پیر : 26 نومبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]روس نے یوکرائنی جہازوں کے خلاف کارروائی کے بعد آبنائے کیرچ دوبارہ کھول دی[/pullquote]

روس نے یوکرائنی بحریہ کے تین جہاز اپنے قبضے میں لینے کے بعد آبنائے کیرچ دوبارہ کھول دی ہے۔ گزشتہ روز روس نے کریمیا کے قریب اسی سمندری علاقے میں یوکرائن کے دو چھوٹے جنگی جہازوں اور ایک معاون کشتی کے خلاف کارروائی کی تھی۔ ماسکوحکومت کا موقف ہے کہ ان یوکرائنی جہازوں نے روسی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی، جب کہ یوکرائن نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ روس کو سزا دے۔

[pullquote]سعودی ولی عہد مصر کے دورے پر[/pullquote]

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دو روزہ دورے پر آج مصر پہنچ رہے ہیں۔ جمال خاشقجی کے قتل کے بعد سعودی ولی عہد کا یہ پہلا غیرملکی دورہ ہے۔ اپنے اس دورے میں محمد بن سلمان مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے دوطرفہ تعلقات اور سیاسی امور پر تبادلہء خیال کریں گے۔ اپنے اس دورے میں سعودی ولی عہد سب سے پہلے متحدہ عرب امارات پہنچے تھے، جب کہ جمعرات کے روز سے وہ بحرین میں تھے۔ کہا جا رہا ہے کہ مصر کے بعد وہ تیونس جائیں گے۔

[pullquote]یمن میں مبینہ ڈرون حملہ، القاعدہ کے چھ مشتبہ عسکریت پسند ہلاک[/pullquote]

یمن میں ایک مبینہ ڈرون حملے میں دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے تعلق رکھنے والے چھ مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ حملہ یمن کے جنوب مغربی علاقے میں کیا گیا۔ مقامی قبائلی رہنماؤں کے مطابق بعیدہ صوبے میں یہ حملہ اتوار کی صبح کیا گیا، جس میں القاعدہ کے دو کمانڈر اور چار دیگر عسکریت پسند مارے گئے۔

[pullquote]اسرائیلی فوجیوں کو کار سے کچلنے کی کوشش کرنے والا فلسطینی ہلاک[/pullquote]

پیر کے روز مغربی کنارے میں ایک کار کی مدد سے اسرائیلی فوجیوں کو کچلنے کی کوشش کرنے والے ایک فلسطینی ڈرائیور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہےکہ اس حملے میں تین اسرائیلی فوجی معمولی زخمی ہوئے۔ یہ واقعہ مغربی کنارے کے علاقے ہیبرون کے شمال میں پیش آیا۔ اسرائیلی فوجی بیان کے مطابق زخمی ہونے والے فوجی بیت اُومار اور العروب کے درمیانی علاقے میں تعمیری کام میں مصروف تھے۔

[pullquote]روس کے ساتھ سمندری جھڑپ کے بعد نیٹو کا ہنگامی اجلاس[/pullquote]

نیٹو یوکرائنی حکام کے ساتھ پیر کے روز برسلز میں ملاقات کر رہے ہیں۔ اس ملاقات میں کریمیا کے قریب روس کی جانب سے یوکرائنی بحریہ کے جہازوں کے خلاف کی جانے والی عسکری کارروائی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اتوار کے روز روس نے یوکرائنی جہازوں پر فائرنگ کی تھی اور پھر انہیں اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔ روس کا الزام ہے کہ یہ جہاز غیر قانونی طور پر اس کی سمندری حدود میں داخل ہوئے۔ نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مغربی دفاعی اتحاد یوکرائن کی سالمیت اور بین الاقوامی پانیوں میں آزادانہ نقل و حرکت کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

[pullquote]سوئٹزرلینڈ میں ایک اپارٹمنٹ میں آتش زدگی، چھ افراد ہلاک[/pullquote]

سوئٹزرلینڈ کے جنوبی قصبے سولوتھرن میں ایک عمارت میں آتش زدگی کے نتیجے میں بچوں سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہےکہ اس عمارت میں سیاسی پناہ کے متلاشی افراد رہائش پذیر تھے۔ پولیس کے مطابق آتش زدگی کے وقت اس عمارت میں بیس سے زائد افراد موجود تھے، جن میں سے زیادہ تر کو فائر بریگیڈ کے عملے نے ریسکیو کر لیا۔ فی الحال یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ ہلاک ہونے والوں بچوں کی تعداد کیا تھی۔

[pullquote]ایران میں زلزلہ، چھ سو سے زائد افراد زخمی[/pullquote]

ایران میں اتوار کی شب آنے والے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم چھ سو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ چھ اعشاریہ تین کی شدت کے اس زلزلے کے جھٹکے مغربی ایران کے کم از کم سات صوبوں میں محسوس کیے گئے۔ ایران کے سرکاری ٹی وی چینل کے مطابق زیادہ تر افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں، جب کہ اس زلزلے کے نتیجے میں کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔ اس زلزلے سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں سرپلِ زہب ہے، جہاں متعدد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ اسی علاقے میں گزشتہ برس سات اعشاریہ تین کی شدت کا زلزلہ آیا تھا۔

[pullquote]جنوبی کوریائی قانون سازوں کا متنازعہ جزیرے کا دورہ، جاپان کا احتجاج[/pullquote]

جنوبی کوریا کے متعدد قانون سازوں نے پیر کو جاپان اور جنوبی کوریا کے درمیان واقع ایک متنازعہ جزیرے کا دورہ کیا۔ اس پر جاپان نے اپنی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا ہے۔ جاپانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹوکیو حکومت جنوبی کوریائی قانون سازوں کے اس دورے پر شدید احتجاج کرتی ہے۔ واضح رہے کہ جنوبی کوریا کے آٹھ قانون سازوں نے سیول کے زیرانتظام ڈوکڈو جزیرے کا دورہ کیا تھا۔ یہ جزیرہ دونوں ملکوں کے درمیان واقع ہے اور جاپان اس جزیرے پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتا ہے۔

[pullquote]مغربی افغانستان میں طالبان کا حملہ، 20 پولیس اہلکار ہلاک[/pullquote]

مغربی افغان صوبے فراہ میں اتوار کے روز طالبان نے گھات لگا کر پولیس کے ایک قافلے کو نشانہ بنایا۔ اس واقعے میں کم از کم بیس پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ مقامی صوبائی کونسل کے ایک رکن کے مطابق اس حملے میں چار پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں نائب صوبائی پولیس سربراہ شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں کا یہ قافہ لشوا جووائن کی جانب جا رہا تھا، جب اسے نشانہ بنایا گیا۔ طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

[pullquote]باغیوں نے زہریلی گیس کا استعمال کیا، شامی حکومت[/pullquote]

شامی حکومت نے الزام عائد کیا ہے کہ مسلح گروہوں نے حلب میں ہفتے کے روز زہریلی گیس کے حامل شیل استعمال کیے، جس کے نتیجے میں کم از کم 100 افراد کو سانس لینے میں دشواری کی علامات کے ساتھ ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ اس واقعے کے بعد روسی طیاروں نے باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بھی بنایا۔ روس نے بھی الزام عائد کیا ہے کہ اس مبینہ کلورین گیس حملے میں ’دہشت گرد گروہ‘ ملوث ہیں۔ گزشتہ کچھ عرصے میں یہ پہلا موقع تھا کہ روسی طیاروں نے حلب کے نواح میں فضائی کارروائیاں کیں۔

[pullquote]عراقی فورسز کی بین الاقوامی عسکری مدد کے ساتھ شام میں داعش کے خلاف کارروائی[/pullquote]

عراقی فورسز نے اتوار کو امریکی قیادت میں بین الاقوامی عسکری اتحاد کی فضائی مدد کے ساتھ شام میں جہادی تنظیم داعش کے خلاف کارروائی کی۔ عراقی میجر جنرل قاسم محمد نے بتایا کہ عراقی سرحد کے قریب شامی علاقے میں بھاری توپ خانے اور فضائی بمباری کے ذریعے داعش کے ایک تربیتی مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔ داعش نے حالیہ کچھ عرصے میں شامی علاقے دیرالزور میں اپنی طاقت میں اضافہ کیا ہے۔ اس کارروائی میں ہلاک یا زخمی ہونے والوں سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

[pullquote]اردن کی فوج کی کارروائی، چار اسمگلر ہلاک[/pullquote]

اردن کی فوج نے شامی سرحد کے قریب چار اسمگلرز کو ہلاک کر دیا ہے۔ اتوار کے روز اردن کی فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ یہ اسمگلر شام کے جنوب مشرقی صحرائی علاقے سے اردن میں داخلے کے وقت مارے گئے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں دو دیگر اسمگلروں کو بھاری مقدار میں منشیات کے ساتھ حراست میں لیا گیا ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ اردن نے شام اور عراق کے ساتھ اپنی سرحدیں بند کر رکھی ہیں۔

[pullquote]ادلب کا مستقبل، ترک وزیردفاع کی روس کے ساتھ بات چیت[/pullquote]

ترک وزیردفاع حلوسی اکر نے ادلب صوبے کے حوالے سے اپنے روسی ہم منصب سے بات چیت کی۔ ترک میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اتوار کے روز ادلب کے موضوع پر ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ ادلب شام میں حکومت کے خلاف برسرپیکار باغیوں کا آخری بڑا گڑھ ہے۔ ترک میڈیا نے دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔ اس سے قبل باغیوں کی جانب سے مبینہ کلورین گیس حملے کے تناظر میں حلب کے نواح میں فضائی کارروائیاں کی گئی تھیں۔ روس کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ ان عسکری کارروائیوں سے قبل انقرہ حکومت کو مطلع کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]برطانوی قانون ساز بریگزٹ ڈیل کی حمایت کریں، یورپی یونین[/pullquote]

یورپی یونین نے برطانوی پارلیمان سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹیریزا مے کے ساتھ طے پانے والے بریگزٹ معاہدے کی توثیق کرے۔ گزشتہ روز یورپی پارلیمان نے بریگزٹ معاہدے کو منظور کر لیا تھا تاہم ابھی اس کی توثیق برطانوی پارلیمان سے ہونا باقی ہے۔ یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلوڈ ینکر نے کہا کہ یہ معاہدے برطانیہ اور یورپی یونین دونوں کے لیے بہتر ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح طور پر کہا کہ یہ تاثر قائم نہیں رہنا چاہیے کہ اس طے شدہ معاہدے کو مسترد کر کے یورپی یونین کسی بہتر ڈیل پر آمادہ ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ قریب چار دہائیوں تک یورپی یونین کا حصہ رہنے والا برطانیہ اگلے برس 29 مارچ کو اس بلاک سے خارج ہو جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے