود نہیں ہے۔ آسٹریا کے ایک اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے ینکر نے مزید کہا کہ بغیر کسی تعصب کے ضرورت ہوئی تو اطالوی بجٹ کے لیے مثبت تجاویز روم حکومت کو پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ روم حکومت پر منحصر ہے کہ وہ یورپی یونین کے بجٹ ٹارگٹ کے اندر رہتے ہوئے کس انداز میں اپنے ملکی بجٹ کو مرتب کرتی ہے۔ یورپی کمیشن کے صدر نے واضح کیا کہ اطالوی بجٹ کا کسی بھی صورت میں جذباتی جائزہ نہیں لیا جائے گا۔

[pullquote]بھارت امریکی پابندیوں کے باوجود ایرانی خام تیل خریدے گا، ذرائع[/pullquote]

دو بھارتی حکومتی ذرائع نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا ہے کہ نئی دہلی حکومت نومبر میں ایران سے نو ملین بیرل تیل خریدے گی۔ ان ذرائع نے ایسے اشارے بھی دیے ہیں کہ چار نومبر سے ایرانی تیل کی خرید پر لگنے والی امریکی پابندی کے باوجود بھارت اسلامی جمہوریہ سے خام تیل کی خرید کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ ایرانی آئل کارپوریشن نومبر میں چھ ملین بیرل خام تیل منگلور ریفائنری کو روانہ کرے گی جب کہ تین ملین بیرل تیل پیٹرو کیمیکل لمیٹڈ کو فراہم کیا جائے گا۔ دوسری جانب امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ امریکی صدر کی انتظامیہ بعض ممالک کو استثنیٰ دینے پر غور بھی کر رہی ہے۔
[pullquote]کرد عسکریت پسندوں کو ’ختم‘ کر دیں گے، ترک صدر[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے عراقی علاقوں سنجار اور قندیل میں موجود کرد عسکریت پسندوں کو ’ختم‘ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یہ بیان ترک فوجیوں پر ہونے والے ایک حملے کے جواب میں دیا ہے۔ رواں ہفتے کے آغاز میں ایک بم حملے کے نتیجے میں آٹھ ترک فوجی مارے گئے تھے۔ ترکی ماضی میں بھی ان عراقی علاقوں میں حملے کرتا رہا ہے۔ ترکی میں گزشتہ دو روز کے دوران کالعدم کرد تنظیم ’پی کے کے‘ کے ساتھ روابط رکھنے کے الزام میں ایک سو سینتیس افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

[pullquote]بھارت: کشمیر میں بس حادثہ، بیس مسافر ہلاک[/pullquote]

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ایک بس کھائی میں گرنے سے کم از کم بیس مسافر ہلاک اور بارہ شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق یہ حادثہ جموں و کشمیر کے رامبان نامی علاقے میں پیش آیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں ڈرائیور بھی شامل ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بائیس مسافروں کی گنجائش والی وین میں بتیس مسافر سوار تھے۔ بھارت کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے، جہاں سب سے زیادہ حادثات رونما ہوتے ہیں۔ بھارتی سڑکوں پر سالانہ اوسطاﹰ ایک لاکھ پینتیس ہزار افراد مختلف حادثات میں مارے جاتے ہیں۔

[pullquote]اسرائیل نے غزہ کے ماہی گیروں کا ’فشنگ زون‘ کم کر دیا[/pullquote]

اسرائیل نے غزہ پٹی کے ساحل پر فلسطینی ماہی گیروں کے ’فشنگ زون‘ میں مزید کمی کر دی ہے۔ اسرائیل نے یہ قدم غزہ میں اسرائیلی سرحد پر ہونے والی جھڑپوں کے جواب میں اٹھایا ہے۔ اب غزہ کے ماہی گیر ساڑھے سولہ کی بجائے صرف گیارہ کلومیٹر کے اندر اندر مچھلیاں پکڑ سکیں گے۔ انیس سو نوے کے اوسلو معاہدے کے مطابق غزہ کے ماہی گیروں کو تقریباﹰ سینتیس کلومیٹر تک مچھلیاں پکڑنے کی اجازت دی گئی تھی۔ جمعے کے روز بھی غزہ سرحد پر اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے تین فلسطینی ہلاک اور تین سو چھہتر زخمی ہوئے تھے۔

[pullquote]فرانسیسی جنگی طیاروں کا حملہ، برکینا فاسو میں 10 باغی ہلاک[/pullquote]

افریقی ملک برکینا فاسو کے شمالی علاقے میں فرانس کے جنگی طیاروں کے حملے میں دس باغی ہلاک ہوئے ہیں۔ میراج طیاروں سے یہ فضائی حملے باغیوں کے نیم فوجی دستوں پر کیے گئے ایک زوردار حملے کے جواب میں کیے گئے۔ دوسری جانب ہفتہ چھ اکتوبر کو برکینا فاسو کے مشرقی حصے میں بارودی سرنگ کے پھٹنے سے چھ سکیورٹی اہلکار کے ہلاک ہونے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔ یہ اہلکار مالی کی سرحد کے قریب گشت کر رہے تھے۔

[pullquote]اسرائیلی صدر کا بیان، ایران کی مذمت[/pullquote]

ایرانی حکومت نے اسرائیلی صدر کے اُس بیان کی شدید مذمت کی ہے، جس میں انہوں نے یورپی یونین کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ایران کے جارحانہ رویے کو روکنے کے لیے امریکی پابندیوں میں شامل ہو جائے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی ریاست کے صدر نے ایک مرتبہ پھر ایران کے خلاف دشمنی اور نفرت کا اظہار کیا ہے اور یہ یقینی طور پر قابل مذمت ہیں۔ اسرائیل کے صدر رُووین ریولِن نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ساتھ ملاقات میں یورپی یونین کے ایران کے ساتھ تجارت جاری رکھنے پر تنقید کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ایرانی عفریت کو بھوکا رکھنے کی ضرورت ہے نا کہ اُس کو خوراک فراہم کی جائے۔

[pullquote]برازیل میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات اتوار کو ہوں گے[/pullquote]

برازیل میں اتوار سات اکتوبر کو ہونے والے صدارتی الیکشن میں تیرہ امیدوار کھڑے ہیں۔ صدارتی الیکشن کا یہ پہلا مرحلہ ہے۔‍‍‍ کامیاب امیدوار کے لیے پچاس فیصد یا اِس سے زائد ووٹ حاصل کرنا لازمی ہے۔ دوسری صورت میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دو امیدواروں کے درمیان دوسرے مرحلے کا الیکشن اٹھائیس اکتوبر کو ہو گا۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق بائیں بازو کے امیدوار فرنانڈو حداد اور دائیں بازو کے یائیر بوسورانو کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ انہی جائزوں کے مطابق دوسرے مرحلے میں دائیں بازو کے امیدوار شکست سے دوچار ہو سکتے ہیں۔ انتہائی دائیں بازو کے امیدوار یائیر بوسورانو کو ایک اہم امیدوار قرار دیا گیا ہے اور وہ پہلا مرحلہ جیتنے کی پوزیشن میں ہیں۔

[pullquote]ملائیشیا: آٹھ مشتبہ عسکریت پسندوں کی گرفتاری[/pullquote]

ملائیشیائی پولیس نے آٹھ مبینہ عسکریت پسندوں کو حراست میں لینے کی تصدیق کی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار شدگان میں سات غیر ملکی اور ایک مقامی شخص شامل ہے۔ ان کو گرفتار کرنے کی وجہ انتہا پسند نظریات کی تبلیغ بتائی گئی ہے، جو ملکی سلامتی کے لیے خطرناک ہو سکتی تھی۔ ملائیشیا کی قومی پولیس کے سربراہ کے مطابق گرفتار ہونے والے انتہا پسندوں کا تعلق یمن میں قائم ایک سخت عقیدے کے اُس مدرسے سے ہے، جو غیر مسلموں کے ساتھ ساتھ اُن کے عقیدے پر عمل نہ کرنے والے مسلمانوں کے قتل کا پرچار کرتا ہے۔ پولیس سربراہ کے مطابق سات غیر ملکیوں میں پانچ کا تعلق ایک یورپی ملک سے ہے۔

[pullquote]کابل میں بم دھماکے، سلامتی کے دو اہلکار ہلاک[/pullquote]

افغان حکام نے بتایا ہے کہ دارالحکومت کابل میں ہوئے دو بم حملوں کے نتیجے میں کم از کم دو سکیورٹی اہلکار مارے گئے ہیں۔ کابل پولیس کے سربراہ کے ترجمان کے مطابق ان دھماکوں میں دیگر چھ پولیس اہلکاروں کے علاوہ تین شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق پہلا بم سڑک کنارے نصب تھا اور اُس وقت پھٹا جب وہاں سے ایک فوجی گاڑی گزری اور دوسرا بم اُس وقت پھٹا جب چھپے ہوئے عسکریت پسندوں نے فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا۔ ترجمان کے مطابق زخمیوں میں کابل پولیس کے سربراہ بھی شامل ہیں۔ کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]افغانستان میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجی کی شناخت[/pullquote]

امریکی وزارت دفاع پینٹاگون کی جانب سے افغانستان میں ہلاک ہونے والے اپنے فوجی کی شناخت ظاہر کر دی گئی ہے۔ پینٹاگون کے مطابق ہلاک ہونے والا تیئیس برس کا جیمز اے سلیپ تھا۔ اس کا تعلق شمالی کیرولینا کے شہر مورہیڈ سے تھا۔ یہ فوجی جمعرات چار اکتوبر کو شورش زدہ افغان صوبے ہلمند میں ایک بارودی ڈیوائس کے پھٹنے سے ہلاک ہوا۔ جیمز اے سلیپ کا تعلق آرمی نیشنل گارڈ کے ساٹھویں ٹروپ سے تھا۔ افغانستان میں متعین امریکی فوجی حکام اپنے فوجی کے مارے جانے کے حالات و واقعات کی تفتیش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے