پیر : 08 اکتوبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]برازیل الیکشن، سوشل لبرل پارٹی بڑی سیاسی طاقت بن گئی[/pullquote]

برازیل میں اتوار کے روز ہونے والے صدارتی انتخابات کا پہلا مرحلہ دائیں بازو سے تعلق رکھنے عوامیت پسند رہنما خائر بالسونارو نے جیت لیا ہے۔ سابق فوجی افسر بالسونارو نے ڈالے گئے ووٹوں کا 46 فیصد حاصل کیا۔ ساتھ ہی ان کی چھوٹی سی پارٹی ملک میں ایک نئی سیاسی طاقت بن کر بھی ابھری ہے۔ سوشل لبرل پارٹی نے ملکی کانگریس میں بھی بڑے پیمانے پر کامیابی حاصل کی ہے۔ بائیں بازو کی لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے امیدوار فیرنانڈو ہداد رہے، جنہیں 29 فیصد ووٹ ملے۔

[pullquote]نوبل انعام برائے معاشیات امریکی ماہرین کے نام[/pullquote]

امسالہ نوبل انعام برائے معاشیات دو امریکی ماہرین ولیم نورڈ ہاؤس اور پاؤل رومر کو دیا جائے گا۔ ماحولیاتی تبدیلیوں، ٹیکنالوجی اور اقتصادی نمو کے درمیان تعلق کے حوالے سے ان کی تحقیق کی وجہ سے انہیں اس اعزاز کا حق دار قرار دیا گیا ہے۔ سویڈش رائل اکیڈمی کے بیان میں بتایا گیا کہ نارڈ ہاؤس اور رومر کی تحقیق نے ماحولیاتی تبدیلیوں اور تکنیکی جدت کے تناظر میں پائیدار اقتصادی ترقی کو بہتر طور پر سمجھنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ پروفیسر نارڈ ہاؤس ییل ( Yale) یونیورسٹی جبکہ رومر نیو یارک کے اسٹیرن یونیورسٹی آف بزنس سے وابستہ ہیں۔

[pullquote]یوکرائن میں فوجی مشقوں کا آغاز[/pullquote]

یوکرائن نے امریکا اور مغربی دفاعی عسکری اتحاد ’نیٹو‘ کے دیگر متعدد رکن ممالک کے ساتھ عسکری مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ ملکی وزات دفاع نے بتایا کہ پیر کے دن شروع ہونے والی ان مشقوں میں ایئر فورسز بڑے پیمانے پر تربیت کریں گی۔ مغربی یوکرائن میں ہونے والی یہ مشقیں انیس اکتوبر تک جاری رہیں گی۔ امریکا، برطانیہ، ہالینڈ، پولینڈ اور رومانیہ کے سات سو کے قریب فوجی بھی ان مشقوں کا حصہ ہیں۔

[pullquote]یمن میں سعودی عسکری اتحاد کی کارروائی، چار سکیورٹی اہلکار ہلاک[/pullquote]

یمنی حکام کے مطابق بندرگاہی شہر الحدیدہ میں سعودی عسکری اتحاد کے فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم چار سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ پیر کے دن یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں کی گئی، جب متحدہ عرب امارات اور ایران نواز حوثی باغیوں کے مابین ایک جھڑپ جاری تھی۔ سن دو ہزار پندرہ میں سعودی عسکری اتحاد نے یمن میں ان باغیوں کے خلاف عسکری آپریشن شروع کیا تھا، جس کی وجہ سے اب تک کم از کم دس ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

[pullquote]کیمرون میں صدارتی امیدوار کامٹو کی جیت کا دعویٰ[/pullquote]

کیمرون میں اپوزیشن اتحاد کے صدارتی امیدوار موریس کامٹو نے جیت کا دعویٰ کر دیا ہے۔ اس افریقی ملک میں اتوار کو ہوئے الیکشن کے نتائج ابھی تک سامنے نہیں آئے ہیں۔ تاہم کامٹو نے پیر کے دن کہا کہ انہوں نے اس الیکشن میں کامیابی حاصل کر لی ہے اور صدر پال بیَا کو پرامن طریقے سے اقتدار ان کے حوالے کر دینا چاہیے۔ صدر پال بیَا ساتویں مرتبہ صدر بننے کی کوشش میں ہیں۔

[pullquote]رومانیہ: ’روایتی خاندان‘ کو بچانے کے لیے منعقد ریفرنڈم ناکام[/pullquote]

رومانیہ میں ایک عورت اور ایک مرد پر مشتمل ’روایتی خاندان‘ کو بچانے کے لیے منعقد ہونے والا عوامی ریفرنڈم ووٹ ڈالنے کی کم شرح کے باعث ناکام ہو گیا ہے۔اس دو روزہ ریفرنڈم کا انعقاد اختتام ہفتہ بروز اتوار کیا گیا تھا۔ رومانیہ کے مرکزی الیکٹورل آفس کے مطابق اٹھارہ ملین مجاز ووٹروں میں سے صرف بیس فیصد کے لگ بھگ افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جبکہ نتائج کو تسلیم کیے جانے کے لیے کم سے کم تیس فیصد ٹرن آؤٹ کا ہونا لازمی تھا۔ رومانیہ میں اس ریفرنڈم کی درخواست کرنے والے ’خاندان کے لیے مذہبی قدامت پسند اتحاد‘ نے اس کی ناکامی کا ذمہ دار حکومتی جماعتوں کو ٹھہرایا ہے۔

[pullquote]صحافی قونصلیٹ سے باہر گئے، سعودی حکومت ثبوت فراہم کرے: ترک صدر[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ ریاض حکومت کو شواہد فراہم کرنا ہوں گے کہ لاپتہ صحافی استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے سے واپس باہر گیا تھا۔ قبل ازیں ترک حکام نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی کے حوالے سے ترکی میں تعینات سعودی سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب بھی کیا۔ ترک وزارت خارجہ کے ایک اہلکار کے مطابق نائب وزیر خارجہ نے سعودی سفیر کے ساتھ ایک ملاقات میں خاشقجی کی گمشدگی کے معاملے پر ریاض حکومت کے تعاون کی اپیل کی۔ ترک حکام کا دعویٰ ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کو سعودی قونصلیٹ میں قتل کر دیا گیا ہے تاہم سعودی حکام اس کی تردید کرتے ہیں۔ خاشقجی سعودی حکومت کے ناقد تھے۔

[pullquote]ہسپانوی ڈاکٹر کو جرم کے باوجود سزا نہیں ملی[/pullquote]

بزرگ ہسپانوی ڈاکٹر نومولود بچوں کو چوری کرنے کا مجرم ثابت ہونے کے باوجود سزا سے بچ گیا ہے۔ میڈرڈ کی ایک عدالت نے پیر کو فیصلے میں کہا کہ پچاسی سالہ ڈاکٹر ایڈوآردو ویلا نے فرانکو کے دور آمریت میں نوزائیدہ بچوں کو ماؤں سے الگ کیا اور غیر قانونی طور پر دوسرے لوگوں کے حوالے کیا۔ تاہم عدالت کے مطابق اس ڈاکٹر کو قانونی طور پر مجرم قرار نہیں دیا جا سکتا کیونکہ اس کے جرائم کو بہت زیادہ وقت گزر چکا ہے۔ استغاثہ نے ویلا کے لیے گیارہ سزائے قید کی درخواست کی تھی۔

[pullquote]امریکا چین سے مذاکرات چاہتا ہے، مائیک پومپیو[/pullquote]

چین نے کہا ہے کہ امریکا کو ’باہمی تعلقات کو نقصان پہنچانے والے اعمال‘ کو نظر انداز کرنا چاہیے۔ پیر کے دن امریکی اور چینی وزرائے خارجہ کی بیجنگ میں ہونے والی ملاقات میں ’سخت جملوں‘ کا تبادلہ بھی ہوا۔ اس موقع پر چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا کہنا تھا کہ واشنگٹن حکومت نے ’تجارتی جنگ‘ شروع کرتے ہوئے باہمی اعتماد کو نقصان پہنچایا ہے۔ دوسری طرف امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکا مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ پومپیو نے قبل ازیں شمالی و جنوبی کوریا کے علاوہ جاپان کا دورہ بھی کیا تھا۔

[pullquote]ہیٹی میں زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد چودہ ہو گئی[/pullquote]

ہیٹی میں اتوار کو آنے والے زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد چودہ ہو گئی ہے۔ حکام نے پیر کے دن بتایا کہ شمالی ہیٹی میں آنے والی اس قدرتی آفت کی وجہ سے متعدد عمارتوں کو نقصان بھی پہنچا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے لیکن دور دراز علاقوں تک رسائی میں مشکلات درپیش ہیں۔ اس زلزلے کی وجہ سے ڈیڑھ سو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

[pullquote]افغان انتخابات رکوانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، طالبان[/pullquote]

طالبان عسکریت پسندوں نے دھمکی دی ہے کہ وہ افغانستان میں رواں ماہ کی 20 تاریخ کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کو رکوانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ طالبان کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں ان انتخابات کو ایک ایسی امریکی سازش قرار دیا گیا جس کا مقصد مبینہ طور پر غیر ملکی تسلط کو برقرار رکھنے کا جواز تلاش کرنا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہر اُس شخص کو نشانہ بنایا جائے گا جو ان انتخابات کو کامیاب بنانے کی کوشش کرے گا، خاص طور پر افغان سکیورٹی فورسز۔ افغان الیکشن کمیشن کےمطابق ان انتخابات کے انعقاد کے موقع پر افغان سکیورٹی فورسز کے 54 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

[pullquote]انڈونیشیا: زلزلے اور سونامی کے سبب ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر دو ہزار کے قریب پہنچ گئی[/pullquote]

انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی پر 28 ستمبر کو آنے والے زلزلوں اور سونامی کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد م‍زید بڑھ کر اب دو ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ انڈونیشی فوج کے ایک مقامی ترجمان کے مطابق اب تک 1,944 افراد کی لاشیں مل چکی ہیں۔ ترجمان نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ حکام کے مطابق پانچ ہزار کے قریب افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ اس دوہری قدرتی آفت کے نتیجے میں ملبے تلے دبے زندہ افراد کے ملنے کی امیدیں اب ختم ہوتی جا رہی ہیں۔ پالو نامی شہر میں ملبے سے ایسے افراد کی تلاش کا کام اب روک دیا گیا ہے۔

[pullquote]پومپیو کی کِم جونگ اُن سے ملاقات، جلد دوسری سربراہی ملاقات پر اتفاق[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن نے جلد ہی دونوں ممالک کے درمیان دوسری سربراہی ملاقات پر اتفاق کیا ہے۔ پومپیو نے اتوار کے روز پیونگ یانگ میں کِم جونگ اُن سے ملاقات کی۔ بعد ازاں پومپیو جنوبی کوریا میں ملکی صدر مون جے اِن سے بھی ملے، جس کے بعد ایک جنوبی کوریائی نمائندے کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا کہ صدر ٹرمپ اور کِم جونگ اُن کے درمیان ’جلد از جلد‘ ملاقات ہونا چاہیے۔ پومپیو کی ان ملاقاتوں کے دوران شمالی کوریا کی جوہری تنصیبات امریکی کنٹرول میں لینے پر بھی بات چیت ہوئی۔

[pullquote]بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم کو جیل سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا[/pullquote]

بنگلہ دیش حکومت کی طرف سے بنایا گیا ایک میڈیکل بورڈ سابق وزیر اعظم اور اپوزیشن رہنما خالدہ ضیاء کی صحت کا جائزہ لے رہا ہے۔ خالدہ ضیاء کو گرتی ہوئی طبیعت کی شکایات کے تناظر میں اختتام ہفتہ پر جیل سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کے اس پینل کے سربراہ عبدالجلیل چودھری کے مطابق 73 سالہ اپوزیشن رہنما کے طبی ریکارڈ کے مطابق انہیں ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس اور جوڑوں کی بیماری سمیت کئی ایک طبی مسائل کا سامنا ہے۔ موجودہ وزیر اعظم حسینہ واجد کی سیاسی حریف اور سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کو بدعنوانی کے الزامات میں رواں برس فروری میں پانچ برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

[pullquote]صحافی کی گمشدگی، ترکی نے سعودی سفیر کو طلب کر لیا[/pullquote]

ترک حکام نے صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی کے حوالے سے ترکی میں تعینات سعودی سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کیا ہے۔ ترک وزارت خارجہ کے ایک اہلکار کے مطابق نائب وزیر خارجہ سیدات اونال نے سعودی سفیر کے ساتھ اتوار کے روز ملاقات کی اور جمال خاشقجی کی گمشدگی کے معاملے پر ریاض حکومت کے تعاون کی اپیل کی۔ ترک حکام کا دعویٰ ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کو سعودی قونصلیٹ میں قتل کر دیا گیا ہے تاہم سعودی حکام اس کی تردید کرتے ہیں۔ خاشقجی سعودی حکومت کے ناقد تھے۔

[pullquote]جرمنی میں انسانی اسمگلنگ سے متعلق کیسز میں بڑی کمی[/pullquote]

جرمنی کے وفاقی ادارہ برائے فوجداری تحقیقات (BKA) کے مطابق ملک میں انسانی اسمگلنگ سے متعلق مشتبہ افراد اور مجرمانہ اقدامات کی تعداد 2017ء کے دوران، اس سے ایک برس قبل کے مقابلے میں ایک تہائی کم ہوئی۔ بی کے اے کے مطابق سال 2017ء کے دوران انسانی اسمگلنگ کے 2,621 کیسز رونما ہوئے جو 2016ء کے مقابلے میں 33 فیصد کم تھے۔ اس کے علاوہ اس ادارے کے تفتیش کاروں نے 2017ء کے دوران اس جرم سے متعلق 2,100 مشتبہ افراد سے تفتیش کی جو اس سے ایک برس قبل کے مقابلے میں 900 کم تھے۔

[pullquote]شامی باغیوں نے ادلب سے بھاری ہتھیار نکالنے کا کام مکمل کر لیا[/pullquote]

شامی باغی گروپ ملک کے شمال مغربی صوبہ ادلب کے اُس حصے سے بھاری ہتھیار نکالنے کا کام آج پیر کے روز مکمل کر لیا ہے جسے ترکی اور روس کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں غیر فوجی علاقہ قرار دیا گیا تھا۔ ترک نیوز ایجنسی انادولو نے اس کے علاوہ اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں دیں۔ قبل ازیں ترک حمایت یافتہ باغی اتحاد نیشنل فرنٹ فار لبریشن (NFL) نے ایک بیان میں کہا تھا کہ مذکورہ علاقے سے نکلنے کا کام ہفتے کے روز شروع ہوا تھا۔

[pullquote]مظاہروں کے باوجود بنگلہ دیش نے متنازعہ ڈیجیٹل قانون نافذ کر دیا[/pullquote]

بنگلہ دیش کے صدر نے اس متنازعہ ’ڈیجیٹل سکیورٹی ایکٹ‘ پر دستخط کر دیے ہیں جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ میڈیا کی آزادی پر قدغن لگانے کا سبب بن سکتا ہے۔ صدر عبدالحمید کے ترجمان کے مطابق ڈیجیٹل سکیورٹی بل پر صدر نے آج دستخط کیے۔ قبل ازیں پارلیمان سے منظور ہونے والے اس قانون کے مطابق حکومتی اہلکاروں کی خفیہ ریکارڈنگ یا اسمارٹ فون یا کمپیوٹر کے ذریعے ’’منفی پراپیگنڈا‘ پھیلانے والوں کو طویل قید کی سزائیں سنائی جا سکتی ہیں۔ اس قانون کے خلاف بنگلہ دیش میں سینکڑوں صحافیوں نے مظاہرے بھی کیے ہیں۔

[pullquote]طالبان نے 13 افغان سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کر دیا[/pullquote]

افغانستان کے شمالی صوبہ جوزجان میں طالبان کے ایک حملے کے نتیجے میں کم از کم 13سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ جوزجان کی صوبائی کونسل کے سربراہ عبدالحیی حیات نے پیر کے دن جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ اس حملے میں کم از کم 20 دیگر سکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ حیات کے مطابق حملہ آور نزدیکی صوبوں سرِ پُل اور فریاب سے آئے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی ایک ٹوئیٹ میں اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے ہلاکتوں کی یہی تعداد بتائی ہے۔

[pullquote]انٹرپول کے سابق سربراہ رشوت کے الزام میں زیر تفتیش، چین[/pullquote]

انٹرپول کے سابق سربراہ مینگ ہونگ وے رشوت لینے اور قانون کی خلاف ورزیوں کے الزامات کے تحت زیر تفتیش ہیں۔ یہ بات چین کی پبلک سکیورٹی کی وزارت کی طرف سے اس کی ویب سائٹ پر کہی گئی ہے۔ اتوار کے روز بین الاقوامی پولیس کے فرانس میں قائم دفتر کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ مینگ ہونگ وے نے انٹرپول کی سربراہی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ وہ ہونگ وے سے، جو چین میں پبلک سکیورٹی کے نائب وزیر بھی ہیں، ملکی قوانین کی خلاف ورزیوں سے متعلق تفتیش کر رہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے