کرپشن الزامات: سندھ کے سابق وزیر بلدیات جام خان شورو کی حفاظتی ضمانت منظور

کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد سندھ کے سابق وزیر بلدیات اور پیپلز پارٹی رہنما جام خان شورو نے حفاظتی ضمانت حاصل کرلی۔

واضح رہے کہ نیب نے آج صبح جام خان شورو کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، ان پر لوکل گورنمنٹ میں کرپشن اور غیرقانونی طور پر پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے الزامات ہیں۔

ترجمان نیب کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ جام خان شورو کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی جاچکی ہیں۔

جس کے بعد سابق صوبائی وزیر بلدیات نے حفاطتی ضمانت کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔

سندھ ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے جام خان شورو کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

دوران سماعت جام خان شورو کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیب ان کے موکل کو حراست میں لینا چاہتی ہے جبکہ انہیں جون میں کال اپ نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

نیب حکام نے بتایا کہ جام خان شورو کے خلاف کے ڈی اے پلاٹس میں کرپشن کا معاملہ ہے۔

جس پر عدالت نے نیب پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وارنٹ گرفتاری ہے تو کیا عدالت سے گرفتار کریں گے۔

دلائل سننے کے بعد عدالت عالیہ نے 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض جام خان شورو کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

واضح رہے کہ نیب نے اکتوبر 2017 میں جان خان شورو کے خلاف سرکاری زمینوں پر غیر قانونی قبضے کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

جام خان شورو حالیہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر پی ایس 62 حیدرآباد ون سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے