شہباز شریف کی گرفتاری: لیگی اراکین اسمبلی کا پنجاب اسمبلی گیٹ کے سامنے دھرنا

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی قومی احتساب بیورو (نیب) کے ہاتھوں گرفتاری کے معاملے پر اجلاس نہ بلائے جانے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے لیگی اراکین پنجاب اسمبلی نے اسمبلی گیٹ کے سامنے دھرنا دے دیا۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی گرفتاری کے معاملے پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس نہ بلائے جانے کے خلاف آج سہ پہر اسمبلی کی سیڑھیوں پر اجلاس بلایا گیا تھا۔

تاہم انتظامیہ کی جانب سے پنجاب اسمبلی کا مرکزی گیٹ سیمنٹ کی بوریوں اور خاردار تاروں کے ذریعے بند کردیا گیا۔

جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی نے دیواریں پھلانگ کر اسمبلی احاطے میں داخلے کی کوشش کی اور بعض اراکین رکاوٹیں عبور کرکے اسمبلی کے گیٹ تک بھی پہنچ گئے۔

بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھے لیگی اراکین اسمبلی کی جانب سے پنجاب حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔

[pullquote]شہباز شریف کی گرفتاری[/pullquote]

نیب پنجاب میں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم، صاف پانی کیس، اور اربوں روپے کے گھپلوں کی تحقیقات کر رہا ہے، جس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت دیگر نامزد ہیں۔

نیب لاہور نے 5 اکتوبر کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا، تاہم اُن کی پیشی پر انہیں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا تھا۔

آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی اور سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد پہلے ہی گرفتار کیے جاچکے ہیں اور نیب ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ شہباز شریف کو فواد حسن فواد کے بیان کے بعد گرفتار کیا گیا۔

انہیں اگلے روز لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، جس کے بعد عدالت نے شہباز شریف کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے