نجم سیٹھی کے بیان پر وقار یونس سیخ پا، کرارا جواب دے دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی بورڈ کے سربراہ کے عہدے سے ہٹنے کے بعد متعدد حلقوں نے ان سے منہ موڑ لیا اور اب سابق کپتان و کوچ وقار یونس کی سیٹھی کے بیان پر ان سے ٹھن گئی ہے۔

حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں نجم سیٹھی نے کہا کہ ‘لوگوں نے مجھے مشورہ دیا تھا کہ وقار یونس کو کوچ مقرر نہ کریں لیکن میں نے ایسا نہیں کیا البتہ ان کی کارکردگی اس معیار کی نہیں رہی جو ہونی چاہیے تھی اور انہوں نے الٹا مجھ پر ہی تنقید شروع کردی، جس کی وجہ مجھے معلوم نہیں۔’

اس موقع پر انہوں نے پی سی بی کی نئی انتظامیہ کی جانب سے قائم کردہ ‘کرکٹ کمیٹی’ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چیئرمین کرکٹ کمیٹی محسن حسن خان گزشتہ 8 سال سے وسیم اکرم پر تنقید کرتے رہے ہیں، لیکن اب احسان مانی کے کہنے پر خراب ساکھ کے حامل کرکٹرز کے حوالے سے ان کا دل یکدم صاف ہو گیا۔

نجم سیٹھی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انکشاف کیا کہ جب وہ چیئرمین پی سی بی بنے تو محسن خان نے ان سے رابطہ کیا اور چیف سلیکٹر یا ہیڈ کوچ بنانے کی درخواست کی، جس پر مجھے لوگوں نے مشورہ دیا کہ ان چلے ہوئے کارتوسوں کو نہ لیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ کرکٹ میں سفارشی ٹولہ آ گیا ہے۔

سابق چیئرمین پی سی بی کے اس بیان پر وقار یونس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے طنزیہ کہا ‘سفارشی ٹولہ، دیکھو یہ بات کہہ بھی کون رہا ہے۔ نجم سیٹھی صاحب آپ بھی کمال کرتے ہو، کچھ بھی بولتے رہتے ہو۔ اب پی سی بی میں آپ کے دن ختم ہو گئے لہٰذا اپنی گندی سیاست تک ہی محدود رہیں۔’

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے