اقوام متحدہ میں امریکا کی سفیر نکی ہیلی عہدے سے مستعفی

اقوام متحدہ میں امریکا کی سفیر نکی ہیلی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان ک استعفیٰ بھی منظور کرلیا ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کیرولینا کی سابق گورنر نکی ہیلی ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد اقوام متحدہ میں امریکا کی سفیر مقرر ہوئی تھیں اور وہ مختلف ممالک کے حوالے سے اپنے سخت مؤقف کی وجہ سے مشہور تھیں۔

رپورٹس کے مطابق نکی ہیلی کا اچانک مستعفی ہونا ٹرمپ انتظامیہ کے لیے بھی حیران کن ہے۔

مستعفی ہونے کے کچھ دیر بعد نکی ہیلی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اوول آفس میں ملاقات کی جہاں ٹرمپ نے اقوام متحدہ میں نکی ہیلی کی خدمات کو سراہا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘نکی ہیلی شاندار فرائض انجام دینے کے بعد رواں سال کے آخر میں عہدہ چھوڑ دیں گی’۔

نکی ہیلی نے مستعفی ہونے کی کوئی وجہ نہیں بتائی بلکہ انہوں نے اس تاثر کو رد کیا کہ وہ 2020 کے صدارتی انتخاب میں حصہ لینا چاہتی ہیں۔

انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘2020 میں وہ اس شخص کیلئے انتخابی مہم چلائیں گی’۔

اس موقع پر نکی ہیلی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔ ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ نکی ہیلی نے انہیں چھ ماہ قبل ہی بتادیا تھا کہ وہ کچھ وقت کام سے دور رہنا چاہتی ہیں۔

ٹرمپ نے نکی ہیلی کیلئے نیک خواہشات کر اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘مجھے امید ہے کہ مستقبل میں کسی وقت ہم دوبارہ ساتھ کام کرسکیں گے’۔

ٹرمپ نے کہا کہ نکی ہیلی نے اس عہدہ کو کافی خوشنما بنادیا ہے، ان کے متبادل کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کیا جائے گا، نکی کی جگہ لینے کیلئے کافی قابل لوگ دلچسپی رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ رواں برس اپریل میں وائٹ ہاؤس اور نکی ہیلی کے درمیان معاملات خراب ہوگئے تھے جب ٹرمپ کے ایک قریبی ساتھی نے نکی ہیلی کے حوالے سے کہا تھا کہ انہوں نے روس کے خلاف نئی پابندیوں کے اعلان میں جلد بازی سے کام لیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے