طاہر دواڑ قتل: جے آئی ٹی کا قتل کی ازسر نو تحقیقات کا فیصلہ

اسلام آباد: طاہر داوڑ قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے قتل کی از سرنو تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن گلفام ناصر کی سربراہی میں ایس پی طاہر داوڑ قتل کیس کی تحقیقات کے لیے قائم 7 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا پہلا اجلاس ہوا جس میں ٹیم نے قتل کی از سرنو تحقیقات کا فیصلہ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ جے آئی ٹی نے طاہر داوڑ کے بھائی اور اہلخانہ کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں اس بات کی تحقیقات کی جائے گی کہ مقتول پولیس افسر کے گھر کون کون آتا تھا۔

ذرائع کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے جیو فینسنگ اور مختلف مقامات پر نصب سیف سٹی کے کیمروں کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے جب کہ اسلام آباد کے علاقے جی الیون اور ایف ٹین سمیت شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی فوٹیجز بھی طلب کی گئی ہیں۔

واضح رہےکہ خیبرپختونخوا کے ایس پی طاہر داوڑ اسلام آباد کے علاقے جی ٹین سے 26 اکتوبر کو لاپتہ ہوئے جن کی لاش دو روز قبل افغانستان کے صوبہ ننگرہا ر سے ملی اور دفتر خارجہ نے بھی ان کی شہادت کی تصدیق کی۔

چیف کمشنر اسلام آباد نے تحقیقات کے لیے جےآئی ٹی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس نے 45 دنوں میں رپورٹ جمع کرانی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے