پیر : 03 نومبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اسرائیل کے ساتھ ’تعاون‘ کے سزا میں چھ افراد کو سزائے موت[/pullquote]

حماس کے زیر انتظام غزہ کی ایک فوجی عدالت نے اسرائیل کے ساتھ ’تعاون کرنے‘ کے جرم میں چھ افراد کو سزائے موت سنائی ہے۔ جن افراد کو سزائے موت سنائی گئی ہے، ان میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ غزہ میں وزارت داخلہ کے مطابق مجموعی طور پر چودہ افراد کو سزائیں سنائی گئی ہیں اور ان میں سے چھ کو پھانسی دی جائے گی۔ حماس نے اس عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

[pullquote]ٹرمپ ’اسلحے کی بے قابو دوڑ‘ کے خاتمے کے لیے پوٹن سے بات کریں گے[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی اور روسی رہنماؤں سے بات چیت کی تجویز دی ہے، جس کے تحت ’ہتھیاروں کی بے قابو دوڑ‘ کو روکا جا سکے۔ اپنے ایک ٹوئٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے رواں برس سات سو سولہ ارب ڈالر خرچ کیا، یہ پاگل پن ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ مستقبل میں کسی وقت وہ صدر شی جن پنگ اور صدر ولادمیر پوٹن کے ساتھ مل کر بامعنی مذاکرات کریں گے تاکہ ہتھیاروں کی یہ بے قابو دوڑ روکی جا سکے۔

[pullquote]’روہنگیا کے خلاف جرائم کی بابت ٹریبونل بنانے کی ضرورت ہے‘[/pullquote]

انسانی حقوق کے ایک امریکی گروپ نے مطالبہ کیا ہے کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ہونے والے جرائم کے حوالے سے ایک فوج داری ٹریبونل بنانے کی ضرورت ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے لیے کام کرنے والے پبلک انٹرنیشنل لاء اینڈ پالیسی گروپ کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان جرائم میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانا انتہائی ضروری ہے۔ اس رپورٹ میں بنگلہ دیش میں مقیم ایک ہزار سے زائد روہنگیا افراد کے انٹرویوز شامل کیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایسے شواہد موجود ہیں کہ میانمار کی فوج انسانیت کے خلاف جرائم، جنگی جرائم اور نسل کشی جیسے جرائم میں ملوث ہو سکتی ہے۔

[pullquote]راجا پاکسے بطور وزیراعظم کام بند کر دیں، سری لنکن عدالت[/pullquote]

جنوبی ایشیائی ریاست سری لنکا کی سیاست میں ایک نیا موڑ پیدا ہوا ہے۔ اس ملک کی ایک عدالت نے مہندا راجا پاکسے کو بطور وزیراعطم اپنی ذمہ داریاں نبھانے سے روک دیا ہے۔ اس حوالے سے ایک سو بائیس اراکین پارلیمان کے دستخطوں پر مشتمل ایک درخواست جمعے کے روز عدالت میں جمع کروائی گئی تھی۔ راجا پاکسے اور ان کی کابینہ کے وزراء کو بارہ دسمبر کے روز عدالت میں طلب کر لیا گیا ہے۔

[pullquote]میرا انتقال نہیں ہوا، نائجیریا کے صدر[/pullquote]

نائیجریا کے صدر محمد بخاری نے ایسی خبروں کو مسترد کر دیا ہے کہ وہ انتقال کر گئے ہیں اور ان کی جگہ کسی اور کو ملک کا صدر بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی اپنی سالگرہ منائیں گے۔ قبل ازیں سوشل میڈیا پر ایسی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ بخاری کا انتقال ہو گیا ہے اور سوڈانی باشندے ’جبرئیل‘ کو ان کی جگہ ملک کا نیا صدر بنا دیا گیا ہے۔ محمد بخاری آئندہ برس فروری میں ہونے والے الیکشن میں صدارتی امیدوار ہوں گے۔

[pullquote]ماحولیاتی تبدیلیاں، عالمی بینک 200 ارب ڈالر امداد دینے پر تیار[/pullquote]

ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ورلڈ بینک دو سو ارب ڈالر امداد فراہم کرنے پر تیار ہو گیا ہے۔ یہ مالی امداد موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کو فراہم کی جائے گی۔ اس امداد کو سن دو ہزار اکیس سے سن دو ہزار پچیس تک کے پانچ سالہ منصوبوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ یہ اعلان پولینڈ کے جنوبی شہر کاٹووِیسا میں اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس کے آغاز کے فوراﹰ بعد کیا گیا ہے۔ دو ہفتے تک جاری رہنے والے اس سالانہ اجلاس میں تقریبا دو سو ممالک کے وفود شریک ہیں۔

[pullquote]یمن تنازعے کا خاتمہ چاہتے ہیں، ایران[/pullquote]

ایران کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق تہران حکومت سویڈن میں ہونے والے یمنی امن مذاکرات کی حمایت کرے گی۔ ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق ان کا ملک یمنی تنازعے کے خاتمے کے ساتھ ساتھ وہاں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی کارروائیوں میں تیزی چاہتا ہے۔ ایران یمن میں سعودی عرب کے مخالف حوثی باغیوں کی حمایت کرتا ہے۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق سویڈن میں مجوزہ امن مذاکرات بدھ کے روز شروع ہو سکتے ہیں۔

[pullquote]اسرائیلی وزیراعظم کی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات[/pullquote]

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو آج پیر کے روز برسلز میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کر رہے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس ملاقات میں علاقائی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ بینجمن نیتن یاہو کے وفد میں ملکی خفیہ ایجنسی موساد اور نیشنل سکیورٹی کونسل کے سربراہان کے ساتھ ساتھ ان کے ملٹری سیکرٹری بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نیٹو ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملیں گے۔

[pullquote]قطر سن 2019ء میں اوپیک کو چھوڑ دے گا[/pullquote]

قطر نے آئندہ ماہ سے خام تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک چھوڑ دینے کا اعلان کیا ہے۔ دوحہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس خلیجی ملک کے وزیر برائے توانائی سعد الکعبی کا کہنا تھا کہ جنوری سے وہ اس تنظیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے آج اوپیک کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق قطر تیل کی پیداوار جاری رکھے گا لیکن اب دوحہ حکومت کی بنیادی توجہ گیس کی پیداوار پر ہو گی۔

[pullquote]محمد بن سلمان الجزائر پہنچ گئے[/pullquote]

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان موریطانیہ کا دورہ ختم کر کے الجزائر پہنچ گئے ہیں۔ جی ٹوئنٹی سمٹ کے بعد انہوں نے اپنے مغربی افریقی ممالک کا دورہ شروع کر دیا ہے۔ ارجنٹائن میں جی ٹوئنٹی سمٹ میں شرکت سے قبل وہ متحدہ عرب امارات، بحرین، مصر اور تیونس بھی گئے تھے۔ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد محمد بن سلمان پہلی مرتبہ عالمی دورے کر رہے ہیں، جنہیں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]میکسیکو میں امریکی قونصلیٹ پر حملہ[/pullquote]

شمالی امریکی ملک میکسیکو میں امریکی قونصلیٹ پر ایک حملہ کیا گیا ہے۔ بارودی مواد کے ساتھ یہ حملہ میکسیکو کے دوسرے بڑے شہر گاؤڈالا جارا میں کیا گیا۔ یہ حملہ امریکی نائب صدر مائیک پینس اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ کے دورے سے تھوڑی دیر پہلے کیا گیا تاہم اس حملے میں کوئی بھی شخص زخمی نہیں ہوا۔ ابھی تک کسی بھی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]پیرس میں ایک سو بارہ گاڑیوں کو نذر آتش کیا گیا، پولیس[/pullquote]

فرانسیسی پولیس نے کہا ہے کہ پیرس میں ہوئے پرتشدد مظاہروں کے دوران چھ عمارتوں اور ایک سو بارہ گاڑیوں کو نذر آتش کیا گیا۔ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ہوئے اس حکومت مخالف احتجاج میں مشتعل مظاہرین نے عوامی املاک کو نقصان بھی پہنچایا۔ فرانسیسی حکومت نے کہا ہے کہ مستقبل میں ایسی پرتشدد کارروائیوں کی روک تھام کے لیے ہنگامی حالت نافذ کی جا سکتی ہے۔ اتوار کے دن فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے پیرس میں متاثرہ مقامات کا دورہ بھی کیا تھا۔

[pullquote]یمن: زخمی حوثی باغیوں کے انخلاء کی اجازت[/pullquote]

پیر کے روز سعودی عرب کے عسکری اتحاد نے یمن کے زخمی حوثی باغیوں کے انخلاء کی اجازت فراہم کر دی ہے۔ قبل ازیں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے کہا تھا کہ اگر ان کا یہ مطالبہ نہ مانا گیا تو وہ سویڈن میں ہونے والے امن مذاکرات میں شرکت نہیں کریں گے۔ یمن کی چار سالہ خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے سویڈن مذاکرات اقوام متحدہ کی حمایت سے ہو رہے ہیں۔ اس جنگ کی وجہ سے اب تک دس ہزار افراد ہلاک اور لاکھوں غذائی قلت کا شکار ہو چکے ہیں۔

[pullquote]شام میں امریکی عسکری اتحاد کا حملہ[/pullquote]

امریکی اتحادی فورسز نے شام میں داعش ایک اعلیٰ جنگجو کمانڈر کو نشانہ بنایا ہے۔ ابو العمریان نامی یہ کمانڈر امریکی امدادی ورکر پیٹر کاسنگ اور دیگر مغربی باشندوں کو ہلاک کرنے کا ذمہ دار قرار دیا جاتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اتوار کے دن صحرائے بادیہ میں کیے گئے اس حملے میں داعش کے کئی دیگر جنگجو بھی نشانہ بنے۔ تاہم معلوم نہیں ہو سکا کہ کتنے جنگجو مارے گئے ہیں۔ امریکی عسکری اتحاد شام میں داعش کے خلاف ایسی کارروائیاں کرتا رہتا ہے۔

[pullquote]پولینڈ: اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس کا آغاز[/pullquote]

آج سے پولینڈ کے جنوبی شہر کاٹووِیسا میں اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس کانفرنس میں ایک مرتبہ پھر زمینی درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کے خطرے اور اس کے سدباب کے حوالے سے مذاکرات کیے جائیں گے۔ دو ہفتے تک جاری رہنے والے اس سالانہ اجلاس میں تقریبا دو سو ممالک شریک ہوں گے۔ اس بات پر غور کیا جائے گا کہ سن دو ہزار پندرہ کے عالمی ماحولیاتی معاہدے پر کس طرح عمل درآمد ممکن بنایا جائے۔ امریکا اس معاہدے سے دستبردار ہو چکا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے