بدھ : 17 اکتوبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بریگزٹ مذاکرات کی بحالی کی کوششیں، میرکل کا انتباہ[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے خبردار کیا ہے کہ یورپ کو تیار رہنا چاہیے کہ ایسا امکان موجود ہے کہ بریگزٹ کے بارے میں برطانیہ اور یورپی یونین کے مابین کوئی ڈیل نہیں ہو سکے۔ برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے برسلز میں یورپی رہنماؤں کے سامنے بریگزٹ مذاکراتی عمل کی بحالی کی خاطر ایک نیا مسودہ پیش کریں گی۔ اس تناظر میں میرکل نے بدھ کے دن کہا کہ توقع ہے کہ اس عمل میں کامیابی مل جائے گی لیکن یورپی ممالک کو ہر صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔

[pullquote]خاشقجی کا معاملہ، امریکی اور ترک وزرائے خارجہ کی ملاقات[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بدھ کے دن اپنے ترک ہم منصب مولود چاوش اولو کے ساتھ ملاقات میں جمال خاشقجی کیس پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ یہ ملاقات ایک ایسے وقت پر ہوئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جمال کیس میں سعودی حکومت کو شک کا فائدہ دیا ہے۔ اس کیس کے حوالے سے ریاض حکومت پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔ تاہم سعودی حکومت اس کیس سے اپنی لاتعلقی کا اظہار کر رہی ہے۔

[pullquote]اشٹیفان ڈے مستورا مستعفی ہو جائیں گے[/pullquote]

شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب اشٹیفان ڈے مستورا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے بدھ کے دن صحافیون سے گفتگو میں کہا کہ وہ نومبر کے اختتام تک اس عہدے سے الگ ہو جائیں گے۔ منجھے ہوئے سفارت کار ڈے مستورا سن دو ہزار چودہ میں اس منصب پر فائز کیے گئے تھے۔ ان کے دور میں شام کے تنازعے کے حل کی خاطر کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوئی۔

[pullquote]کریمیا: بارودی مواد کے پھٹنے سے اٹھارہ ہلاکتیں[/pullquote]

جزیرہ نما کریمیا کے شہر کیرچ کے پیشہ ورانہ تربیت کے ایک کالج میں بارودی مواد کے پھٹنے سے کم از کم اٹھارہ افراد ہلاک اور پچاس دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں طَلبہ اور کالج ملازمین شامل ہیں۔ روس کی انسدادِ دہشت گردی کی کمیٹی نے اسے ایک ممکنہ دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا ہے۔ قبل ازیں ہنگامی امداد کے اہلکاروں نے ان ہلاکتوں کو گیس کنستر کے پھٹنے سے نتھی کیا تھا۔ روسی صدر پوٹن نے سکیورٹی کے متعلقہ اداروں کو اس واقعے کی مکمل تفتیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ کیرچ کی بندرگاہ مشرقی کریمیا میں واقع ہے، جس پر روس قابض ہے۔

[pullquote]انسانی اسمگلنگ کے شبے میں لندن پولیس نے آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا[/pullquote]

لندن پولیس نے ایسے آٹھ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے، جن کا تعلق رومانیہ کے انسانی اسمگلنگ کے ایک منظم گروپ سے ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں پانچ مرد اور تین خواتین شامل ہیں۔ لندن پولیس نے ان افراد سے پوچھ گچھ کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اُدھر رومانیہ میں بھی ایک خاتون اور تین مردوں کو لندن پولیس کی اطلاع پر گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مختلف چھاپوں میں چار مختلف مقامات سے انسانی اسمگلنگ سے متاثرہ تینتیس افراد کو تحویل میں لے کر ایک محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]جنسی ہراسیت کا الزام: بھارتی وزیر مملکت برائے خارجہ مستعفی[/pullquote]

بھارت کے وزیر مملکت برائے خارجہ ایم جے اکبر نے جنسی ہراسیت کے الزامات کے تناظر میں استعفیٰ دے دیا ہے۔ اکبر کے صحافتی دور میں اُن کے ساتھ کام کرنے والی پندرہ خواتین نے یہ الزامات عائد کیے ہیں۔ انہوں نے مستعفی ہوتے ہوئے ان الزامات کو ذاتی حیثیت میں چیلنج کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اکبر نے سب سے پہلے ایسا الزام عائد کرنے والی خاتون پریا رامانی پر فوجداری مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ کم از کم بیس خواتین نے ایم جے اکبر کے خلاف شہادت دینے کا بیان جاری کیا ہے۔

[pullquote]ترک صدر مالدووا پہنچ گئے[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن سابقہ سوویت یونین جمہوریہ مالدووا کے دو روزہ دورے پر دارالحکومت کیسیناؤ پہنچ گئے ہیں۔ ایردوآن اِس یورپی ملک کے ساتھ سیاسی و تجارتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ ترک صدر نے مالدووا پہنچنے کے بعد میزبان صدر ایگور دودون سے ملاقات کی ہے۔ مالدووا نے سن 2016 میں جلاوطن ترک مبلغ فتح اللہ گولن کے حامی سات اساتذہ کو بیدخل کر دیا تھا۔

[pullquote]کریمیا میں کالج میں حملہ، سترہ اسٹوڈنٹس ہلاک[/pullquote]

جزیرہ نما کریمیا میں واقع ایک ووکینشل کالج میں رونما ہوئے ایک پرتشدد واقعے کے نتیجے میں سترہ طلباء ہلاک ہو گئے ہیں۔ روسی حکام نے بتایا ہے کہ حملہ آور طالب علم تھا، جس نے اس حملے کے بعد خود کشی کر لی۔ کیرچ نامی شہر میں ہونے والے اس حملے میں چالیس کے قریب طالب علم زخمی بھی ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ کارروائی مسلح حملہ آور نے کی۔ قبل ازیں روسی میڈیا نے کہا تھا کہ یہ ہلاکتیں گیس کا سلینڈر پھٹنے کی وجہ سے ہوئیں۔

[pullquote]سعودی قونصل جنرل کی رہائش گاہ کی تلاشی[/pullquote]

ترک تفتيش کاروں نے استنبول میں سعودی قونصل جنرل کی رہائش گاہ کی تلاشی لے لی ہے۔ خبر رساں روئٹرز نے بتایا ہے کہ لاپتہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے کیس کی تفتيش کے سلسلے ميں یہ کارروائی کی گئی۔ قبل ازیں ترک حکام نے استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے کی تلاشی بھی لی تھی۔ دو اکتوبر کو لاپتہ ہونے والے جمال کا تاحال کچھ پتا نہیں چلا ہے۔ شک ہے کہ سعودی ایجنٹس نے انہیں ہلاک کر دیا تھا تاہم اس بارے میں کوئی مصدقہ اطلاع موصول نہیں ہو سکی ہے۔

[pullquote]سعودی قونصل جنرل کی رہائش گاہ کی تلاش کے لیے اجازت کا انتظار[/pullquote]

ترکی کے وزیر داخلہ سلیمان سوئلُو نے نیوز ایجنسی انادولؑو کو بتایا کہ سعودی عرب نے اُس ترک درخواست کو تسلیم کر لیا ہے، جس میں استنبول میں سعودی قونصل جنرل کی رہائش گاہ کی تلاشی کا کہا گیا تھا۔ اس مناسبت سے ابھی تک ترک حکام کو سعودی عرب کا اجازت نامہ موصول نہیں ہوا ہے۔ ترک وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ جیسے ہی سعودی اجازت دستیاب ہو گی ویسے ہی اگلی کارروائی کا آغاز کر دیا جائے گا۔ سعودی قونصل جنرل کی رہائش گاہ کی تلاشی بھی صحافی جمال خاشقجی کے لاپتہ ہونے کے سلسلے میں کی جائے گی۔

[pullquote]امریکا یورپی یونین، برطانیہ اور جاپان کے ساتھ تجارتی مذاکرات کرے گا[/pullquote]

امریکی حکام کے مطابق برطانیہ، یورپی یونین اور جاپان کے ساتھ واشنگٹن تجارتی معاملات پر ایک مرتبہ پھر بات چیت کرے گا۔ اس سلسلے میں مذاکرات کی حتمی تاریخوں کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔ امریکا کے تجارتی نمائندے رابرٹ لائٹ ہائزر نے کانگریس کو تجارتی مذاکراتی عمل شروع کرنے کے حوالے سے مطلع کیا۔ لائٹ ہائزر نے یہ بھی کہا کہ وہ لندن کے یورپی یونین چھوڑنے کے فوری بعد برطانیہ سے تجارتی معاہدہ کرنا چاہتے ہیں اور یہ یقینی طور پر سن 2019 میں ہی ممکن ہے۔ امریکا اور یورپی یونین کے ورکنگ گروپ بھی تجارتی معاملات میں ممکنہ رعایتوں پر رابطوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]مسلمان جہادیوں کی افزائش کے حالات سازگار ہیں، امریکی جنرل[/pullquote]

امریکا کے اعلیٰ ترین جنرل جوزف ڈنفورڈ نے کہا ہے کہ فوجی کامیابیوں کے باوجود عراق اور شام میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ میں شامل ہونے والے مسلمان جہادیوں کی تعداد میں اضافے کے حالات ابھی بھی سازگار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پُرتشدد انتہا پسندی کو کنٹرول کرنے کے لیے کی جانے والی کوششیں بہت کم کامیاب ہوئی ہیں۔ ڈنفورڈ کے مطابق اس صورت حال کو بہتر کرنے کے سیاسی، فوجی اور انٹیلیجنس چیلنجز بدستور موجود ہیں۔ امریکی جنرل نے ان خیالات کا اظہار انسدادِ پرتشدد انتہا پسندی کی کانفرنس میں کیا۔ اس بین الاقوامی کانفرنس میں 80 مختلف ملکوں کی افواج کے سربراہان شریک تھے۔

[pullquote]کولون میں خاتون کو مغوی بنانے کا واقعہ، معاملہ جرمن استغاثہ نے سنبھال لیا[/pullquote]

جرمنی کے وفاقی استغاثہ نے کولون شہر میں ایک خاتون کو مغوی بنانے کے معاملے کی چھان بین اور بقیہ تفتیشی عمل کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ اس معاملے کو اپنے ہاتھ میں لینے کے حوالے سے پراسیکیوٹر آفس نے کوئی تفصیل جاری نہیں کی ہے۔ کولون میں گزشتہ پیر کو ایک پچپن سالہ خاتون کو مرکزی ریلوے اسٹیشن کے ریسٹورانٹ میں ایک شخص نے زبردستی مغوی بنا لیا تھا۔ اس نے دو پٹرول بم بھی پھینکے، جن سے دو افراد زخمی ہوئے۔ پولیس کارروائی میں مغوی بنانے والا شدید زخمی ہو گیا تھا۔ جرمن دفترِ استغاثہ ملکی سلامتی کو لاحق ہونے والے خطرات اور دہشت گردی کے واقعات کی چھان بین کا ذمہ دار ہے۔

[pullquote]لاپتہ صحافی سے متعلق مکمل تفتیش سعودی عرب کرے گا، امریکی وزیر خارجہ[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے ترکی پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب سے روانگی سے قبل کہا کہ ریاض حکومت استنبول کے قونصل خانے میں لاپتہ ہونے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی سے متعلق تفتیش کو حتمی شکل یقینی طور پر دے گی۔ سعودی عرب میں قیام کے دوران پومپیو نے شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کے علاوہ وزیر خارجہ عادل الجبیر سے بھی ملاقاتیں کیں۔ وہ ترکی میں صدر رجب طیب ایردوآن سے بھی ملاقات کریں گے۔ دوسری جانب امریکی کانگریس کے سینیئر سینیٹر لنڈسے گراہم کے مطابق جمال خاشقجی کے قتل کا حکم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دیا تھا

[pullquote]افغانستان: بم دھماکے میں انتخابی امیدوار ہلاک[/pullquote]

افغان حکام کے مطابق جنوبی صوبے ہلمند میں ہوئے ایک بم دھماکے میں انتخابی امیدوار عبدالجبار قہرامان ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس دھماکے میں کم از کم آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے۔ بم دھماکے کی ذمے داری طالبان نے قبول کر لی ہے۔ دوسری جانب افغان طالبان نے اساتذہ اور طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ انتخابی عمل کا حصہ بننے سے اجتناب کریں۔ انہوں نے اسکولوں کی انتظامیہ سے بھی کہا ہے کہ وہ اپنے اسکولوں میں پولنگ اسٹیشن قائم کرنے سے انکار کر دیں۔ طالبان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ووٹنگ کے وقت پولنگ اسٹیشن والے اسکولوں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ طالبان افغانستان میں انتخابات کے انعقاد کو ناکام بنانا چاہتے ہیں۔

[pullquote]روہنگیا نسل کشی کی رپورٹ کو زیر بحث لایا جائے، سکیورٹی کونسل کے نو اراکین کا مطالبہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پندرہ میں سے نو اراکین نے مطالبہ کیا ہے کہ میانمار کی فوج کے خلاف نسل کشی کے الزامات پر مبنی رپورٹ کو زیر بحث لایا جائے۔ ان اراکین میں برطانیہ، فرانس اور امریکا کے علاوہ چھ دیگر ممالک شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کے خصوصی ماہرین نے روہنگیا مسلم اقلیت پر میانمار کی فوج کے مظالم کی تفتیش مکمل کر کے ایک رپورٹ رواں برس اگست میں جاری کی تھی۔ سفارتکاروں کے مطابق یہ قرارداد روس اور چین ویٹو کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب میانمار نے اس کی تردید کر رکھی ہے کہ روہنگیا اقلیت کے خلاف اُس کی فوج نے نسل کشی یا دیگر مظالم کا ارتکاب کیا ہے۔

[pullquote]جنوبی کوریا کا تقریباً 400 یمنی باشندوں کو مہاجرین تسلیم کرنے سے انکار[/pullquote]

جنوبی کوریا نے خانہ جنگی کے شکار ملک یمن کے تقریباً چار سو باشندوں کو مہاجرین کی حیثیت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ یہ یمنی باشدے رواں برس کے اوائل میں ویزا فری جزیرے جیجو پہنچے تھے۔ یمنی شہریوں کی آمد کے بعد جنوبی کوریا نے جیجو جزیرے میں داخلے کی شرائط بھی تبدیل کر دی ہیں۔ یمنی شہریوں کی آمد کے خلاف جنوبی کوریائی عوام میں بھی جذبات پائے جاتے ہیں۔ رائے عامہ کے ایک حالیہ جائزے میں جنوبی کوریائی عوام نے یمن سے تعلق رکھنے والے مہاجرین کو سیاسی پناہ دینے کی مخالفت کی ہے۔ سیئول حکومت نے 339 یمنی شہریوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک سال تک ملک میں قیام کی اجازت دی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے