صدر مملکت عارف علوی نے بھی اسرائیلی طیارے سے متعلق خبریں بے بنیاد قرار دے دیں

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد سے متعلق رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہاہےکہ اسرائیل کے ساتھ کوئی تعلقات استوار نہیں کیے جارہے۔

صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی آج تین روزہ دورہ پر ترکی روانہ ہوئے ہیں، وہ معمول کی کمرشل پرواز سے اسلام آباد سے کراچی پھر براستہ کراچی ترکی جائیں گے۔

روانگی سے قبل ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ترکی پاکستان کا اہم دوست ملک ہے اور ترک صدر طیب اردوان کی دعوت پر ترکی جارہا ہوں، اس طرح کے دوروں سے پاک ترک تعلقات کومزید تقویت ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کئی سازشوں کے باوجود ترکی میں جمہوریت چل رہی ہے اور ترکی نے کشمیر سمیت ہر معاملے پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے تاہم پاک ترک تعلقات کی بہتری کے لیے ملاقاتیں کی جائیں گی۔

صدر عارف علوی نے اسرائیلی طیارےکی پاکستان آمد سے متعلق رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ جنہوں نے اس حوالے سے رپورٹ دی وہ خود مطمئن نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے ساتھ کوئی تعلقات استوار نہیں کیے جارہے جب کہ پاکستان ہمیشہ سے فلسطینیوں کا ساتھی رہا ہے، پاکستان کشمیر اور فلسطین میں مظالم کودنیا کے سامنے لایا۔

دوسری جانب انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ سعودی عرب ہمارا دوست ملک ہے، اس نےمشکل وقت میں مدد کی، سعودی عرب کےساتھ بڑی سرمایہ کاری کی بات ہوئی ہے۔

سعودی صحافی کے قتل سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ جمال خاشقجی کےقتل کی مکمل تحقیقات کی جانی چاہیے اور اسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔

صدر عارف علوی نے مزید کہا کہ پچھلے ادوار میں جو معاشی بحران آیا اس میں کم از کم اب سانس لینے کے قابل ہوئے ہی‍ں، ملک کومالی بحران سے نکالنے میں کچھ وقت لگے گا، وزیر اعظم عمران خان جلد چین جائیں گے اور پاک چین سرمایہ کاری سے متعلق بات چیت کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں گورنر راج کی خبروں میں صداقت نہیں ہے، سندھ کی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے، صوبے میں زرداری صاحب سے مل کر بہتری لانا چاہتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے