جمعرات: 25 اکتوبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سعودی خفیہ ادارے کی قیادت میں اصلاحات، کمیٹی کا اجلاس[/pullquote]

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے آج جمعرات کے روز ایک اعلیٰ حکومتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ یہ کمیٹی سفارشات پیش کرے گی کہ سعودی انٹیلیجنس ایجنسی کی قیادت میں کس نوعیت کی اصلاحات کی جانا چاہییں۔ العربیہ ٹیلی وژن کے مطابق اجلاس میں ملکی سکیورٹی سروسز کی تشکیل نو کے موضوع پر بھی بات چیت کی گئی اور سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اسی دوران سعودی اٹارنی جنرل نے بھی ترک تفتیشی اہلکاروں کا حوالہ دیتے ہوئے تصدیق کر دی ہے کہ جمال خاشقجی کو ان کے قاتل مشتبہ سعودی اہلکاروں نے باقاعدہ منصوبہ بنا کر قتل کیا تھا۔

[pullquote]سعودی سرمایہ کاری کانفرنس: 56 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط[/pullquote]

سعودی عرب میں اسی ہفتے ہونے والی ایک بڑی سرمایہ کاری کانفرنس میں مجموعی طور پر قریب چھپن ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ یہ بات سعودی وزیر توانائی خالد الفالح نے جمعرات کو ملکی دارالحکومت ریاض میں بتائی۔ اس بین الاقوامی کانفرنس میں متعدد ممالک کے اعلیٰ نمائندوں نے حصہ لیا۔ تاہم کئی ممالک نے استنبول میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں سعودی اہلکاروں کے ملوث ہونے کی وجہ سے اس کانفرنس کا بائیکاٹ بھی کر دیا تھا۔

[pullquote]کاتالان علیحدگی پسند رہنماؤں کے خلاف مقدمے کی راہ ہموار[/pullquote]

ہسپانوی سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ کاتالونیا کے اٹھارہ علیحدگی پسند رہنماؤں کے خلاف تفتیش مکمل ہو گئی ہے۔ یوں کاتالونیا کی اسپین سے علیحدگی کی تحریک چلانے والے ان رہنماؤں کے خلاف مقدمے کی باقاعدہ سماعت کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ میڈرڈ میں ہسپانوی عدالت عظمیٰ کے مطابق ملکی دفتر استغاثہ کے پاس ایک ہفتے کا وقت ہو گا کہ وہ دو ہزار سترہ میں کاتالونیا کی اسپین سے آزادی کی غیر قانونی مہم چلانے کی وجہ سے ان شخصیات پر فرد جرم عائد کر سکے۔ مقدمے کی سماعت ممکنہ طور پر اگلے برس شروع ہو سکے گی۔

[pullquote]عمران خان اگلے ہفتے چین کا دورہ کریں گے[/pullquote]

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان آئندہ ہفتے چین کا دورہ کریں گے۔ یہ بات اسلام آباد میں وزارت خارجہ کے ترجمان نے آج جمعرات کو بتائی۔ پاکستانی معیشت کو اس وقت مالیاتی حوالے سے بہت مشکل صورت حال کا سامنا ہے۔ موجودہ حکومت آئی ایم ایف کے علاوہ دوست ممالک سے بھی قرضے یا مالی مدد حاصل کرنے کی کوششوں میں ہے۔ عمران خان نھے اسی ہفتے سعودی عرب کا دورہ بھی کیا تھا، جس نے پاکستان کو قریب چھ ارب ڈالر نقد رقوم اور تیل کی برآمدات کی شکل میں مہیا کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

[pullquote]رابرٹ ڈی نیرو کے نام بھی مشتبہ پیکٹ، تفتیش جاری[/pullquote]

امریکی شہر نیو یارک کی پولیس نے ایک ایسا مشتبہ پیکٹ برآمد کر لیا ہے، جو ہالی وُڈ کے معروف اداکار رابرٹ ڈی نیرو کے نام بھیجا گیا تھا۔ یہ مبینہ پارسل بم ڈی نیرو کے نام ان کی ملکیت ایک ایسے مہنگے ریسٹورنٹ کے پتے پر بھیجا گیا، جو مین ہیٹن میں واقع ہے۔ اس سے قبل سابق امریکی صدر باراک اوباما اور سابق وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کے نام بھی ایسے ہی پارسل بم بھیجے گئے تھے، جن کا بروقت پتہ چلا لیا گیا تھا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ان پارسل بموں کے ہدف بظاہر صدر ٹرمپ کے معروف سماجی ناقدین اور سرکردہ ڈیموکریٹ سیاستدان تھے۔

[pullquote]یورپی پارلیمان کا انسانی حقوق کا سخاروف انعام یوکرائنی فلم ساز کے لیے[/pullquote]

یورپی پارلیمان نے انسانی حقوق کا اپنا سخاروف انعام یوکرائن کے ایک فلم ساز کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یورپی پارلیمان کے قریبی ذرائع کے مطابق اولیگ سَینٹسوف (Oleg Sentsov) نامی یہ فلم ساز جیل میں قید ہیں۔ انہیں یہ پرائز دینے کا فیصلہ ان تین ممکنہ امیدواروں میں سے ایک کے طور پر کیا گیا، جنہیں اس ایوارڈ کے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا۔ باقی دو ممکنہ امیدواروں میں گیارہ مختلف امدادی تنظیموں کا ایک گروپ بھی شامل تھا۔ یہ تنظیمیںبحیرہ روم میں مہاجرین کی جانیں بچاتی ہیں۔ تیسرے ممکنہ امیدوار مراکش میں ایک عوامی احتجاجی تحریک کے ایسے سربراہ تھے، جو گزشتہ برس مئی سے جیل میں ہیں۔

[pullquote]سرد جنگ کے خاتمے کے بعد سے نیٹو کی سب سے بڑی فوجی مشقیں شروع[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے آج جمعرات سے سرد جنگ کے خاتمے کے بعد کی سب سے بڑی جنگی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ ناروے میں دو ہفتوں تک جاری رہنے والی ان مشقوں میں پچاس ہزار فوجی، دس ہزار فوجی گاڑیاں اور تین سو سے زائد جنگی طیارے، ہیلی کاپٹر اور جنگی بحری جہاز حصہ لے رہے ہیں۔ ’ٹرائیڈنٹ جَنکچر‘ نامی ان جنگی مشقوں میں جرمنی کے دس ہزار فوجی شرکت کر رہے ہیں، جو امریکا کے بعد نیٹو کے کسی رکن ملک کی طرف سے اس مقصد کے لیے ناروے بھیجے گئے فوجیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

[pullquote]ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے ایک لاکھ تیس ہزار سرکاری ملازمین برطرف[/pullquote]

ترکی میں جولائی دو ہزار سولہ میں کی گئی فوجی بغاوت کی ناکام کوشش کے بعد سے اب تک قریب ایک لاکھ تیس ہزار سرکاری ملازمین کو ان کی ملازمتوں سے برطرف کیا جا چکا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جرمن دارالحکومت برلن میں جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایسے سابق سرکاری ملازمین میں ہزارہا اساتذہ، پولیس ملازمین اور دیگر شعبوں میں کام کرنے والے اہلکار شامل ہیں۔ ایمنسٹی کے مطابق یہ سوا لاکھ سے زائد ترک باشندے ابھی تک اس انتظار میں ہیں کہ انہیں حکومت کی طرف سے یا تو زر تلافی ادا کیا جائے یا پھر ان کی ملازمتوں پر بحال کیا جائے۔

[pullquote]چینی امریکی وزرائے دفاع کی ملاقات تعمیری تھی، بیجنگ کا موقف[/pullquote]

چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے چینی وزیر دفاع وے فَینگ ہے کی ان کی امریکی ہم منصب جیمز میٹس کے ساتھ ملاقات دونوں ممالک کے مابین کئی امور پر اختلاف رائے کے باوجود تعمیری رہی تھی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے جمعرات کے روز بتایا کہ سنگاپور میں دونوں وزراء کے مابین ایک علاقائی سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر ہونے والی اس حالیہ ملاقات میں کئی اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا تھا۔

[pullquote]روسی صدر کی یورپ میں نئے امریکی راکٹوں کی تنصیب کے خلاف تنبیہ[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے یورپ میں درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے نئے امریکی راکٹوں کی ممکنہ تنصیب کے خلاف خبردار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کسی بھی اقدام کے نتیجے میں اسلحے کی ایک نئی دوڑ شروع ہو جائے گی۔ صدر پوٹن نے ماسکو میں یہ بھی کہا کہ اگر امریکا صدر ٹرمپ کے ایک حالیہ اعلان کے مطابق روس کے ساتھ آئی این ایف نامی معاہدے سے نکل گیا اور اس نے ’نیو سٹارٹ‘ نامی معاہدے کی مدت میں توسیع سے بھی انکار کر دیا، تو ایک بہت خطرناک صورت حال پیدا ہو جائے گی۔

[pullquote]جمال خاشقجی کا قتل ’انتہائی قابل مذمت‘ ہے، سعودی ولی عہد[/pullquote]

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ استنبول میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کا قتل بیزار کن اور ’انتہائی قابل مذمت‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکمل چھان بین کے بعد فتح انصاف ہی کی ہو گی۔ سعودی ولی عہد کا یہ بیان خاشقجی کے قتل سے متعلق ان کا عوامی سطح پر دیا جانے والا پہلا بیان ہے۔ ریاض میں آج جمعرات کو ختم ہونے والی ایک بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس سے اپنے خطاب میں محمد بن سلمان نے امریکا کے ان الزامات کا کوئی براہ راست جواب نہ دیا کہ سعودی عرب نے اس قتل پر پردہ ڈالنے کی بھرپور کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ تمام سعودی باشندوں کے لیے بہت تکلیف دہ ہے۔

[pullquote]جرمن وزیر اقتصادیات آج سے ترکی کے دورے پر[/pullquote]

جرمن وزیر اقتصادیات پیٹر آلٹمائر آج جمعرات سے اپنا دو روزہ دورہ ترکی شروع کر رہے ہیں۔ اس دورے کے دوران جرمن وزیر ترکی کے خزانے، تجارت، توانائی اور صنعتوں کے وزراء سے ملاقاتیں کریں گے۔ آلٹمائر یہ دورہ ایک ایسے وقت پر کر رہے ہیں، جب نیٹو کے دو رکن ممالک کے طور پر دونوں ریاستوں کے مابین تعلقات حالیہ مہینوں کے دوران کشیدگی کے بعد دوبارہ بہتر ہونا شروع ہو چکے ہیں۔ آلٹمائر کے ترکی میں مذاکرات کا ایک اہم موضوع توانائی کے شعبے میں برلن اور انقرہ کے مابین قریبی تعاون ہو گا۔

[pullquote]رومانیہ میں حکومت کے ملکی عدلیہ کے خلاف متنازعہ اقدامات جاری[/pullquote]

یورپی یونین کے رکن ملک رومانیہ میں حکومت عدلیہ کے خلاف اپنے متنازعہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ بخاریسٹ میں اس وقت ایک سوشل لبرل حکومت اقتدار میں ہے۔ لیکن یہ حکومت ملکی اینٹی کرپشن محکمے کی خاتون سربراہ لاؤرا کوویسی کو برطرف کر چکی ہے، جو بہت متنازعہ اقدام ثابت ہوا تھا۔ اب بخاریسٹ حکومت غیر تسلی بخش اور مشتبہ بنیادوں پر ملکی اٹارنی جنرل آگسٹین لازار کو بھی ان کے عہدے سے ہٹا دینا چاہتی ہے۔ وزیر انصاف ٹُوڈوریل ٹوآڈر نے کوویسی کے ساتھ مبینہ ملی بھگت کے الزام میں اب اٹارنی جنرل لازار کی برطرفی کی درخواست بھی دے دی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے