وزیراعظم عمران خان کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تنقید کا بھرپور جواب

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان پر تنقید کا بھرپور جواب دیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹر بیان میں امریکی صدر کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ کو پاکستان سے متعلق ریکارڈ درست کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نائن الیون حملوں میں کوئی پاکستانی ملوث نہیں تھا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف امریکا کی جنگ میں ساتھ دیا اور 75 ہزار جانیں قربان کیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی معیشت کو 123 ارب ڈالرز سے زائد کا نقصان ہوا اور امریکا نے صرف 20 ارب ڈالرز امداد دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے قبائلی علاقے تباہ ہوئے اور لاکھوں لوگوں کو اپنے گھروں سے محروم ہونا پڑا، اس جنگ کے تباہ کن اثرات عام پاکستانی پر پڑے اس کے باوجود پاکستان نے زمینی اور فضائی راستے فراہم کیے۔

وزیراعظم نے امریکی صدر سے سوال کیا کہ ‘ کیا ان کے کسی اور اتحادی نے اس طرح کی قربانیاں دیں’۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانے کے بجائے امریکا اپنی ناکامیوں کا جائزہ لے، ایک لاکھ 40 ہزار نیٹو افواج، ڈھائی لاکھ افغان فوج اور ایک ٹریلین ڈالر خرچ کرنے کے باوجود طالبان پہلے سے زیادہ مضبوط ہوچکے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوکس نیوز کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ ہم پاکستان کو سالانہ ایک ارب 30 کروڑ ڈالر سے زیادہ دیتے تھے لیکن اس نے ہمارے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے