بدھ : 28 نومبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]روس کریمیا میں نئے میزائل نصب کرے گا[/pullquote]

روس نے کہا ہے کہ وہ کریمیا میں زمین سے فضا میں ہدف کو نشانہ بنانے والے ایس فور ہنڈرڈ میزائل کی تعداد میں اضافہ کرے گا۔ اس جدید میزائل کی حامل بٹالین رواں برس کے اختتام تک کریمیا میں فعال ہو جائے گی۔ روئٹرز کے مطابق ایک روسی جنگی بحری جہاز بھی کریمیا کی سمندری حدود میں لنگر انداز کر دیا گیا ہے۔ روس اور یوکرائن میں کشیدگی اتوار کے روز اُس وقت بڑھ گئی جب روس نے یوکرائنی بحریہ کی تین کشتیوں کو اپنی تحویل میں لیا تھا۔ کریمیا کو روس نے سن 2014 میں اپنی جغرافیائی حدود میں ضم کیا تھا۔

[pullquote]طالبان سے مذاکرات، افغان صدر نے بارہ رکنی ٹیم تشکیل دے دی[/pullquote]

افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ انہوں نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے ایک بارہ رکنی ٹیم تشکیل دی ہے۔ جنیوا میں منعقدہ اقوام متحدہ کی کانفرنس کے موقع پر غنی نے کہا کہ اس ٹیم میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ افغان صدر کے مطابق اس ٹیم کی قیادت افغان فوج کے سربراہ جنرل عبدالسلام رحیمی کو تفویض کی گئی ہے۔ دوسری جانب اس کانفرنس کے دوران اقوام متحدہ نے بھی صدر اشرف غنی سے کہا ہے کہ وہ باغیوں کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے سلسلے کو ترجیحی بنیاد پر شروع کریں۔ اقوام متحدہ کی دو روزہ بین الاقوامی افغانستان کانفرنس سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں ستائیس نومبر کو شروع ہوئی تھی۔

[pullquote]ادلب کے لیے امن ڈیل، آستانہ میں سہ ملکی مذاکرت[/pullquote]

وسطی ایشیائی ریاست قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں روس، ترکی، اور ایران کے نمائندوں کی ملاقات ہوئی ہے۔ قازق وزارت خارجہ کے مطابق اس دو روزہ مذاکراتی عمل میں تینوں ملکوں کے نمائندے شام کے شمالی علاقے ادلب میں دس ہفتوں سے جاری جنگ بندی کو مستحکم کرنے پر فوکس کیے ہوئے ہیں۔ رواں برس ستمبر میں روس اور ایران کی حمایت سے ادلب میں فائربندی کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔ ادلب کے نصف سے زائد حصے پر جہادی تنظیم حیات تحریر الشام کا قبضہ ہے اور شامی حکومت اسی پر الزام رکھتی ہے کہ اس کے جنگجو حلب میں حملوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ روس نے اتوار کو ادلب میں جہادی ٹھکانوں پر فضائی حملے بھی کیے تھے۔

[pullquote]پوٹن سے ملاقات منسوخ کر سکتا ہوں، ڈونلڈ ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر نے عندیہ دیا ہے کہ وہ اگلے دنوں میں روسی صدر ولادی میر پوٹن کے ساتھ طے شدہ ملاقات منسوخ کر سکتے ہیں۔ امریکی و روسی صدور کے درمیان یہ ملاقات جی ٹوئنٹی سمٹ کے حاشیے میں ہونی ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرائن کے درمیان پیدا ہونے والے سمندری تنازعے کے تناظر میں بیونس آئرس میں ولادیمیر پوٹن کے ساتھ طے شدہ ملاقات کو منسوخ کی جا سکتی ہے۔ ٹرمپ کی جانب سے روسی صدر سے ملاقات کی ممکنہ منسوخی کو اخبار واشنگٹن پوسٹ نے رپورٹ کیا ہے۔

[pullquote]بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ریاستی اسمبلی کا الیکشن[/pullquote]

وسطی بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں نئی ریاستی اسمبلی کے الیکشن میں بدھ اٹھائیس نومبر کو ووٹ ڈالے گئے۔ اس ریاست پر سن 2003 سے قوم پرست ہندو سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق اپوزیشن کی مرکزی سیاسی جماعت کانگریس بدھ کے الیکشن میں کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔ کانگریس کی قیادت راہول گاندھی کر رہے ہیں۔ دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی ایک مرتبہ پھر ریاستی اسمبلی کے الیکشن میں کامیابی کے لیے پرامید ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مدھیہ پردیش میں انتخابی مہم کے دوران کم از کم دس عوامی جلسوں سے خطاب کیا تھا۔

[pullquote]بھارتی فوج نے کشمیر میں اعلیٰ عسکری کمانڈر ہلاک کر دیا[/pullquote]

بھارتی فوج نے بتایا ہے کہ ایک سینیئر شدت پسند کمانڈر نوید جٹ کو بدھ اٹھائیس نومبر کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ جٹ اور اُس کے ایک ساتھی کی ہلاکت بھارتی کشمیر کے علاقے چھترگام میں دو طرفہ فائرنگ کے دوران ہوئی۔ بھارت نے نوید جٹ کا تعلق لشکر طیبہ سے بتایا ہے۔ مرنے والا باغی کمانڈر رواں برس فروری میں ایک ہسپتال سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ سری نگر پولیس کے مطابق مقامی صحافی شجاعت بخاری کے قتل میں بھی نوید جٹ کا گروپ مبینہ طور پر ملوث تھا۔ مقامی پولیس کے ایک افسر منیر احمد خان نے نوید جٹ کی ہلاکت کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

[pullquote]جی ٹوئنٹی ممالک کی سمٹ تیس نومبر سے شروع ہو گی[/pullquote]

بیس ترقی یافتہ اور ابھرتی اقتصادیات کے حامل ممالک کا سالانہ سربراہ اجلاس جمعہ تیس نومبر سے ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں شروع ہو گا۔ دو روزہ سمٹ پہلی دسمبر کو ختم ہو گی۔ اس کانفرنس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے علاوہ روسی و چینی صدور سمیت کئی دوسرے ممالک کے رہنما بھی شریک ہو رہے ہیں۔ امریکی صدر اس سمٹ کے حاشیے میں چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں کریں گے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کئی دوسرے ممالک کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ سعودی عرب کے ولی عہد پرنس محمد بن سلمان بھی سمٹ میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں۔

[pullquote]چینی ٹیلی کام کمپنی کو نیوزی لینڈ میں فائیو جی تنصیبات سے روک دیا گیا[/pullquote]

نیوزی لینڈ کی حکومت نے چینی ٹیلی کام کمپنی ہُوواوی کو ملک کے اندر فائیو جی تنصیبات سے روک دیا ہے۔ ویلنگٹن حکومت نے یہ فیصلہ ملکی سکیورٹی کو اس نیٹ ورک کی وجہ سے ممکنہ خطرات لاحق ہونے کے تناظر میں کیا ہے۔ ہُوواوی نے نیوزی لینڈ میں موبائل ٹیلی فون کے وسیع نیٹ ورک بچھانے کا کام مکمل کر رکھا ہے اور اب اسے اپ گریڈ کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ ہُوواوی نے اسی سال مارچ میں فائیو جی موبائل کا ٹیسٹ ملکی پارلیمنٹ کے باہر کیا تھا۔ یہ امر اہم ہے کہ نیوزی لینڈ سے قبل آسٹریلیا نے بھی اسی چینی کمپنی کو رواں برس اگست میں فائیو جی نیٹ ورک قائم کرنے سے روک دیا تھا۔

[pullquote]شمالی کوریا کی امریکا پر تنقید[/pullquote]

پیونگ یانگ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شمالی کوریا میں انسانی حقوق کی صورت حال کو زیر بحث لا کر امریکا امن کوششوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش میں ہے۔ اقوام متحدہ میں شمالی کوریائی سفیر نے اس تناظر میں ایک خط تحریر کیا ہے۔ اس خط میں کہا گیا کہ امریکا اور اُس کے حواری ملک نامناسب طریقوں کو اپنانے کی کوشش میں ہیں۔ شمالی کوریا کی انسانی حقوق کی صورت حال پر سلامتی کونسل دسمبر کی دس تاریخ کو بحث کرے گی۔ سفیر کا خط سلامتی کونسل کے پندرہ اراکین کو ارسال کیا گیا ہے۔ اس خط میں شمالی کوریائی سفیر نے امریکا کے اتحادی ممالک کے نام تحریر نہیں کیے ہیں۔

[pullquote]غیر ملکی سرمایہ کار افغان اقتصادیات کی بحالی میں مدد کریں، صدر اشرف غنی[/pullquote]

افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی دو روزہ کانفرنس منگل ستائیس نومبر سے شروع ہو گئی ہے۔ اس کانفرنس کے پہلے روز افغان صدر اشرف غنی نے غیر ملکی نجی شعبے کو اپنے ملک میں سرمایہ کاری اور کاروبار شروع کرنے کی ترغیبات دیں۔ غنی کے مطابق ایسی مثبت کارروائیوں سے ہی افغان اقتصادیات اپنے پاؤں پر کھڑی ہو سکے گی۔ انہوں نے توانائی، تعمیرات اور ملکی ڈھانچے کی تعمیر میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی شرکت کو اہم قرار دیا۔ اس کانفرنس میں یورپی کمیشن نے افغانستان کی تعمیر و ترقی کے لیے 474 ملین یورو دینے کا وعدہ کیا۔ اقوام متحدہ کی افغان کانفرنس میں جرمنی اور روس کے وزرائے خارجہ سمیت بیس ملکوں کے سفارت کار شریک ہیں۔

[pullquote]سیاہ فام افراد کو تعصب کا سامنا ہے، یورپی یونین رپورٹ[/pullquote]

یورپی یونین کی ایجنسی برائے بنیادی حقوق (FRA) نے اپنی ایک رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ یورپی اقوام میں سیاہ فام افراد کو وسیع پیمانے پر نسلی تعصب اور امتیازی رویوں کا سامنا ہے۔ یہ خصوصی سروے رپورٹ براعظم یورپ کے بارہ ممالک میں تقریباً چھ ہزار افراد کے انٹرویوز پر مبنی ہے۔ اس یورپی ادارے کے سربراہ مائیکل او فلاہرٹی کا رپورٹ کے اجرا پر کہنا ہے کہ نسلی تعصب اور رنگت کی بنیاد پر امتیازی رویے یورپی یونین میں کثرت سے پائے جاتے ہیں۔ اس خصوصی سروے میں بتایا گیا کہ تیس فیصد افراد نے نسلی تعصب کا سامنا کیا ہے جبکہ پانچ فیصد سیاہ فام افراد کو پرتشدد حملوں کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

[pullquote]آسٹرلوی ساحلی علاقے میں اٹھائیس وہیل مچھلیوں کی ہلاکت[/pullquote]

آسٹریلیا کے ایک دور دراز ساحلی علاقے میں اٹھائیس وہیل مچھلیاں مردہ حالت میں ملی ہیں۔ یہ وہیل مچھلیاں اس ساحلی علاقے میں پھنس گئی تھیں اور پھر واپس کھلے سمندر میں نہ جا سکیں۔ یہ وہیلز آسٹریلوی ساحل کرواجن گولونگ (Croajingolong) نیشنل پارک میں پھنسی تھیں۔ یہ نیشنل پارک مشرقی گپس لینڈ (East Gippsland) میں واقع ہے۔ اس واقعے کی تفتیش کے لیے جانے والے ایک حکومتی اہلکار نے بتایا کہ کرواجن گولونگ نیشنل پارک میں چار وہیلز زندہ حالت میں دستیاب ہوئیں لیکن ان کو باہر نکالنے کے دوران دو وہیلز موت کے منہ میں چلی گئیں۔ اس تناظر میں تفتیش شروع کر دی گئی ہے کہ وہیلز اس ساحل کے قریب کیوں کر اور کیسے پھنس کر رہ گئی تھیں۔

[pullquote]امریکی ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر کا انتخاب[/pullquote]

امریکی کانگریس کے ایوانِ نمائندگان میں اسپیکر کی نامزدگی کے لیے آج بدھ کے روز ڈیموکریٹک پاٹی کا اجلاس ہو گا۔ امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے نینسی پیلوسی کو اس منصب کے لیے نامزد کیا جائے گا۔ امریکی ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر کے انتخاب کے لیے باضابطہ اجلاس جنوری سن 2019 کو طلب کیا جائے گا۔ وسط مدتی انتخابات میں امریکی ڈیموکریٹس کو ایوانِ نمائندگان میں اکثریت حاصل ہوئی تھی لیکن وہ سینیٹ میں یہی مقام حاصل نہیں کر سکے تھے۔ پیلوسی اپنی پارٹی کی جانب سے اسپیکر کے منصب کے لیے بظاہر اکلوتی امیدوار ہیں۔ اس خاتون سیاستدان کے انتخاب کے حوالے سے ڈیموکریٹک پارٹی میں مخالفت بھی پائی جاتی ہے۔ ممکنہ اسپیکر نینسی پیلوسی کا تعلق امریکی ریاست کیلیفورنیا سے ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے