پیر :12 نومبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بریگزٹ ڈیل کا ابتدائی مسودہ تیار ہے، اعلیٰ یورپی مذاکرات کار[/pullquote]

یورپی یونین کے بریگزٹ معاملات سے متعلق مذاکرات کارِ اعلیٰ مشیل بارنیئر نے کہا ہے کہ برطانیہ کے ساتھ بریگزٹ ڈیل کا ابتدائی مسودہ تقریباً تیار ہے اور اسے منگل تیرہ نومبر کو برطانوی کابینہ کے سامنے پیش کر دیا جائے گا۔ قبل ازیں برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے کے ترجمان نے بتایا تھا کہ بریگزٹ سے متعلق نیا مذاکراتی دور اتوار کو شروع ہونے کے بعد شب بھر جاری رہا تھا تاہم بعض اہم مگر پیچیدہ معاملات تاحال حل طلب ہیں۔ لندن حکومت کے ایک ذریعے نے اپنا نام مخفی رکھتے ہوئے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ بدھ کے دن تک اس ڈیل کو حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔ اس صورت میں آئندہ دنوں میں یورپی یونین کی ایک غیر معمولی سمٹ بھی طلب کی جائے گی۔

[pullquote]امریکی نائب صدر جاپان میں، شمالی کوریا اور تجارت اہم موضوعات[/pullquote]

امریکی نائب صدر مائیک پینس پیر کے روز جاپانی دارالحکومت ٹوکیو پہنچ گئے۔ دو علاقائی سربراہ اجلاسوں سے قبل پینس کے اس دورے کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ امریکی نائب صدر جاپانی حکومت کے ساتھ شمالی کوریا کے جوہری اور میزائل پروگراموں کی تازہ ترین صورت حال کے علاوہ امریکا اور جاپان کے باہمی تجارتی روابط پر بھی گفتگو کریں گے۔ وہ جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے کے ساتھ ملاقات میں چین کے بڑھتے ہوئے علاقائی اثر و رسوخ پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ پینس نے حال ہی میں واضح کر دیا تھا کہ واشنگٹن جلد ہی جاپان کے ساتھ ایک نئے تجارتی سمجھوتے کے لیے مذاکرات شروع کرنے والا ہے۔

[pullquote]سری لنکا کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں آٹھ مغربی ممالک کی عدم شرکت[/pullquote]

سری لنکا کی حکومت نے ملکی پارلیمنٹ کے تحلیل کیے جانے کے تناظر میں ایک خصوصی ملاقات کا اہتمام کیا، جس میں آٹھ مغربی ممالک نے بطور احتجاج شرکت نہ کی۔ یہ میٹنگ نئے وزیر خارجہ سرتھ امونوگاما نے طلب کی تھی۔ اس میں شرکت نہ کرنے والے ممالک برطانیہ، ہالینڈ، ناروے، فرانس، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، اٹلی اور کینیڈا تھے۔ جرمنی، امریکا اور یورپی یونین نے تاہم اپنے نمائندے روانہ کیے تھے۔ امریکا اور یورپی یونین نے سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا سے مطالبہ کر رکھا ہے کہ وہ تحلیل شدہ پارلیمان کا اجلاس بلا کر عوامی نمائندوں کو نیا وزیر اعظم منتخب کرنے کا موقع دیں۔ سری لنکا کی پارلیمنٹ گزشتہ ویک اینڈ پر تحلیل کر دی گئی تھی۔

[pullquote]افغانستان: گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 100 سے زائد ہلاکتیں[/pullquote]

افغانستان کے دو صوبوں میں ہونے والی شدید جھڑپوں اور دارالحکومت کابل میں ہونے والے خودکش حملے کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ صوبہ غزنی کی صوبائی کونسل کے رکن محمد رحیم حسنی کے مطابق اس صوبے کے دو اضلاع میں طالبان کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں کے دوران 60 سے زائد کمانڈوز اور مسلح سویلین ہلاک ہوئے۔ افغانستان کے ایک اور صوبہ فراہ میں ہونے والی جھڑپوں میں مقامی پولیس کے 37 اہلکار مارے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ افغان دارالحکومت کابل میں ہونے والے ایک خودکش حملے میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

[pullquote]یوگنڈا: اسکول میں آگ لگنے سے نو بچے ہلاک، 40 زخمی[/pullquote]

افریقی ملک یوگنڈا میں ایک اسکول میں آگ لگنے کے سبب نو بچے ہلاک جبکہ 40 دیگر زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق جنوب مغربی یوگنڈا کے ایک ضلع راکائی کے گاؤں مانیا کے اسکول میں ناراض طلبہ نے مبینہ طور پر اسکول کے ہاسٹل میں آگ لگائی۔ پولیس ترجمان ایمیلیو کے ئیما کے بقول مشتبہ طلبہ کو حال ہی میں سینٹ برنارڈ نامی اسکول سے نکالا گیا تھا۔ علاقائی پولیس کمانڈر کے مطابق چار طلبہ اور ایک وارڈن کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ہلاک و زخمی ہونے والے تمام طلبہ کی عمریں 15 اور 16 برس کے درمیان ہیں۔

[pullquote]کابل میں پولیس چیک پوسٹ کے قریب خودکش دھماکا، ہلاکتوں کا اندیشہ[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل کے مرکزی حصے میں ایک پولیس چیک پوسٹ کے قریب ایک خودکش بم دھماکا ہوا ہے۔ افغان وزارت دفاع کے ایک سینیئر اہلکار کے مطابق حملہ آور پیدل وہاں آیا اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ کابل پولیس کے ترجمان بصیر مجاہد کے مطابق جس جگہ یہ دھماکا ہوا وہاں طالبان کے حملوں کے خلاف مظاہرہ ہو رہا تھا۔ مجاہد کے مطابق وہ دھماکے کی جگہ کے قریب ہی موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے چار لاشوں کو وہاں سے نکالا تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا قوی امکان ہے۔ سکیورٹی اور انتظامی ادارے امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]بنگلہ دیش کے انتخابات میں تاخیر کا اعلان[/pullquote]

بنگلہ دیشی حکام نے آئندہ ماہ ہونے والے عام انتخابات میں ایک ہفتہ تاخیر کا اعلان کیا ہے۔ بنگلہ دیشی الیکشن کمیشن کے ترجمان ایس ایم اسد الزمان کے بقول یہ تاخیر اپوزیشن اتحاد کی درخواست پر کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ انتخابات اب 23 دسمبر کی بجائے 30 دسمبر کو کرائے جائیں گے۔ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی BNP کی طرف سے گزشتہ ہفتے انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد احتجاج کیا گیا تھا کہ انتخابات کی تیاری کے لیے دیا گیا وقت نا کافی ہے۔ بی این پی کا مطالبہ تھا کہ انتخابات کی تاریخ میں کم از کم ایک ماہ کا اضافہ کیا جائے۔ بی این پی کی سربراہ خالدہ ضیاء بدعنوانی کے الزامات کے تحت جیل میں ہیں۔

[pullquote]تیل کی پیدوار میں یومیہ ایک ملین بیرل کی کمی کی جائے، سعودی وزیر توانائی[/pullquote]

سعودی عرب کے وزیر توانائی نے کہا ہے کہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کو خام تیل کی پیداوار میں یومیہ ایک ملین بیرل کی کمی متعارف کرانی چاہیے۔ انہوں نے یہ بات خام تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کے تناظر میں کہی۔ تیل کی بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران 20 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔ ابو ظہبی میں ایک کانفرنس کے دوران سعودی وزیر توانائی خالد الفلیح کا کہنا تھا کہ صورتحال کے تیکنیکی جائزے کے بعد ضرورت اس امر کی ہے کہ تیل کی پیداوار میں کمی لائی جائے تاکہ مارکیٹ میں توازن قائم ہو سکے۔

[pullquote]ایرانی تیل کے ٹینکرز کا تحفظ کیا جائے گا، ایرانی فوج[/pullquote]

ایرانی مسلح افواج نے کہا ہے کہ ایرانی تیل کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والے بحری جہازوں کا کسی بھی خطرے کے خلاف تحفظ کیا جائے گا۔ ایرانی فوج کی طرف سے یہ بیان اس امریکی بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ایرانی جہاز ’تیرتی ہوئی ذمہ داری‘ ہیں اور بندرگاہوں کو متنبہ کیا گیا تھا کہ وہ ایرانی آئل ٹینکرز کو لنگر انداز نہ ہونے دیں۔ امریکا نے گزشتہ ماہ ایرانی تیل کی فروخت اور بینکنگ سیکٹر پر پابندیاں بحال کر دی تھیں۔ ایرانی فوج کے نائب سربراہ ریئر ایڈمرل محمد موساوی کے مطابق ایرانی مسلح افواج ماضی کی طرح اب بھی اپنے آئل ٹینکرز کو درپيش کسی بھی خطرے کے خلاف تحفظ کے لیے تیار ہیں۔

[pullquote]امریکا خاشقجی کے قتل میں ملوث ہر ایک شخص کو ذمہ دار ٹھہرائے گا، پومپیو[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ایک بار پھر یہ باور کرایا ہے کہ امریکا صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث ہر شخص کو ذمہ دار ٹھہرائے گا۔ اپنی ٹیلیفون کال کے دوران پومپیو نے سعودی ولی عہد سے کہا کہ سعودی عرب کو بھی ایسا ہی کرنا چاہیے۔ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی خاتون ترجمان ہیتھر نوئرٹ کے مطابق پومپیو نے اس موقع پر یمنی جنگ کے خاتمے اور اقوام متحدہ کے تعاون سے ہونے والے امن مذاکرات کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔

[pullquote]غزہ میں جھڑپیں، سات فلسطینی اور ایک اسرائیلی فوجی افسر ہلاک[/pullquote]

اسرائیلی فوج کے مطابق غزہ پٹی کے جنوب مشرقی حصے میں ایک فوجی آپریشن کے دوران اسرائیلی فوج کا ایک افسر ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب غزہ پٹی میں ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں سات فلسطینی بھی مارے گئے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق غزہ پٹی میں کیا جانے والا آپریشن ختم ہو گیا ہے۔ قبل ازیں حماس کے عسکری ونگ قسام بریگیڈ کی طرف سے بتایا گیا کہ ایک سویلین گاڑی میں سوار ہو کر آنے والے اسرائیلی خفیہ فورس کے اہلکاروں نے خان یونس کے علاقے میں اس کے ایک مقامی کمانڈر نورالدین براکا کو اتوار کے روز فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

[pullquote]یمنی شہر الحدیدہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 149 ہلاکتیں[/pullquote]

یمنی بندرگاہی شہر الحدیدہ میں حکومتی اتحادی فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 149 افراد ہلاک ہو گئے ہيں۔ فوجی ذرائع کے مطابق مرنے والوں میں سات عام شہری بھی شامل ہیں تاہم اس بارے میں مزید کوئی تفصیل نہیں دی گئی۔ الحدیدہ کے طبی ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہونے والی جھڑپوں میں 110 حوثی باغی جبکہ یمنی حکومت کی فورسز کے 32 اہلکار مارے گئے۔ فوجی ذرائع کے مطابق سعودی سربراہی میں قائم اتحاد نے حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر متعدد فضائی حملے کیے۔

[pullquote]جاپانی جزیرے اوکی ناوا کے قریب امریکی جنگی جہاز گر کر تباہ[/pullquote]

امریکی بحریہ کا ایک لڑاکا طیارہ جاپانی جزیرے اوکی ناوا کے قریب سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ جاپانی وزارت دفاع کے مطابق اس طیارے کے عملے کو بحفاظت بچا لیا گیا۔ اوکی ناوا کے ادارہ برائے دفاع کے ترجمان اوسامو کوساکائی کے بقول یہ لڑاکا طیارہ انجن میں خرابی کے سبب گر کر تباہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ طیارے پر سوار دونوں پائلٹ بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب رہے جنہیں بعد میں ایک امریکی ہیلی کاپٹر نے سمندر سے نکالا۔

[pullquote]یوکرائن میں باغیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں انتخابات، میرکل اور ماکروں کی مذمت[/pullquote]

یوکرائن کے مشرقی حصے میں روس نواز باغیوں کے کنٹرول والے علاقوں لوہانسک اور ڈونیٹسک میں اتوار کے روز انتخابات منعقد کرائے گئے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے ان انتخابات کی مذمت کرتے ہوئے انہیں ’غیر قانونی اور نا جائز‘ قرار دیا۔ اتوار کے روز یوکرائنی صدر پیٹرو پورو شینکو کے ساتھ ملاقات کے بعد ان رہنماؤں نے ان ’نام نہاد انتخابات‘ کو یوکرائن کی علاقائی سلامتی اور حاکمیت کو کمزور کرنے کی کوشش قرار دیا۔ میرکل اور ماکروں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ 2015ء میں طے پانے والے منسک معاہدے کا احترام کریں۔

[pullquote]ہورسٹ زی ہوفر نے سی ایس یو کی سربراہی سے مستعفی ہونے کی خواہش کا اظہار کر دیا[/pullquote]

جرمنی کی کوليشن حکومت میں شامل اور میرکل کی اتحادی جماعت سی ایس یو کے سربراہ ہورسٹ زی ہوفر نے پارٹی کی سربراہی چھوڑنے کی خواہش کا اعلان کیا ہے۔ جرمن میڈیا نے سی ایس یو کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ زی ہوفر نے یہ بات میونخ میں ہونے والی پارٹی میٹنگ میں کہی تاہم وہ رواں ہفتے اس بارے میں باقاعدہ بیان جاری کریں گے۔ سی ایس یو کی ایک خصوصی پارٹی کانگریس 2019ء کے آغاز میں بلائی گئی ہے جس میں انتخابات کرائے جائیں گے۔

[pullquote]شہزادہ محمد بن سلمان کی برطانوی خصوصی نمائندے سے ملاقات[/pullquote]

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے کے خصوصی نمائندے سائمن میکڈونلڈ سے ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات ایک ایسے موقع پر ہوئی ہے جب برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے کہا ہے کہ وہ یمنی جنگ کے خاتمے کے لیے پیر کے روز سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔ ہنٹ کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ سعودی رہنماؤں پر زور دیں گے کہ وہ صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی تحقیقات میں تعاون کریں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے