ابو ظہبی ٹیسٹ کا تیسرا دن: 538 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کے ایک وکٹ پر 47 رنز

ابوظہبی ٹیسٹ کا تیسرہ روز بھی پاکستان کے نام رہا اور اسے میچ میں فتح کے لیے 180 اوورز میں مزید 9 وکٹیں درکار ہیں۔

تیسرے دن کے آخری سیشن میں پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 400 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کرکے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 538 رنز کا ہدف دیا جس کے بعد دن کے اختتام تک آسٹریلیا کا اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 47 تھا۔

آسٹریلیا کو میچ جیتنے کے لیے مزید 491 رنز درکار ہیں یا شکست سے بچنے کے لیے اسے مزید 180 اوورز تک بیٹنگ کرنا ہوگی۔

آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں بیٹنگ کا آغاز ایرون فنچ اور شان مارش نے کیا لیکن دوسرے ہی اوور میں میر حمزہ نے شان مارش کو کلین بولڈ کر دیا۔

قبل ازیں پاکستان کی جانب سے بابراعظم اپنے کیرئیر کی پہلی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 99 رنز بنا کر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔ کپتان سرفراز احمد بھی 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں فخر زمان نے 66، اظہر علی نے 64، اسد شفیق نے 44، حارث سہیل نے 17 اور بلال آصف نے 15 رنز کی اننگز کھیلیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیون نے دوسری اننگز میں بھی 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ مارنس لیبوشن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں فخر زمان اور سرفراز احمد کے 94، 94 رنز کی اننگز کی بدولت 282 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں آسٹریلین ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 145 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس طرح کینگروز کا پہلی اننگز کا خسارہ 137 ہو گیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں محمد عباس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ بلال آصف نے بھی 3 شکار کیے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے