ضمنی انتخابات کے نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری

ملک بھر کی 35 قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

قومی اسمبلی کی 11 اور صوبائی اسمبلیوں کی 24 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔

پنجاب اسمبلی کی دو نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔

پی پی 87 میانوالی سے تحریک انصاف کے ملک احمد خان بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔

پی پی 296 راجن پور سے بھی تحریک انصاف کے امیدوار اویش دریشک بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔

اویس دریشک تحریک انصاف کے امیدوار طارق دریشک کے بیٹے ہیں اور یہ نشست طارق دریشک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

میڈیا کو موصول ہونے والے پہلے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق این اے 131 میں تحریک انصاف کے ہمایوں اختر خان 309 ووٹ لیکر آگے ہیں جب کہ خواجہ سعد رفیق 139 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔

این اے 71 گجرات سے ق لیگ کے چوہدری مونس الٰہی 729 ووٹ لیکر آگے اور ن لیگ کے امیدوار عمران ظفر 230 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔

[pullquote]کس سیاستدان نے کہاں ووٹ کاسٹ کیا[/pullquote]

ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی 35 نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں سیاستدانوں اپنے اپنے حلقوں میں ووٹ کاسٹ کیے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنا ووٹ این اے 53 اسلام آباد کے پولنگ اسٹیشن موہڑہ نور اسکول بنی گالہ میں کاسٹ کیا۔ اس حلقے سے تحریک انصاف کے علی نواز اعوان امیداور ہیں۔ وزیراعظم کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور پولنگ اسٹیشن کو ووٹرز سے خالی کرالیا گیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 124 میں گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی میں اپنا ووٹ کاسٹ کرنے پہنچے تاہم اصل شناختی کارڈ نہ ہونے کے باعث وہ اپنا ووٹ کاسٹ نہ کر سکے۔

نواز شریف کی پولنگ اسٹیشن آمد کے موقع پر مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی ان کے ہمراہ پولنگ اسٹیشن کے باہر موجود تھی۔

لاہور کے اہم ترین حلقے این اے 131 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار خواجہ سعد رفیق نے بھی ووٹ کاسٹ کردیا۔

کراچی کے حلقے این اے 243 میں چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے گلشن اقبال پولنگ اسٹیشن نمبر 74 میں ووٹ کاسٹ کیا۔

کراچی سے ایم کیو ایم کے امیدوار عامر چشتی نے پولنگ اسٹیشن نمبر 111 میں ووٹ کاسٹ کیا۔

گجرات کے حلقہ این اے 69 سے مسلم لیگ (ق) کے امیدوار مونس الٰہی نے گورنمنٹ اسکول ستارہ گڑھ میں ووٹ کاسٹ کیا۔

مسلم لیگ ق کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے میونسپل ماڈل اسکول مسلم آباد میں ووٹ کاسٹ کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر نے پولنگ اسٹیشن ہائی اسکول مرغز صوابی میں ووٹ ڈالا۔

وزیردفاع پرویز خٹک نے پی کے 64 کے لیے مانکی شریف میں ووٹ کاسٹ کیا۔

[pullquote]ضمنی انتخابات: پہلی بار بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی انتخابی عمل کا حصہ بنے[/pullquote]

اسلام آباد: ضمنی انتخابات میں پہلی بار سمندر پار پاکستانی بھی انتخابی عمل کا حصہ بنے اور ووٹ کاسٹ کیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے سمندر پار پاکستانیوں کو انتخابی عمل کا حصہ بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے اور انہیں پہلے بطور ووٹر رجسٹرڈ کیا گیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی رجسٹریشن یکم ستمبر سے 17 ستمبرتک کی گئی اور وہ اپنی رجسٹریشن زائد المیعاد پاسپورٹ پر بھی کرسکتے تھے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹنگ کےوقت پاسپورٹ کی ضرورت نہیں تھی، ووٹرز کو ووٹر پاس ای میل آئی ڈی مہیا کیا گیا جس کے ذریعے انہوں نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

الیکشن حکام نے بتایا کہ سمندر پار 7364 پاکستانی بطور ووٹرز رجسٹر کیے گئے جن میں سے انٹرنیٹ کے ذریعے کل 6 ہزار 233 ووٹ کاسٹ ہوئے۔

ضمنی انتخابات میں رجسٹرڈ 84 فیصد آئی ووٹرزنے ووٹ کاسٹ کیا، قومی اسمبلی کے 5117 آئی ووٹ کاسٹ ہوئے اور صوبائی اسمبلیوں کے 1116 آئی ووٹ کاسٹ ہوئے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سمندرپار پاکستانیوں نے پاس کوڈ سے بذریعہ انٹرنیٹ اپنا ووٹ پاکستانی وقت کے مطابق ہی کاسٹ کیا۔

چیف الیکشن کمشنر کا مرکزی شکایات سیل کا دورہ

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے مرکزی شکایات سیل کا دورہ کیا جہاں انہیں ادارے کے ڈی جی آئی ٹی خضر عزیز نے بریفنگ دی۔

ڈی جی نے بتایا کہ بحرین سے پاس کوڈ سے متعلق شکایت ملی جس پر انہیں معلومات فراہم کی گئیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے