ضمنی الیکشن پیغام ہے آنے والا وقت کس کا ہے، نواز شریف

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن واضح پیغام ہے کہ آنے والا وقت کیسا آرہا ہے۔

نواز شریف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کے لیے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے ضمنی الیکشن میں ووٹ دینے پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے، پاکستان کے عوام کا مشکور ہوں جنہوں نے ہماری توقعات سے بڑھ کر ہمیں فتح دی۔

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ حکومت کے پہلے 50 دنوں میں ضمنی الیکشن کا اس طرح کا نتیجہ آیا ہے اور الیکشن میں ہم نے پی ٹی آئی کی سیٹیں جیتی ہیں، پارٹی قیادت پر پابندیوں کے باوجود عوام نے مسلم لیگ ن کو ووٹ ڈالا، میں جیل میں رہا، شہباز شریف جیل میں ہیں، خواجہ سعد رفیق صاحب کے ساتھ جو سلوک ہورہا ہے وہ بھی سب کو پتا ہے، مجھے اور شاہد خاقان عباسی کو غداری کے مقدمے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی ن لیگ کو کامیابیوں سے ہمکنار کررہا ہے، الحمد اللہ ہم نے پی ٹی آئی کی سیٹیں جیتی ہیں، راولپنڈی کی نشست پر بھی ہماری فتح ہی ہوئی ہے، ہماری حکومت میں چار سال تک ڈالر کی قیمت میں استحکام رہا اور ڈالر 104 روپے سے بڑھا نہیں، مہنگائی نہیں تھی اور عوام خوش و مطمئن تھے، ہم نے جانفشانی کے ساتھ اپنا فرض ادا کیا، لیکن موجودہ حکومت کے 50 دنوں میں ڈالر اور مہنگائی کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ضمنی الیکشن پیغام ہے کہ آنے والا وقت کس طرح کا آرہا ہے، اللہ کے فضل و کرم سے جلد یہ حالات بدل جائیں گے، سب ملک کی خیر کے لیے دعائیں کریں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے