چین اور امریکا کا یکم جنوری کے بعد کوئی نیا ٹریڈ ٹیرف عائد نہ کرنے پر اتفاق

بیونس آئرس: چین اور امریکا نے یکم جنوری کے بعد کوئی نیا ٹریڈ ٹیرف عائد نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق دنیا کے 20 مضبوط ترین معاشی ممالک کے اجلاس جی 20 کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی ہم منصب ژی جن پنگ کے درمیان تقریبا ایک گھنٹے تک ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے تجارتی تنازع پر بات چیت کی، ملاقات میں دونوں ملکوں کے اعلیٰ عہدیدار بھی شریک تھے۔

اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امید ہے امریکا اور چین جلد معاملات حل کر لیں گے، کچھ ایسا کرنے جارہے ہیں جو دونوں ملکوں کے لیے اچھا ہوگا۔

چینی صدر ژی جن پنگ نے کہا کہ تجارتی تنازع کا حل تلاش کرنے کی ذمہ داری دونوں ممالک پر عائد ہوتی ہے، دو طرفہ تعاون سے ہی امن و خوشحالی ممکن ہے۔

چینی سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا کہ بیونس آئرس میں دونوں ممالک کے صدور کے درمیان ہونے والی ملاقات میں یکم جنوری کے بعد کوئی نیا ٹریڈ ٹیرف عائد نہ کرنے پر اتفاق ہوا۔

دوسری جانب امریکی وائٹ ہاوس نے ڈونلڈ ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ملاقات کے نتائج پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یکم جنوری 2019 سے چین کی 200 ارب ڈالر کی درآمدات پر ٹیرف 10 سے بڑھا کر 25 فی صد کرنے کی دھمکی دی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے