اتوار : 14 اکتوبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ترکی میں ٹرک نہر میں گر گیا، دو درجن کے قریب افراد ہلاک[/pullquote]

ترک صوبے ازمیر میں ایک ٹرک کے نہر میں گرنے کے حادثے میں کم از کم بائیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ نیوز ایجنسی انادولو کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد غیر ملکی تارکین وطن ہیں۔ ہلاک شدگان میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ٹرک رکاوٹ کو توڑتے ہوئے بیس میٹر نیچے ایک نہر میں جا گرا۔ ایک مقامی نیوز ایجنسی نے ہلاکتوں کی تعداد اٹھارہ بتائی ہے۔ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ یقینی بتایا گیا ہے۔

[pullquote]جاپانی دستور میں تبدیلی وقت کی ضرورت ہے، جاپانی وزیراعظم[/pullquote]

جاپان کے وزیراعظم شینزو آبے نے ملکی دفاع پر نظرثانی کے اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جاپان کے دستور میں تبدیلی وقت کی ضرورت ہے تا کہ ملکی افواج اپنی ملازمت پر فخر کر سکیں۔ قدامت پسند وزیراعظم ملکی دستور میں تبدیلی کا اظہار کئی مرتبہ کر چکے ہیں۔ جاپانی دستور کی شق نمبر نو جاپانی فوج کو بین الاقوامی تنازعات میں حصہ لینے یا انہیں حل کرنے کی کوششوں میں شریک ہونے سے روکتی ہے۔ وزیراعظم شینزو آبے اسی شق میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں تا کہ بوقت ضرورت ملکی دفاع کے لیے فوج کھڑی ہو سکے۔

[pullquote]سویڈن: نئی حکومت کی تشکیل مشکل ہوتی ہوئی[/pullquote]

سویڈن کی ماڈریٹ پارٹی کے سربراہ اُلف کریسٹیرسن نے نئی حکومت کی تشکیل کی کوششیں ترک کر دی ہیں۔ وہ سینٹر رائٹ سیاسی اتحاد کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ قائم مقام وزیراعظم کریسٹیرسن نے حکومت سازی میں ناکامی کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ سویڈش دستور کے مطابق ملکی پارلیمان کے اسپیکر حکومت سازی کے لیے کسی اور موزوں امیدوار کا نام تجویز کریں گے۔ موزوں امیدوار کی عدم دستیابی پر کریسٹیرسن کو حکومت قائم کرنے کا ایک اور موقع دیا جائے گا۔

[pullquote]امریکا، ایران میں حکومت کی تبدیلی چاہتا ہے، صدر روحانی[/pullquote]

ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا اُن کے ملک میں حکومت کی تبدیلی کا متمنی ہے۔ اتوار کو تہران یونیورسٹی میں تقریر کرتے ہوئے ایرانی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا نفسیاتی اور اقتصادی حربوں سے اسلامی جمہوریہ ایران کی جائز حکومت کو تبدیل کرنے کی کوشش میں ہے۔ ایرانی صدر نے یونیورسٹی کے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر تقریر کرتے ہوئے اِس امریکی پالیسی کی مذمت کی۔ یہ امر اہم ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ صدارت میں امریکا نے ایران پر نئی اقتصادی پابندیوں کے نفاذ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ ایرانی تیل کی فروخت پر پابندی چار نومبر کو عائد کی جا رہی ہے۔

[pullquote]ترکی سے رہا ہونے والے امریکی پادری کی صدر ٹرمپ سے ملاقات[/pullquote]

ترکی سے رہائی پانے والے امریکی پادری اینڈریو برَنسن نے وطن واپس پہنچ کر صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر کے اوول آفس میں ہوئی۔ اس موقع پر انہوں نے ٹرمپ کے ساتھ ایک مختصر دعائیہ عبادت میں بھی حصہ لیا۔ برَنسن دو سال کی قید کے بعد جمعہ کے روز ترک شہر ازمیر کی ایک عدالتی فیصلے کی روشنی میں رہا کیے گئے تھے۔ اُن کا مکمل طبی معائنہ جرمنی میں کیا گیا تھا اور اُس کے بعد وہ اپنے وطن ہفتہ تیرہ اکتوبر کو روانہ ہوئے تھے۔

[pullquote]افغانستان: انتخابی ریلی پر حملے کے نتیجے میں ہلاکتیں دو درجن کے قریب[/pullquote]

افغان حکام نے بتایا ہے کہ ہفتہ تیرہ اکتوبر کو شمال مشرقی صوبے تخار میں انتخابی ریلی پر ہونے والے بم حملے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر بائیس تک پہنچ گئی ہے۔ طبی ذرائع کے مطابق ابھی کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ تخار کے محکمہٴ صحت نے ہلاکتوں کی تعداد تئیس بیان کی ہے۔ یہ حملہ ایک خاتون پارلیمانی امیدوار نذیفہ یوسف بیک کی انتخابی ریلی پر کیا گیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکے کے وقت خاتون امیدوار وہاں موجود نہیں تھیں اس لیے وہ محفوظ رہیں۔ صوبہ تخار کی پولیس کے مطابق بارودی مواد ایک موٹر سائیکل پر نصب کیا گیا تھا۔

[pullquote]پرتگال: سمندری طوفان سے نظام زندگی معطل، 27 زخمی[/pullquote]

سمندری طوفان لیزلی نے یورپی ملک پرتگال میں کم از ستائیس افراد کو زخمی کر دیا ہے۔ یہ افراد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹنے اور گرنے والے درختوں کی لپیٹ میں آ کر زخمی ہوئے۔ پرتگالی ساحلی علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔ تیز رفتار ہواؤں سے کئی درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔ امدادی ورکروں نے ساٹھ افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔ تین لاکھ سے زائد افراد بغیر بجلی کے ہیں۔ اس طوفان کے زوردار جھکڑوں نے دارالحکومت لزبن اور ساحلی شہر پورٹو میں بھی کئی درختوں کو اکھاڑ کر رکھ دیا۔

[pullquote]طالبان حملوں میں دو درجن کے قریب افغان سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت[/pullquote]

دو افغان صوبوں میں کیے گئے حملوں میں کم از کم بائیس سکیورٹی اہلکار مارے گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں زابل صوبے کے ضلع میزان کا پولیس چیف بھی شامل ہے۔ یہ حملے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کے دوران فراہ اور زابل صوبوں کے علاقوں میں کیے گئے۔ مغربی صوبے فراہ کے ضلع پُشتِ رُود میں طالبان حملہ آوروں نے اکیس فوجیوں کو دو چیک پوسٹوں پر حملوں کے دوران ہلاک کیا۔ اس حملے میں طالبان اسلحے پر قبضے کے علاوہ گیارہ فوجیوں کو پکڑ کر لے بھی گئے ہیں۔ طالبان کے ترجمان نے ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے دو درجن ہلاکتیں بتائی ہیں۔

[pullquote]سعودی صحافی کی ہلاکت کی آڈیو ترکی کو دستیاب ہو گئی ہے، ترک اخبار[/pullquote]

ترک اخبار صباح کے مطابق ترک حکام کو جمال خاشقجی کے ہلاک کیے جانے کی آڈیو حاصل ہو گئی ہے۔ اخبار کے مطابق یہ آڈیو اُن کی ایپل واچ کے سگنل سے حاصل ہوئی ہے، جسے پہن کر وہ قونصل خانے میں داخل ہوئے تھے۔ رواں مہینے کی دو تاریخ کو سعودی حکومت کے سخت ناقد خاشقجی استنبول میں واقع سعودی عرب کے قونصل خانے گئے تھے اور پھر واپس نہیں آئے۔ اُن کے لاپتہ ہونے پر پراسراریت چھائی ہوئی ہے۔ گزشتہ روز ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اولو نے سعودی حکومت سے کہا ہے کہ وہ قونصل خانے کے دروازے ترک تفتیش کاروں پر کھول دے۔

[pullquote]یونان میں حادثہ، گیارہ مبینہ مہاجر ہلاک[/pullquote]

یونان کے شمالی حصے میں ایک ٹرک اور ایک کار کے درمیان ٹکر سے کم از کم گیارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ خیال ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام مہاجرین تھے اور انہیں یونان اسمگل کر کے لایا جا رہا تھا۔ پولیس نے کار میں سے گیارہ نعشوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی موٹر کار ماضی میں بھی انسانی اسمگلنگ کے لیے استعمال کی جاتی رہی ہے۔ کار یونانی شہر سالونیکی کی جانب روانہ تھی۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ کار میں ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق کن ممالک سے تھا۔

[pullquote]جرمن ریاست باویریا میں ریاستی اسمبلی کے چناؤ کی ووٹنگ[/pullquote]

جرمنی کی اہم ریاست باویریا کی نئی ریاستی اسمبلی کے لیے پولنگ شروع ہو گئی ہے۔ ان انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد تقریباً پچانوے لاکھ ہے۔ اس وفاقی ریاست میں چانسلر انگیلا میرکل کی اتحادی جماعت کرسچن سوشل یونین (CSU) حکومت سنبھالے ہوئے ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق کرسچن سوشل یونین کی ماضی میں قائم رہنے والی پارلیمانی اکثریت میں واضح کمی کا امکان ہے اور اُسے چونتیس فیصد ووٹ حاصل ہونے کا امکان ہے۔ دوسری پوزیشن ماحول دوست گرینز پارٹی کو حاصل ہے جبکہ مہاجرین مخالف سیاسی جماعت اے ایف ڈی بھی ریاستی پارلیمنٹ میں نشستیں حاصل کرسکتی ہے۔ باویریا کے الیکشن کو انگیلا میرکل کی مقبولیت کا امتحان خیال کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]ورلڈ بینک کی طرف سے انڈونیشیا کو ایک بلین امریکی ڈالر قرض کی پیشکش[/pullquote]

عالمی بینک نے انڈونیشیا کو ایک بلین امریکی ڈالر بطور قرض دینے کی پیشکش کا اعلان کیا ہے۔ اس کا مقصد اٹھائیس ستمبر کے زلزلے اور سونامی کے نتیجے میں ہونے والی تباہی سے نمٹنے کے لیے انڈونیشیا کی معاونت کرنا ہے۔ اس امداد کا فیصلہ انڈونیشی جزیرے بالی میں انٹرنیشنل مالیاتی فنڈ اور ورلڈ بینک کی سالانہ میٹنگ کے دوران کیا گیا۔ اس زلزلے میں ہونے والی ہلاکتیں دو ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں۔ سب سے زیادہ تباہی جزیرے سولاویسی کے شہر پالُو میں ہوئی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے