قومی اسمبلی کا اجلاس: نیب کی ٹیم نے شہباز شریف کو پارلیمنٹ ہاؤس پہنچا دیا

لاہور: قومی احتساب بیورو کی ٹیم نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو پارلیمنٹ ہاؤس پہنچا دیا جہاں وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن جماعتوں کے مطالبے پر شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے جس پر انہیں نیب کی دو رکنی ٹیم نے انہیں لاہور سے بذریعہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 652 اسلام آباد پہنچایا۔

نیب نے شہباز شریف کو قومی اسمبلی کے ڈپٹی سارجنٹ آف آرمز کے حوالے کیا جب کہ ڈپٹی سارجنٹ آف آرمز نے حوالگی کے لئے دستاویزات پر دستخط کیے۔

شہباز شریف نے اپنے چیمبر میں پہنچ کر لباس تبدیل کیا اور پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ سے ملاقات بھی کی۔

ذرائع کے مطابق اگر اجلاس ایک دن سے زیادہ مدت کا ہوا تو شہباز شریف کو نیب تھانے کے حوالات میں رکھا جائے گا۔

اپوزیشن جماعتوں کی ریکوزیشن پر طلب کیے گئے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کا بھی امکان ہے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف قومی اسمبلی کے اجلاس میں تقریر کریں گے اور اس موقع پر تمام ن لیگی ارکان بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اجلاس میں شریک ہوں گے۔

یاد رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف شہباز شریف جسمانی ریمانڈ پر نیب کی حراست میں ہیں۔

نیب لاہور نے 5 اکتوبر کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا، تاہم اُن کی پیشی پر انہیں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کہہ چکے ہیں کہ اپوزیشن کی درخواست پر شہباز شریف کے معاملے پر قومی اسمبلی کا اجلاس 17 اکتوبر کو بلارہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کو شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر پر کوئی اعتراض نہیں ہے اور وہ اجلاس میں شریک ہوسکتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے