ہیلی کاپٹر ایلا: ایک اچھوتی اور دلچسپ کہانی

بالی وڈ جسے اب بہت سے ناقدین بھارتی فلم اندسٹری بھی کہتے ہیں، اپنے سو سال مکمل کرنے کے بعد ایک مستند ادارہ بن چکا ہے جہاں فلموں کے موضوعات اور اصناف کے حوالے سے نت نئے تجربات ہو رہے ہیں۔ انڈسٹری کے بڑے اور نامور فنکار ایسی منفرد اور اچھوتی کہانیوں پر کام کررہے ہیں جن پر کئی سالوں پہلے فلم بنانے کا خیال یا تو آتا ہی نہیں تھا یا پھر انہیں آرٹ فلم کا بے رنگ موضوع سمجھ کر چھوڑ دیا جاتا تھا۔ اس وقت ان ہی عام اور نان گلیمرس کہانیوں کو کمرشل فلم کا موضوع بنانے کی وجہ سے یہ انڈسٹری اس وقت بلاشبہ دنیا کی بہترین اور کامیاب فلم انڈسٹری میں شمار کی جاسکتی ہے۔

ان ہی فلموں میں سے حال ہی میں ریلیز ہونے والی ‘ہیلی کاپٹر ایلا’ ہے جس کا مرکزی کردار دل والے دلہنیا لے جائیں گے، کچھ کچھ ہوتا ہے اور فنا جیسی یادگار فلموں میں مرکزی کردار ادا کرنے والی بالی وڈ کی صف اول کی اداکارہ کاجول نے ادا کیا ہے۔ ہیلی کاپٹر ایلا کاجول کی پردہ سیمیں پر تین برس بعد واپسی بھی ہے۔ اجے دیوگن فلمز کی پروڈکشن میں بننے والی یہ فلم معروف گجراتی کھیل ’’بیٹا کا گدو‘‘پر مبنی ہے ۔ فلم کی ہدایات معروف ایواڈ یافتہ ہدایتکار پردیپ سرکارنے دیں ہیں۔

ہیلی کاُپٹر ایلا، ایلا (کاجول) نامی ایک ایسی عورت کی کہانی ہے جس کا غیر موافق حالات کی وجہ سے نوعمری میں گلوکارہ بننے کا خواب ادھورا رہ جاتا ہے اور پھر شادی، بیٹے کی پیدائش اور شوہر کی جدائی کی وجہ سے اس پر زندگی کی اتنی زمہ داریاں آن پڑتی ہیں کہ وہ بھول ہی جاتی ہے کہ اسے کبھی گلوکاری کی شدید خواہش تھی۔ اس کی زندگی کا محور اس کا بیٹا ویوان (ردھی سین) ہی ہے جس کا خیال رکھنے کے لیے وہ شادی کے بائیس برس بعد اپنے بیٹے کے ہی کالج میں داخلہ لے کر سب کو حیران کردیتی ہے۔ اس عمل سے ماں بیٹے کے رشتے میں پریشانیاں بھی آجاتی ہے لیکن وہاں حالات اور واقعات کچھ اس طرح کروٹ لیتے ہیں کہ ایلا کو اپنے خوابوں کی تکمیل پوری ہوتی نظر آنے لگتی ہے۔

فلم میں کردار گوکہ بہت زیادہ نہیں ہیں لیکن تمام اداکاروں نے اپنے کرداروں سے انصاف کیا ہے۔ کاجول نے ایک اٹھارہ سالہ لڑکی سے لے کر ایک بیالیس سالہ ماں کا کردار بہ خوبی نبھایا ہے۔ بنگالی اداکار ردھی سین بھی انڈسٹری میں ایک اچھااضافہ ہیں جو اپنے اسٹائل سے زیادہ اداکاری پر توجہ دیتے ہیں۔ فلم میں نیہا دھوپیا بھی ایک مختصر مگر اہم کردار میں اپنے روایتی انداز کے ساتھ فلم کی رونق بڑھا رہی ہیں۔

بالی وڈ اس مقام پر پہنچ چکا ہے جہاں اب اداکاروں کے لیے کردار لکھے جارہے ہیں۔ یہ انڈسٹری اب لو سٹوریز کی دنیا سے آگے چاچکی ہے اور ہر فلم کے لیے ایک نوعمر لڑکی اور ایک منچلا لڑکا دیکھنے کی ضرورت نہیں رہی۔ اب خواتین بھی فلم کا مرکزی کرادر ہوتی ہیں۔ ہیلی کاپٹر ایلا میں کاجول نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ محض نوے کی دہائی کی رومانوی فلموں کی کامیاب ہیروئن ہی نہیں جس کا کردار ہیرو کے مرہون منت ہوتا تھا بلکہ وہ ایک ایسی با صلاحیت اداکارہ ہیں جو تن تنہا ایک فلم کی کہانی کو کامیابی کے ساتھ لے کر چل سکتی ہیں۔

فلم کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں بالی وڈ کے میگا اسٹار اداکار امیتابھ بچن، معروف فلمساز مہیش بھٹ، گلوکار شان، الیشا چنائے، ایلا ارون اور موسیقار انوملک بھی مہمان فنکاروں کے کرداروں میں موجود ہیں۔

فلم میں موسیقی کو کافی اہمیت دی گئی ہے خاص طور پر "یادوں کی الماری” اپنی شاعری اور کمپوزیشن کی وجہ سے کافی منفرد ہے۔
فلم کا نام ہیلی کاپبٹر ایلا کیوں ہے یہ تو فلم کے مصنف ہی بتا سکتے۔ فلم نے باکس آفس پر بھی کوئی خاص بزنس نہیں کیا جس کی وجہ شاید غیرمناسب پروموشن بھی ہوسکتی ہے لیکن ہیلی کاپٹر ایلا نے فلم ناقدین کو یہ ثابت کیا ہے کہ بلا وجہ کے گلیمر اور کم بجٹ کے ساتھ بھی ایک دلچسپ فلم بنائی جاسکتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے