ٹیسٹ رینکنگ میں یاسر شاہ کی لمبی چھلانگ، ٹاپ 10 بولرز کی فہرست میں شامل

آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں قومی ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ بہترین پرفارمنس کے باعث اونچی چھلانگ لگا کر ٹاپ 10 بولرز کی فہرست میں شامل ہو گئے۔

تازہ ترین ایم آر ایف ٹائرز آئی سی سی پلیئرز رینکنگ کے مطابق بولنگ کے شعبے میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن سری لنکا کے خلاف کولمبو ٹیسٹ نہ کھیلنے کے باعث ایک درجے تنزلی کے بعد پہلے سے دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں جب کہ جنوبی افریقا کے کگیسو ربادا نے نمبر ون پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔

پاکستان کے محمد عباس بدستور تیسرے نمبر پر موجود ہیں جب کہ جنوبی افریقا کے ورنن فلینڈر چوتھے اور بھارت کے رویندرا جڈیجا پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

قومی ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں اپنے کیرئیر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 184 رنز کے عوض 14 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس بہترین پرفارمنس کے باعث یاسر شاہ کھلاڑیوں کی رینکنگ میں لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے 19ویں سے 10ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

اس کے علاوہ بیٹنگ کے شعبے میں پاکستان کے اظہر علی بھی 15ویں پوزیشن سے تین درجے ترقی پا کر 12ویں نمبر پر آ گئے ہیں جب کہ بھارت کے کپتان ویرات کوہلی بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔

بلے بازوں کی فہرست میں آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ دوسرے، نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن تیسرے اور انگلینڈ کے جو روٹ چوتھے نمبر پر ہیں۔

پاکستان کے حارث سہیل بھی 33 درجے ترقی کے بعد 38 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جب کہ بابر اعظم بھی 24 درجے ترقی کے بعد 39 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے