منگل : 20 نومبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]خاشقجی قتل میں ولی عہد ملوث نہیں، سعودی وزیرخارجہ[/pullquote]

سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے ان اطلاعات کو مسترد کر دیا ہے، جن میں کہا جا رہا ہے کہ جلاوطن صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے احکامات ولی عہد محمد بن سلمان نے دیے تھے۔ منگل کے روز شائع عرب اخبار الشرق الوسط میں شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں الجبیر نے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان پر عائد کیے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں۔ اس سے قبل امریکی میڈیا پر نشر ہونے والی رپورٹوں میں کہا گیا تھا کہ اس سلسلے میں سی آئی کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جمال خاشقجی کے قتل کے احکامات سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دیے تھے۔

[pullquote]شکاگو کے ایک ہسپتال میں فائرنگ، کم از کم چار افراد ہلاک[/pullquote]

امریکی شہر شکاگو میں ایک مسلح شخص نے ایک ہسپتال کے باہر فائرنگ کر کے ایک ڈاکٹر سمیت کم از کم چار افراد کو ہلاک کر دیا۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں ایک فارماسوٹیکل اسسٹنٹ بھی ہلاک ہو گیا، جب کہ مسلح کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار بھی مارا گیا۔ مقامی پولیس افسر ایڈی جانسن نے بتایا کہ یہ واقعہ ممکنہ طور پر گھریلو تشدد سے متعلق تھا۔ پولیس کے مطابق یہ مسلح شخص ہلاک ہونے والی ڈاکٹر کا سابقہ منگیتر تھا۔

[pullquote]کشمیر میں جھڑپ، ایک فوجی کمانڈو اور چار مسلح علیحدگی پسند ہلاک[/pullquote]

بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں سکیورٹی فورسز اور مسلح علیحدگی پسندوں کے درمیان ایک جھڑپ میں ایک فوجی کمانڈو سمیت چار باغی ہلاک ہو گئے ہیں۔ فوجی ترجمان کرنل راجیش کالیا نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر فوج نے چھاپا مارا تو ان کی جانب سے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کر دی گئی۔ اس کے بعد مقامی افراد عسکریت پسندوں کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین کی جانب سے سکیورٹی فورسز پر پتھراؤ کیا گیا، جب کہ جواب میں بھارتی فورسز نے مظاہرین کے خلاف پیلٹ گنز کا استعمال بھی کیا۔

[pullquote]برسلز میں ایک پولیس اہلکار پر چاقو حملہ[/pullquote]

بیلجیم کے دارالحکومت میں آج منگل کی صبح ایک حملہ آور نے ایک پولیس اہلکار کو چاقو حملے کا نشانہ بنایا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ برسلز کے مرکزی پولیس اسٹیشن کے باہر پیش آیا۔ اس حملے میں زخمی ہونے والے اہلکار کو ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق یہ مشتبہ حملہ آور ممکنہ طور پر شدت پسند مسلمان تھا اور اس نے حملے سے قبل ’اللہ و اکبر‘ کا نعرہ بھی لگایا۔

[pullquote]مغربی بھارت میں دھماکا، کم از کم چھ افراد ہلاک[/pullquote]

مغربی بھارت میں اسلحے کے ایک گودام میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک جب کہ دیگر دس زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق مہاراشٹر ریاست کے ضلعے وردھا میں اسلحے کے گودام میں گولے باردود کا ایک ڈبا پھٹ پڑا۔ بھارتی میڈیا نے بتایا ہے کہ یہ دھماکا فوج کی ہتھیار ساز فیکڑی کے قریب پرانے گولے باردو کو تلف کرنے کے مقام پر ہوا، جہاں بہت سے مزدور موجود تھے۔ پولیس نے اس سلسلے میں تفتیش شروع کر دی ہے۔

[pullquote]یورپی بجٹ طے نہیں ہو پایا[/pullquote]

2019ء کے لیے یورپی بجٹ طے کرنے کے لیے جاری مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں۔ یورپی بجٹ کمشنر گنٹر اوٹنگر کے مطابق یورپی ریاستوں کے نمائندے اور پارلیمان بجٹ کے حوالے سے کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔ اس مقصد کے لیے دی جانی والی مہلت گزشتہ شب ختم ہو گئی تھی۔ گنٹر کے بقول جلد ہی اس سلسلے میں ایک نیا مسودہ تیار کیا جائے گا۔ اگر اگلے برس یکم جنوری تک یورپی بجٹ طے نہیں ہو پایا تو یورپی یونین کو ہنگامی بجٹ کو استعمال کرنا پڑے گا۔

[pullquote]دہشت گردانہ منصوبہ، آسٹریلیا میں تین افراد کے خلاف مقدمہ[/pullquote]

آسٹریلیا میں تین افراد کو دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کے الزامات کے تحت مقدمے کا سامنا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ افراد ملیبورن شہر کی ایک پرہجوم جگہ پر حملے کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔ حکام نے بتایا کہ یہ افراد ترک نژاد آسٹریلوی شہری ہیں۔ ان میں سے دو بھائی ہیں، جن کی عمریں تیس اور چھبیس برس ہیں جب کہ تیسرا ان کا اکیس سالہ دوست ہے۔ پولیس کے مطابق ان افراد کے گھروں پر منگل کی صبح چھاپے مار کر تلاشی بھی لی گئی۔ ان پر مقدمے کی کارروائی اگلے برس اپریل سے شروع ہو گی۔

[pullquote]ترکی اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے درمیان خاشقجی معاملے پر بات چیت[/pullquote]

ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اولو نے مقتول صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش سے بات چیت کی۔ پیر کو اقوام متحدہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں ترکی کی جانب سے اس معاملے کی بین الاقوامی تحقیقات کی درخواست نہیں کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق اس بات چیت میں دونوں رہنماؤں نے یمن، شام اور قبرص کے موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اقوام متحدہ کے مرکز میں گوٹیرش سے ملاقات کے بعد چاؤش اولو نے کہا تھا کہ ترکی خاشقجی معاملے میں تمام تر امکانات پر غور کر رہا ہے۔

[pullquote]جنوبی کوریا کا بریگزٹ کے بعد برطانیہ کے ساتھ تجارتی معاہدے پر غور[/pullquote]

جنوبی کوریا میں بریگزٹ کے بعد برطانیہ کے ساتھ کسی ممکنہ تجارتی معاہدے پر غور کیا جا رہا ہے۔ جنوبی کوریا کے خبر رساں ادارے یونہاپ کے مطابق وزارت تجارت، صنعت اور توانائی نے ماہرین سے دریافت کیا ہے کہ وہ ایسے کسی معاہدے سے متعلق اپنی تجاویز دیں۔ واضح رہے کہ جنوبی کوریا اور یورپی یونین نے سن 2011 میں آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کی توثیق سن 2015ء میں ہوئی تھی۔ تاہم یورپی یونین سے برطانیہ کے اخراج کے بعد جنوبی کوریا کو لندن حکومت کے ساتھ کوئی نیا معاہدہ کرنے کی ضرورت ہو گی۔

[pullquote]امریکا کا وینزویلا کو ’دہشت گردی کی معاونت‘ کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کرنے پر غور[/pullquote]

امریکی حکومت وینزویلا کو دہشت گردی کی معاونت کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کرنے پر غور کر رہی ہے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی جانب سے پیر کے روز یہ بات حکومتی ذرائع کے حوالے سے کہی گئی ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن سینیٹر مارکو روبیو اس سلسلے میں متحرک ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ وینزویلا کی حکومت شیعہ عسکری تنظیم حزب اللہ اور کولمبیا کے سابقہ فارک باغیوں کی مدد میں مصروف ہے۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق اس سلسلے میں فی الحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں ایران، شمالی کوریا، سوڈان اور شام شامل ہیں۔

[pullquote]ترک سیاست دان دیمیرتاس کی حراست، یورپی عدالت فیصلہ آج کرے گی[/pullquote]

یورپی عدالت برائے انسانی حقوق منگل کے روز ترک اپوزیشن کے رہنما صلاح الدین دیمیرتاس کی حراست کے قانونی یا غیرقانونی ہونے سے متعلق فیصلہ سنائے گی۔ 45 سالہ دیمیرتاس سن 2016ء میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے دہشت گردی کے الزامات کے تحت قید میں ہیں۔ تاہم دیمیرتاس دہشت گردی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ انہیں زیرحراست رکھنے کی وجہ ان کی جانب سے رجب طیب ایردوآن پر تنقید ہے۔ کردوں کی حامی جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے اس رہنما نے رواں برس صدارتی انتخابات میں جیل کے اندر رہتے ہوئے حصہ لیا تھا۔

[pullquote]شامی شہریوں کو واپس نہ بھیجا جائے، جرمن وزارت خارجہ[/pullquote]

جرمن وزارت خارجہ نے شامی شہریوں کی ملک بدری سے خبردار کیا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ نے وزارت خارجہ کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ شام کے کسی بھی حصے میں مشکلات میں گھرے افراد کو پائیدار اور طویل المدتی تحفظ حاصل نہیں ہے۔ جرمنی میں موجود شامی شہریوں کو واپسی پر غداری اور بزدل کے طور پر دیکھا جائے گا۔ اس رپورٹ کے مطابق واپسی پر کئی ماہ تک حراست میں رکھنے کے بعد عام طور پر اٹھارہ سال سے بیالس سال کی درمیانی عمر کے مردوں کو فوج میں لازمی بھرتی کر لیا جاتا ہے۔

[pullquote]یورپی ممالک کی جانب سے مستقل فوجی تعاون بڑھانے کا فیصلہ[/pullquote]

یورپی ممالک نے مستقل فوجی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ برسلز میں یورپی وزرائے خارجہ اور دفاع کے اجلاس میں سترہ نئے عسکری منصوبوں پر اتفاق کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ فیصلے کے مطابق ہتھیاروں کا ایک نیا نظام اور خفیہ اہلکاروں کے لیے ایک تربیتی مرکز بھی قائم کیا جائے گا۔ جرمنی دیگر کے علاوہ فوجی چھاؤنیوں کے مشترکہ استعمال کے ایک پروجیکٹ کا بھی حصہ ہے۔ اس اجلاس میں مشترکہ فوجی کارروائیوں کے حوالے سے کمانڈ سینٹر میں بھی توسیع پر اتفاق کیا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے