یاسر شاہ نے 10 وکٹیں لے کر نیوزی لینڈ کو فالو آن کرادیا

دبئی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 90 رنز بنا کر فالو آن کا شکار ہوگئی جبکہ دوسری اننگز میں مہمان ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بنالیے ہیں۔

تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ کے ٹام لیتھم 44 اور روس ٹیلز 49 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے اور اور کیوی ٹیم 197 رنز کے خسارے میں تھی۔

دبئی ٹیسٹ کے تیسرے روز یاسر شاہ نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی کیوی بلے باز کو کریز پر زیادہ دیر کھڑے ہونے نہ دیا اور 41 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

کین ولیمسن کی قیادت میں کیوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی جس میں 6 بلے باز بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی بہترین بولنگ کی، اس سے قبل انہوں نے سری لنکا کے خلاف 2015 میں 74 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

قومی ٹیم کو نیوزی لینڈ پر 328 رنز کی برتری حاصل ہوئی تو کپتان سرفراز احمد نے فالو آن کرانے کو ترجیح دی۔

[pullquote]تیسرے روز کھیل کا آغاز[/pullquote]

دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں ایک گھنٹہ تاخیر سے میدان میں اتریں تو نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 24 کے مجموعی اسکور سے دوبارہ شروع کی، جیت راول 17 اور ٹام لیتھم 5 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز اپناتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا لیکن یاسر شاہ کی عمدہ بولنگ کے سامنے کوئی بیٹسمین زیادہ دیر تک کریز پر نہ رک پایا۔

گزشتہ روز پاکستان نے کھیل کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز 418 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلئیر کردی تھی۔ اس وقت بابراعظم 127 اور کپتان سرفراز احمد 30 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ قومی ٹیم کی جانب سے حارث سہیل نے 147 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

[pullquote]یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں 8 وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی بولر بن گئے[/pullquote]

دبئی: یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں زیادہ وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی بولر بن گئے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں یاسر شاہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز میں بھی یاسر شاہ نے دو وکٹیں حاصل کیں اور یوں وہ ایک دن میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے پاکستان بولر بھی بن گئے ہیں۔

یاسر شاہ نے کیویز کے خلاف جہاں اپنے کیرئیر کی شاندار بولنگ کی وہیں وہ ایک اننگز میں کم ترین رنز دے کر زیادہ وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی بولر بن گئے۔

لیگ اسپنر یاسر شاہ مجموعی طور پر 31 ٹیسٹ میچز میں 181 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، ان کی بہترین کارکردگی میں 2 ٹیسٹ میچز میں 10،10 وکٹیں، 15 مرتبہ 5،5 وکٹیں اور 9 مرتبہ 4،4 وکٹیں لینا شامل ہے۔

اس سے قبل قادر خان نے 1987 میں انگلینڈ کے خلاف لاہور ٹیسٹ میں 56 رنز دے کر 9 وکٹیں حاصل کیں اور وہ پاکستان کی جانب سے کسی بھی ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔

سرفراز نواز بھی آسٹریلیا کے خلاف 1979 میں میلبرن اسٹیڈیم میں 86 رنز کے عوض 9 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

سابق کپتان عمران خان بھی ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں 8 وکٹیں حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں اور انہوں نے دو مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا۔

عمران خان نے 1982 میں سری لنکا کے خلاف لاہور ٹیسٹ میں 58 رنز اور 1982 میں ہی بھارت کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں 60 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کیں۔

سکندر بخت نے 1979 میں بھارت کے خلاف 79 رنز دے کر 8 وکٹیں حاصل کیں۔

[pullquote]یاسر شاہ ایک میدان میں 50 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی بن گئے[/pullquote]

قومی ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ہی میدان میں 50 وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی بولر بن گئے۔

دبئی اسپورٹس سٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کھانے کے وقفے کے بعد نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز میں جب سرفراز احمد نے جیت راول کو اسٹمپڈ کیا تو یہ یاسر شاہ کی دبئی میں 50 ویں ٹیسٹ وکٹ تھی۔

صوابی سے تعلق رکھنے والے 32 سال کے یاسر شاہ نے 22 اکتوبر 2014 کو مصباح الحق کی قیادت میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ یاسر شاہ کی پہلی ٹیسٹ وکٹ تھے۔

اولین ٹیسٹ میں یاسر شاہ نے 106 رنز کے بدلے 7 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔

نیوزی لینڈ کے مقابلے پر دبئی کا دوسرا ٹیسٹ یاسر شاہ کا اس اسٹیڈیم پر ٹیسٹ میچ نمبر سات ہے، جہاں پہلی اننگز میں یاسر شاہ نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 41 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔

یاسر شاہ، عمران خان اور عبدالقادر کے بعد تیسرے پاکستانی بولر ہیں جنہوں نے کسی ایک ٹیسٹ سینٹر پر اپنی وکٹوں کی نصف سنچری مکمل کی۔

عبدالقادر نے نیشنل اسٹیڈیم میں 13 ٹیسٹ میں 58 اور قذافی اسٹیڈیم میں 12 ٹیسٹ میں 51 وکٹیں حاصل کیں۔

عمران خان نے نیشنل اسٹیڈیم میں 11 ٹیسٹ میں 51 اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 11 ٹیسٹ میں 56 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے