جمعرات : 18 اکتوبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سری لنکا نے چین کے ساتھ 300 ملین ڈالر کی ڈیل تبدیل کر دی[/pullquote]

سری لنکن حکومت نے چین کے ساتھ طے شدہ 300 ملین امریکی ڈالر کے مکانات تعمیر کرنے کے ٹھیکے کو تبدیل کرتے ہوئے اِسے ایک بھارتی کمپنی کو تفویض کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں کابینہ نے مکانات کی تعمیر کی ایک نئی تجویز کو منظور کرتے ہوئے اٹھائیس ہزار مکانات تعمیر کرنے کا ٹھیکا بھارتی کمپنی این ڈی انٹرپرائز کو دیا ہے۔ یہ تبدیلی وزیراعظم رانیل وکرمے سنگھے کے بھارتی دورے سے قبل سامنے آئی ہے۔ وہ انیس اکتوبر کو بھارت پہنچیں گے۔ وکرمے سنگھے بیس اکتوبر کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔ رواں برس چینی سرکاری ادارے نے سری لنکن علاقے جافنا میں 40 ہزار مکانات تعمیر کرنے کا ٹھیکا حاصل کیا تھا۔

[pullquote]افغانستان میں اعلیٰ سطحی سکیورٹی میٹنگ میں حملہ[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ میں حملے کے نتیجے میں ایک افغان سکیورٹی اہلکار اور ایک صحافی ہلاک ہو گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس میٹنگ میں اعلیٰ امریکی کمانڈر جنرل اسکاٹ ملر بھی شریک تھے۔ قندھار میں ہونے والی اس فائرنگ کے نتیجے میں تین امریکی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ طالبان نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ افغان حکام کے مطابق حملہ اس وقت کیا گیا، جب میٹنگ کے بعد شرکاء باہر نکل رہے تھے۔

[pullquote]کریمیا میں اسٹوڈنٹس کی یاد میں خصوصی تقریب[/pullquote]

جزیرہ نما کریمیا کے بندر گاہی شہر کیرچ کے باسیوں نے جمعرات کے دن ہلاک ہونے والے طلبہ کے لیے ایک یادگاری تقریب کا اہتمام کیا۔ گزشتہ روز ایک ٹین ایجر طالب علم نے ایک کالج میں فائرنگ کے کے اکیس افراد کو ہلاک کر دیا تھا، جن میں سے زیادہ تر طالب علم ہی تھے۔ پولیس کے مطابق اس کارروائی کے بعد حملہ آور نے خود کشی کر لی تھی۔ اس حملے کے بعد کیرچ میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ سن دو ہزار چودہ میں روس نے یوکرائن کے علاقے کریمیا کو اپنا حصہ بنا لیا تھا۔

[pullquote]سعودی عرب کو بچانے کی کوشش نہیں کی جا رہی، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ جمال خاشقجی کے مبینہ قتل کے معاملے میں اتحادی ملک سعودی عرب کو غیر ضروری طور پر بچانے کی کوششیں نہیں کی جا رہیں اورجلد ہی سچ سامنے آ جائے گا۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں امریکی صدر نے اس واقعے میں سعودی عرب کے ملوث ہونے کو چھپانے کو مبینہ امریکی کوششوں کی بھی تردید کی۔ انہوں نے یہ کہا کہ اس معاملے میں وزیر خارجہ مائیک پومپیو سعودی عرب اور ترکی کے دورے کی مکمل رپورٹ جمعرات اٹھارہ اکتوبر کو ملاقات کے دوران پیش کریں گے۔ ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ اس معاملے کی حقیقت اسی ویک اینڈ تک سامنے آنے کا قوی امکان ہے۔

[pullquote]افغانستان میں حملہ، غیر ملکی فوجی زخمی[/pullquote]

افغانستان میں ہوئے ایک حملے میں چیک جمہوریہ کے پانچ فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔ چیک وزارت دفاع نے جمعرات کے دن بتایا کہ بظاہر یہ ایک خود کش حملہ تھا، جو بدھ کے دن بگرام فوجی اڈے کے نزدیک ایک فوجی قافلے پر کیا گیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ ایک کار خود کش حملہ تھا، جس کا مقصد غیر ملکیوں فوجیوں کو نشانہ بنایا تھا۔ افغانستان میں دو ماہ قبل ہوئے ایک ایسے ہی حملے میں تین چیک فوجی مارے گئے تھے۔

[pullquote]صرف دفاع میں جوہری ہتھیار استعمال کیے جائیں گے، روسی صدر[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ ان کی حکومت صرف اس صورت میں ایٹمی ہتھیار استعمال کرے گی، جب دشمن میزائل حملہ کرے گا۔ روسی شہر سوچی میں صحافیوں سے گفتگو میں پوٹن نے کہا کہ وہ دفاعی طور پر ہی ان ہتھیاروں کا استعمال کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شام میں داعش کے جہادیوں نے امریکی فورسز کے زیر انتظام علاقے میں سات سو افراد کو یرغمال بنا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان میں امریکی اور یورپی باشندے بھی شامل ہیں۔ پوٹن نے الزام عائد کیا کہ امریکی حمایت یافتہ فورسز کے شامی علاقوں میں داعش مضبوط ہو رہی ہے۔

[pullquote]افغان عوام انتخابات کا بائیکاٹ کریں، طالبان[/pullquote]

افغانستان میں بیس اکتوبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کی طالبان نے مذمت کرتے ہوئے عوام سے کہا ہے کہ وہ اس کا بائیکاٹ کریں۔ طالبان نے اس الیکشن کو بین الاقوامی سازش قرار دیا۔ اس الیکشن کے انعقاد سے قبل کم از کم دس امیدوار عسکریت پسندوں کے حملوں میں ہلاک ہو چکے ہیں۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ کہنا مشکل ہے کہ دو دن بعد ہونے والے الیکشن کے لیے نو ملین رجسٹرڈ ووٹرز کتنی تعداد میں اپنے گھروں سے باہر نکل کر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ ہفتے کے روز ہونے والے انتخابات کے لیے پورے ملک میں پانچ ہزار پولنگ اسٹیشن قائم کر دیے گئے ہیں۔ پولنگ مٹیریل ان انتخابی مراکز پر پہنچانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ رائے دہی مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے شروع ہو گی۔

[pullquote]بلغاریہ کی خاتون صحافی کے مبینہ قاتل کی جرمنی سے ملک بدری[/pullquote]

بلغاریہ کی وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ ٹیلی وژن سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون صحافی وکٹوریا مارینووا کے قتل میں ملوث مبینہ ملزم کو جرمنی نے بلغاریہ کے حوالے کر دیا ہے۔ اب بلغاریہ کی عدالت میں مبینہ ملزم سیورین کراسیمیروف پر اس قتل کی فرد جرم عائد کی جائے گی۔ کراسیمیروف کو گزشتہ ہفتے کے دوران جرمن شہر ہیمبرگ میں گرفتار کیا گیا تھا اور اُس نے ایک جرمن عدالت میں اپنے جرم کا جزوی طور پر اعتراف بھی کر لیا تھا۔ مارینووا کی نعش چھ اکتوبر کو اُن کے آبائی شہر رُوس (Ruse) کے ایک پارک سی ملی تھی۔ بلغاریہ میں استغاثہ کا خیال ہے کہ تیس سالہ ٹی وی جرنلسٹ کے قتل کا اُن کے کام سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

[pullquote]شام کا نیا دستور مرتب کرنے کی ایک اور کوشش کی جائے گی، خصوصی مندوب[/pullquote]

اقوام متحدہ کے شام کے لیے مقرر کردہ خصوصی مندوب اسٹیفان ڈے مستورا نے کہا ہے کہ وہ اپنے منصب سے سبکدوش ہونے سے قبل نئے شامی دستور کو مرتب کرنے کی ایک اور کوشش کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شامی حکومت اور اپوزیشن کے اراکین کے علاوہ پچاس رکنی دستوری ٹیم میں شامی ماہرین، سول سوسائٹی کے نمائندوں، قبائلی رہنماؤں اور خواتین کو شامل کرنے پر معاہدہ ہو چکا ہے۔ اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب اگلے ہفتے کے دوران اس کمیٹی کی تشکیل پر شامی حکومتی اعتراضات کے ازالے کے لیے دمشق پہنچ رہے ہیں۔ اسٹیفان ڈے مستورا اگلے مہینے خصوصی مندوب کے منصب کو چھوڑ دیں گے۔

[pullquote]افغانستان: نیٹو قافلے پر حملہ، دو شہریوں کی ہلاکت[/pullquote]

افغان صوبے پروان کے گورنر کی خاتون ترجمان وحیدہ شاکر نے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ نیٹو کے ایک قافلے کو طالبان کے خودکش بمبار نے نشانہ بنانے کی کوشش کی اور اس حملے میں دو شہریوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ شاکر کے مطابق قافلے پر حملہ بدھ کی شام باگرام ضلع میں کیا گیا۔ نیٹو کی خاتون ترجمان نے اس حملے میں اپنے تین اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ طالبان کے ترجمان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بتایا کہ خودکش حملے میں کار کا استعمال کیا گیا تھا۔

[pullquote]چین کے ساتھ عسکری تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں، امریکی وزیر دفاع[/pullquote]

امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ فوجی نوعیت کے تعلقات میں بہتری کا امکان ہے۔ امریکی وزیر دفاع نے ایشیائی ممالک کے وزرائے دفاع کی کانفرنس کے حاشیے میں اپنے چینی ہم منصب وی فینگے سے ملاقات کے بعد یہ بات کہی۔ امریکی وزارت دفاع کے ایشیا اور پیسیفک سے متعلق پالیسی کے نگران اہلکار رینڈل جی شرائیور نے کہا ہے کہ چینی وزیر دفاع نے جیمز میٹس سے سنگا پور منعقدہ کانفرنس کے دوران ملنے کی درخواست کی تھی۔ اس امریکی اہلکار نے مزید کہا کہ اس ملاقات کے پیغام سے اندازہ لگایا گیا ہے کہ چین اب امریکا کے ساتھ فوجی تعلقات بہتر بنانے کی خواہش رکھتا ہے۔

[pullquote]کیرالا: مندر میں خواتین کی آمد کے خلاف ہندو انتہا پسندوں کی مہم[/pullquote]

ہندو انتہا پسندوں نے ریاست کیرالا کے ایک ’مقدس‘ مندر میں خواتین کے داخلے کے خلاف بارہ گھنٹے کی ہڑتال شروع کر دی ہے۔ اس ہڑتال کے دوران اہم شاہراؤں کو بند کرنے، بسوں اور کاروں کے ڈرائیوروں کو ڈرانے دھکانے کے علاوہ پتھراؤ بھی کیا گیا۔ کیرالا کی ریاستی حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر اس مندر میں خواتین کے داخل ہونے کی پابندی بدھ سترہ اکتوبر کو ختم کر دی ہے۔ انتہا پسند ہندووں نے اس فیصلے کے خلاف اپنا احتجاجی سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ ان مشتعل ہندووں نے پولیس پر بھی پتھراؤ کرنے کے ساتھ صباری مالا کے لارڈ آیاپا مندر جانے کی کوشش کرنے والی خواتین پر آوازے بھی کسے۔

[pullquote]یورپی کمیشن کی سربراہی، مانفریڈ ویبر کی حمایت کریں گے، وکٹور اوربان[/pullquote]

ہنگری کے وزیراعظم وکٹور اوربان نے کہا ہے کہ وہ یورپی کمیشن کے منصب صدارت کے لیے جرمن سیاستدان مانفریڈ ویبر کی حمایت کریں گے۔ ویبر یورپی پارلیمنٹ میں سینٹر رائٹ نظریات کی حامل سیاسی جماعت یورپی پیپلز پارٹی کے لیڈر بھی ہیں۔ اگلے برس یورپی کمیشن کے موجودہ صدر ژاں کلود ینکر کی مدت پوری ہو رہی ہے اور وہ اس منصب کو چھوڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ مانفریڈ ویبر کا تعلق باویریا کی سیاسی جماعت کرسچین سوشل یونین سے ہے اور وہ باویریا کی ریاستی اسمبلی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ دوسری جانب فن لینڈ کے سابق وزیراعظم الیگزینڈر اسٹوب بھی اس منصب کے امیدوار ہیں۔

[pullquote]یورپی سمٹ کے ایجنڈے پر مہاجرت اور سکیورٹی اہم نکات[/pullquote]

جمعرات کے روز یورپی یونین کی سمٹ کے ایجنڈے پر مہاجرت اور رکن ریاستوں کے سکیورٹی معاملات کو فوقیت حاصل رہے گی۔ اس کے علاوہ یورو زون میں اصلاحات کے معاملے پر بھی یورپی رہنما غور و خوص کریں گے۔ سترہ اکتوبر کی شام کو برطانوی وزیراعظم ٹریزا مَے نے یورپی رہنماؤں سے خطاب کیا تھا۔ انہوں نے اپنی اس تقریر میں مذاکرات اور ممکنہ بریگزٹ ڈیل کی صورت حال کو واضح کیا۔ یورپی یونین نے بریگزٹ مذاکرات کی تازہ ترین صورت حال کے تناظر میں اگلے مہینے ہونے والی خصوصی سمٹ کو منسوخ کر دیا ہے۔

[pullquote]عراق میں نئی حکومت کی تشکیل اگلے ہفتے ممکن[/pullquote]

عراق کے نامزد وزیراعظم عادل عبدل مہدی نے کہا ہے کہ وہ اپنی نئی کابینہ پارلیمانی منظوری کے لیے اگلے ہفتے کے دوران پیش کر دیں گے۔ عبدل مہدی کو نئی حکومت کی تشکیل کا فریضہ نئے عراقی صدر برہم صالح نے منصب صدارت سنبھالنے کے فوری بعد سونپا تھا۔ نامزد وزیراعظم کے پاس اوائل نومبر تک حکومت بنانے کا وقت موجود ہے۔ اس مناسبت سے اُن کے دفتر نے واضح کیا ہے کہ وہ مختلف سیاسی حلقوں کے ساتھ رابطوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے