ہفتہ : 13 اکتوبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ملائیشیا: انور ابراہیم کی پارلیمان کی ضمنی نشست کے انتخاب میں کامیابی[/pullquote]

ملائیشیا میں پارلیمان کی ایک نشست کے لیے ہوئے ضمنی انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق اپوزیشن رہنما انور ابراہیم اکثریت سے کامیاب ہو گئے ہیں۔ اس کامیابی کو ملکی سیاست میں اُن کی واپسی قرار دیا جا رہا ہے۔ کچھ عرصہ قبل ہی ابراہیم کو قید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم مہاتیر محمد کے اقتدار میں آنے کے بعد اب ابراہیم کو ان کا سیاسی جانشین قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]امریکی سفیر سے ملاقات، طالبان نے تصدیق کر دی[/pullquote]

طالبان نے تصدیق کی ہے کہ اُس کے نمائندوں سے خصوصی امریکی سفارتکار زلمے خلیل زاد کی ملاقات ہوئی ہے۔ طالبان کے بیان کے مطابق یہ میٹنگ جمعہ بارہ اکتوبر کو عرب ریاست قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوئی تھی۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ امریکی سفارت کار پر واضح کیا گیا کہ غیر ملکی فوجوں کی افغانستان میں موجودگی امن کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ اس ملاقات کے دوران فریقین نے مزید ایسی ملاقاتیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس میٹنگ کو امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے سب سے پہلے رپورٹ کیا۔

[pullquote]خصوصی امریکی ایلچی کی طالبان کے نمائندوں سے ملاقات[/pullquote]

افغانستان کے لیے مقرر خصوصی امریکی مندوب زلمے خلیل زاد نے طالبان کے نمائندوں کے ساتھ خلیجی ریاست قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کو امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا ہے۔ گزشتہ چار ماہ کے دوران اعلیٰ امریکی اہلکاروں کی طالبان کے نمائندوں سے یہ دوسری ملاقات ہے۔ امریکی وزارت خارجہ نے اس میٹنگ کے ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے لیکن یہ ضرور کہا کہ وہ اپنے دورے کے دوران کئی اہم ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ ملاقات زلمے خلیل زاد کے اُس گیارہ روزہ دورے کے دوران ہوئی ہے، جس کے دوران وہ پاکستان سمیت کئی ممالک کے رہنماؤں سے ملے ہیں۔

[pullquote]انڈونیشی جزیرے سولاویسی میں پھر زلزلہ[/pullquote]

انڈونیشیا کے زلزلے اور سونامی سے شدید متاثر ہونے والے جزیرے سولاویسی میں آج ہفتے کے دن پھر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.6 ریکارڈ کی گئی۔ ان جھٹکوں کے بعد کسی جانی نقصان کو ابھی تک رپورٹ نہیں کیا گیا۔ انڈونیشیا کے آفتوں سے نمٹنے والے قومی ادارے کے مطابق ہفتہ تیرہ اکتوبر کے زلزلے سے سونامی کا امکان نہیں ہے۔ سولاویسی میں اٹھائیس ستمبر کو آنے والے زلزلے اور سونامی سے دو ہزار سے زائد انسان ہلاک ہوئے۔ ابھی بھی ہزاروں افراد لاپتہ ہے اور امدادی عمل جاری ہے۔ اس دوہری آفت سے پالو شہر میں شدید تباہی ہوئی۔

[pullquote]چانسلر میرکل کی سیاسی حیثیت کمزور ہوئی ہے، سابق وزیر خزانہ شوئبلے[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے قریبی ساتھی اور سابق وزیر خزانہ وولف گانگ شوئبلے نے کہا ہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران میرکل کو اپنے سیاسی موقف کے تناظر میں دھچکوں کا سامنا رہا ہے۔ جرمن پارلیمان کے ایوانِ زیریں کے سربراہ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ باویریا اور ہیسے کے ریاستی انتخابات میں بڑی تبدیلیاں وقوع پذیر ہو سکتی ہیں۔ شوئبلے کے مطابق رواں برس کرسچن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو) کی سالانہ کانگریس کے دوران انگیلا میرکل کا بطور پارٹی سربراہ منتخب کرنے کا قوی امکان ہے لیکن وہ پارٹی کی قیادت کے الیکشن میں حصہ لینے سے دستبردار بھی ہو سکتی ہیں۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق چانسلر میرکل کی سیاسی پارٹی کی مقبولیت میں کمی ہوئی ہے۔

[pullquote]خاتون امیدوار کی انتخابی ریلی پر بم حملہ، کم از کم 14 افراد ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے شمالی صوبہ تخار میں ایک خاتون پارلیمانی امیدوار کی انتخابی ریلی میں ہونے والے بم حملے میں کم از کم 14 افراد ہلاک جبکہ 30 سے زائد دیگر افراد زخمی ہیں۔ افغانستان کے شمال مشرقی صوبہ تخار کے پولیس ترجمان خلیل عسیر کے مطابق دھماکا خیز مواد ایک موٹر سائیکل پر نصب کیا گیا تھا جسے ضلع روستک میں ہونے والی اُس انتخابی ریلی کے قریب کھڑا کیا گیا تھا جس سے ایک خاتون پارلیمانی امیدوار نذیفہ یوسف بیک نے خطاب کرنا تھا۔ اس ریلی میں شرکت کے لیے کافی زیادہ لوگ جمع تھے تاہم پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکے کے وقت نذیفہ وہاں موجود نہیں تھیں اس لیے وہ محفوظ رہیں۔

[pullquote]مشرقی بھارت میں لینڈ سلائیڈنگ، ایک درجن ہلاک[/pullquote]

بھارت کے آفتوں سے نمٹنے والے ادارے کے مطابق مشرقی بھارتی شہر گجاپتی میں مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم بارہ انسانی جانیں ضائع ہو گئی ہیں۔ یہ مٹی کے تودے اُس امدادی کیمپ پر گرے جہاں سمندری طوفان تِتلی کے نتیجے میں ہونے والی موسلادھار بارش اور سیلاب کے متاثرین جمع تھے۔ لینڈ سلائیڈنگ سے گرنے والی مٹی کے نیچے چار افراد دب کر رہ گئے ہیں۔

[pullquote]خاشقجی کیس میں سعودی حکومت تعاون کرے، ترکی[/pullquote]

ترک وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی حکومت لاپتہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے کیس میں انقرہ حکومت کے ساتھ تعاون کرے۔ ہفتے کے دن لندن میں صحافیوں سے گفتگو میں مولود چاؤش اولو نے کہا کہ ترک پولیس کو استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے تک رسائی دی جائے تاکہ چھان بین کا عمل شروع کیا جا سکے۔ یہ سعودی صحافی دو اکتوبر سے لاپتہ ہیں جبکہ الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ انہیں ہلاک کیا جا چکا ہے۔

[pullquote]جرم ثابت ہوا تو سعودی عرب کو سنگین سزا دی جائے گی، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر جمال خاشقجی استنبول میں سعودی قونصل خانے میں ہلاک کیے گئے ہیں تو ریاض حکومت کو ’سخت سزا‘ دی جائے گی۔ امریکی صدر کے مطابق خاشقجی کا کیس اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ وہ ایک رپورٹر تھے۔ تاہم ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ اس معاملے کی وجہ سے سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت کے معاہدوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ دوسری طرف ترک ذرائع نے روئٹرز کو بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے واضح ہوتا ہے کہ خاشقجی کو استبول میں واقع سعودی قونصلیٹ میں ہی ہلاک کر دیا گیا تھا۔ خاشقجی کا معاملہ ترکی اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات میں بھی کشیدگی کا باعث بن سکتا ہے۔

[pullquote]جرمن دارالحکومت میں نسل پرستی کے خلاف احتجاجی مارچ[/pullquote]

جرمن دارالحکومت برلن میں آج بروز ہفتہ نسل پرستی اور اجانب دشمنی کے خلاف ایک بڑی احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ منتظمین کے مطابق اس ریلی میں تقریبا ڈیڑھ لاکھ افراد نے شرکت کی۔ اس مارچ کے شرکا نے دائیں بازو کی انتہا پسندی کو بھی مسترد کر دیا۔ مظاہرین نے کہا کہ دیواریں کھڑی کرنے کے بجائے انسانوں کے مابین پل تعمیر کیے جانا چاہییں۔ حالیہ برسوں میں اس مارچ کو اپنی نوعیت کا سب سے بڑا احتجاج قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]یمن میں سعودی حملہ ، دس شہری مارے گئے[/pullquote]

یمن میں سعودی عسکری اتحاد کی ایک فضائی کارروائی کے نتیجے میں دس شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ حملہ ہفتے کے دن الحدیدہ میں حوثی باغیوں کے ایک ٹھکانے پر کیا گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق اس کارروائی میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد بھی مارے گئے۔ سعودی عسکری اتحاد نے مارچ سن دو ہزار پندرہ میں ایران نواز باغیوں کے خلاف کارروائی شروع کی تھی، جس کی وجہ سے اب تک کم ازکم دس ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

[pullquote]ہیکرز نے امریکی محکمہ دفاع کے اہلکاروں کا ڈیٹا چوری کر لیا[/pullquote]

امریکی فوج کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ نا معلوم ہیکرز نے امریکی محکمہ دفاع کے سفری ریکارڈز چوری کر لیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ہزاروں ورکرز کا ذاتی ڈیٹا ان ہیکرز نے چوری کیا ہے۔ امریکی حکومت رواں ماہ کے آغاز میں ہتھیاروں کے بڑے نظاموں کو ہیکرز کے حملوں سے محفوظ بنانے کے لیے ناکافی اقدامات پر محکمہ دفاع کو تنقید کا نشانہ بنا چکی ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کے ایک اہلکار کے مطابق پینٹاگون کو اس ہیکنگ کے بارے میں چار اکتوبر کو معلوم ہوا تاہم یہ ہیکنگ ممکنہ طور پر کئی ماہ پہلے ہوئی تھی۔ سائبر حملہ آور امریکی محکمہ دفاع کے قریب 30 ہزار اہلکاروں کے ذاتی اور کریڈٹ کارڈ ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔

[pullquote]نسلی تعصب اور امتیازی رویے کے خلاف برلن میں مظاہرہ[/pullquote]

جرمن دارالحکومت برلن میں آج ہفتے کے روز ہزاروں افراد ایک ایسے مظاہرے میں شریک ہوئے، جس میں جرمنی کے طول و عرض میں نسلی تعصب اور امتیازی سلوک کے خلاف آواز بلند کی گئی۔ اس مظاہرے میں مہاجرین کے حقوق کے حامیوں کے ہمراہ ہم جنس پرستوں کے دوست حلقے بھی شریک ہوئے۔ اس مظاہرے کے حامیوں میں وزیر خارج ہائیکو ماس بھی شامل ہیں۔ انہوں نے فنکے نیوز پیپر گروپ کے لیے اپنے تبصرے میں اس مظاہرے کو ایک بڑا پیغام قرار دیتے ہوئے کہا کہ جرمنی کی اکثریتی آبادی برداشت اور کھلی سوچ کی حامل ہے۔

[pullquote]جمال خاشقجی کے معاملے پر امریکی صدر کا کھوج لگانے کا عزم[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ ترک شہر استنبول میں قائم سعودی قونصل خانے میں لاپتہ ہو جانے والے صحافی جمال خاشقجی کے حوالے سے حقائق اور صداقت کو ڈھونڈ نکالا جائے گا۔ ٹرمپ نے اس معاملے پر سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان سے بات کرنے کا اشارہ بھی دیا ہے۔ امریکی شہر سِنسناٹی میں رپورٹرز کے ساتھ گفتگو کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ قونصل خانے میں جو کچھ ہوا، اُس کا کھوج لگا لیا جائے گا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے شدید ناقد جمال خاشقجی دو اکتوبر کو سعودی قونصل خانے میں جانے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔

[pullquote]نیپال: پانچ کوہ پیما اور تین نیپالی گائیڈ ہلاک[/pullquote]

نیپالی حکام نے بتایا ہے کہ جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے ایک مہم کے دوران لاپتہ ہونے والے پانچ کوہ پیماؤں کی نعشیں مل گئی ہیں۔ ان کوہ پیماؤں کے ہمراہ گائیڈ کے طور پر جانے والے لاپتہ چار نیپالیوں میں سے تین بھی طوفان کی لپیٹ میں آ کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایک نیپالی گائیڈ لاپتہ ہے۔ یہ تمام لوگ گورجا ہمل پہاڑ کو سر کرنے کی کوشش میں تھے۔ کوہ پیماؤں کو جمعہ بارہ اکتوبر کی شام میں ایک شدید طوفان کا سامنا تھا۔ ایک امدادی ہیلی کاپٹر آج ہفتے کی صبح روانہ کیا گیا لیکن بکھری ہوئی لاشوں کو اٹھایا نہیں جا سکا۔ گورجا ہمل پہاڑ 7193 میٹر یا 23 ہزار 590 فٹ بلند ہے۔

[pullquote]رہائی کے بعد امریکی پادری اپنے وطن روانہ[/pullquote]

ترکی میں دو برس تک قید رہنے کے بعد امریکی پادری اینڈریو برَنسن جمعہ بارہ اکتوبر کو ایک عدالتی فیصلے کے بعد رہا کر دیے گئے تھے۔ وہ آج ہفتے کو اپنے وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔ عدالت نے امریکی پادری کو دہشت گردی سے جڑے الزامات کے تحت تین سال ایک ماہ اور پندرہ دن کی سزا سنائی تھی لیکن انہیں اسیری کے ایام کے دوران اچھے برتاؤ کی بنیاد پر رہا کر دیا گیا۔ رہائی کے بعد پادری برنسن ایک امریکی فوجی جہاز پر روانہ ہوئے۔ امریکی صدر ٹرمپ کے مطابق پادری برَنسن کا طبی معائنہ جرمنی میں مکمل کیا جائے گا۔

[pullquote]تعلیمی پالیسی کے خلاف اطالوی طلبہ کے مظاہرے[/pullquote]

اٹلی کے تقریباً پچاس مختلف شہروں میں ہزاروں طلبہ نے عوامیت پسند حکومت کے اُس فیصلے کے خلاف مظاہرے کیے، جس کے تحت تعلیم کی مد میں حکومتی اخراجات کو کم کر دیا گیا ہے۔ دارالحکومت روم میں تقریباً تین ہزار طلبہ نے وزارت تعلیم کی عمارت کے باہر احتجاج کیا۔ مختلف شہروں میں ہونے والے ان مظاہروں کے دوران طلبہ نے دو نائب وزرائے اعظم ماتیو سالوینی اور لُوئگی ڈی مائیو کے پتلوں کو بھی آگ لگائی۔ ایک مظاہرے کے لیڈر کے مطابق اگر حکومت خوفزدہ نہیں ہے تو پھر اُسے تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ روم حکومت کے نائب وزیراعظم ماتیو سالوینی نے پتلے جلانے اور شدید نعرہ بازی کو نامناسب قرار دیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے