ہفتہ : 15 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]فرانسیسی شہروں میں زرد جیکٹوں والے مظاہرین کا احتجاج[/pullquote]

فرانس کے مختلف شہروں میں زرد جیکٹوں والے حکومت مخالف مظاہرین مسلسل پانچویں ویک اینڈ پر احتجاج کے لیے جمع ہیں۔ صدر ایمانوئل ماکروں کی حکومت کے خلاف مظاہروں کا یہ سلسلہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے پر شروع ہوا تھا۔ فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں مظاہرین کی پرتشدد کارروائیوں کو کنٹرول کرنے کے لیے پولیس کی ایک بڑی نفری متعین کی گئی ہے۔ ماکروں حکومت کے وزیر داخلہ کے مطابق مختلف شہروں میں انہتر ہزار کے قریب پولیس اہلکار اضافی ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔ صدر ماکروں نے مظاہرین سے کہا ہے کہ وہ احتجاج کو ترک کریں کیونکہ فرانس امن کا متمنی ہے۔

[pullquote]چین دونوں کینیڈین شہریوں کو رہا کرے، امریکی وزیر خارجہ[/pullquote]

امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے چینی ٹیلی کام ادارے ہواوے کی اعلیٰ خاتون اہلکار کی کینیڈا میں گرفتاری کے بعد چین میں دو کینیڈین شہریوں کی حراست کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے ان شہریوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ پومپیو نے یہ مطالبہ اپنی کینیڈین ہم منصب کرسٹیا فری لینڈ کے ساتھ ملکی دارالحکومت واشنگٹن میں ملاقات کے بعد کیا۔ دوسری جانب کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی کہا ہے کہ اُن کے شہریوں کی چین میں حراست سے چین اور کینیڈا کے درمیان تجارتی تنازعے میں شدت پیدا ہو سکتی ہے۔ اُدھر بیجنگ حکومت نے کینیڈین سفارت خانے کے قونصلر کو ایک گرفتار کینیڈین شہری سے ملاقات کی اجازت دے دی ہے۔

[pullquote]یمن میں جنگ بندی کی نگرانی کے لیے مبصرین جلد تعینات کیے جائیں، یو این مندوب[/pullquote]

خانہ جنگی کے شکار ملک یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب مارٹن گریفتھس نے حالیہ امن مذاکرات کے بعد طے پانے والی جنگ بندی کی نگرانی کے لیے بین الاقوامی مبصرین کی فوری تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ مطالبہ سکیورٹی کونسل سے ویڈیو کانفرنس کے دوران اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ بین الاقوامی مبصرین کی ٹیم کی قیادت ہالینڈ کے میجر جنرل پیٹرک کامیرٹ کریں گے۔ یمن میں جنگ بندی آٹھ روزہ امن مذاکرات کے بعد طے پائی ہے۔ یہ مذاکرات سویڈن کے قصبے ریمبو میں جمعرات تیرہ دسمبر کو ختم ہوئے۔

[pullquote]بھارتی زیرانتظام کشمیر میں تین باغیوں اور سات شہریوں کی ہلاکت[/pullquote]

بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں ایک جھڑپ میں کم از کم تین باغیوں کے ہلاک ہونے کا بتایا گیا ہے۔ ان باغیوں کی ہلاکت کے خلاف ہونے والے پرتشدد مظاہرے کے دوران پولیس کی فائرنگ سے سات عام شہری بھی مارے گئے۔ اس مظاہرے میں کئی دوسرے زخمی بھی ہوئے۔ پولیس کے مطابق باغیوں کے ساتھ جھڑپ جنوبی علاقے پلوامہ میں ہوئی۔ مخبری کی بنیاد پر پولیس نے باغیوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لیا تو فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔ اس جھڑپ میں ایک بھارتی فوجی کی ہلاکت کے علاوہ دو پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ اس پولیس کارروائی کے بعد سرینگر سمیت بقیہ شہروں میں سکیورٹی کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]ترک کرد عسکریت پسندوں پر حملے جاری رکھے گا، ترک حکومت[/pullquote]

ترک حکومت نے واضح کیا ہے کہ وہ ملکی دفاع کے تناظر میں شمالی عراق کے کرد عسکریت پسند پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ ترک وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ انقرہ حکومت کو یقین ہے کہ عراق کالعدم کردستان ورکرز پارٹی کے خلاف انسدادی کارروائیوں کو اپنی ذمہ داری خیال کرتے ہوئے جاری رکھے گا۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ بغداد حکومت ضروری اقدامات کرنے میں ناکام رہی تو ترکی اپنے ذاتی دفاع کے حق کے تحت حملے کر سکتا ہے۔ چودہ دسمبر کو بغداد حکومت نے ترک سفیر کو طلب کر کے سنجار اور مخمور کے پہاڑوں پر ترک فضائی حملوں پر اپنے احتجاج سے آگاہ کیا تھا۔

[pullquote]خلیجی تعاون کونسل کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، قطری وزیر خارجہ[/pullquote]

قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا ہے کہ تقریباً چار دہائیوں پرانے خلیج تعاون کونسل (GCC) کو ایک نئے تشخص اور واضح تبدیلی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کونسل کی موجودہ حیثیت کو قطر کے ساتھ سعودی عرب اور اُس کے حلیفوں کے تنازعے کے علاوہ بائیکاٹ کی پیدا شدہ صورت حال کو ختم نہ کرنے سے بہت نقصان ہوا ہے۔ قطری وزیر خارجہ نے یہ بیان پالیسی سازوں کے دو روزہ دوحہ فورم کے موقع پر کیا۔ قطری امیر نے گزشتہ ویک اینڈ پر سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقدہ گلف کوآپریشن کونسل کی سمٹ میں شرکت نہیں کی تھی۔ خلیجی تعاون کونسل کو سن 1981 میں ایران عراق جنگ کے دوران قائم کیا گیا تھا۔

[pullquote]نوبل انعام یافتہ ایزدی خاتون اپنے آبائی علاقے میں ہسپتال قائم کرے گی[/pullquote]

عراق کی اقلیتی آبادی ایزدی سے تعلق رکھنے والی نوبل انعام یافتہ نادیہ مراد نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے آبائی علاقے میں ہسپتال قائم کریں گی۔ انہوں نے ہسپتال قائم کرنے کا اعلان اپنے دورہٴ عراق کے دوران اپنے شہر سنجار میں سینکڑوں افراد کے اجتماع کے سامنے تقریر کرتے ہوئے کیا۔ مراد نے کہا کہ وہ یہ ہسپتال نوبل پرائز کے ساتھ دی جانے والی انعامی رقم سے تعمیر کریں گی تاکہ اس علاقے کے افراد اور خاص طور پر بیواؤں کو علاج کی سہولیات فراہم ہو سکیں۔ سن 2014 میں دہشت گرد تنظیم داعش نے شمالی عراق میں اپنی چڑھائی کے دوران ہزاروں ایزدی خواتین کو یرغمال بنا لیا تھا اور ان میں نادیہ مراد بھی شامل تھیں۔

[pullquote]افغانستان کے تجارتی و ترقیاتی امور پر تین ملکی اجلاس[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل میں آج ہفتہ پندرہ دسمبر کو ملکی تجارت، اقتصادیات، اور ترقیاتی امور پر ہونے والی بات چیت میں چین اور پاکستان بھی شریک ہوں گے۔ افغان صدر اشرف غنی کے نائب ترجمان شاہ حسین مرتضٰی نے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ کابل حکومت کی میزبانی میں ہونے والے اس اجلاس میں علاقائی اقتصادی ترقی سے لے کر انسداد دہشت گردی تک کے معاملات پر فوکس کیا جائے گا۔ یہ اس نوعیت کی دوسری میٹنگ ہے، جس میں تینوں ہمسایہ ملکوں کے اعلیٰ سفارت کار شرکت کریں گے۔ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اس اجلاس میں شریک ہوں گے۔

[pullquote]سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجا پاکشے نے استعفیٰ دے دیا[/pullquote]

سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجا پاکشے نے سات ہفتوں کے بعد اپنے منصب سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اس دوران وہ ملکی پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔ ایسا امکان پیدا ہو گیا ہے کہ سری لنکن صدر میتھری پالا سری سینا ایک مرتبہ پھر رانیل وکرمے سنگھے کو وزیر اعظم نامزد کر سکتے ہیں۔ وکرمے سنگھے کو صدر سری سینا نے رواں برس اکتوبر میں برخاست کر دیا تھا اور ان کی جگہ چھبیس اکتوبر کو سابق صدر راجا پاکشے کو وزیراعظم نامزد کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے پارلیمنٹ کو تحلیل بھی کیا لیکن اُسے ملکی سپریم کورٹ نے بحال کر دیا تھا۔ راجا پاکشے سن 2005 سے 2015 تک صدر بھی رہے تھے۔

[pullquote]آسٹریلیا نے مغربی یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کر لیا[/pullquote]

آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے یروشلم کو اسرائیل کا باضابطہ دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اعلان میں انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ امن کے قیام تک آسٹریلوی سفارت خانے کو تل ابیب سے منتقل نہیں کیا جائے گا۔ سڈنی میں تقریر کرتے ہوئے وزیراعظم موریسن نے کہا کہ آسٹریلیا مغربی یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت، پارلیمنٹ کنیسٹ اور حکومتی اداروں کے مقام کے طور پر تسلیم کرتا ہے۔ وزیراعظم موریسن نے رواں برس اکتوبر میں اپنی ملک کی اسرائیل پالیسی میں تبدیلی کا عندیہ دیا تھا۔ اس اعلان کے بعد آسٹریلیا اب اُن چند ممالک میں شامل ہو گیا ہے، جنہوں نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیا ہے۔

[pullquote]بھارت: زہریلی خوراک کھانے سے تقریباً ایک درجن یاتریوں کی ہلاکت[/pullquote]

بھارتی ریاست کرناٹک کے ایک مندر میں منعقدہ مذہبی تقریب کے دوران پرشاد کھانے سے کم از کم گیارہ افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔ ان کے علاوہ ترانوے دوسرے افراد ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ ان میں سے انتیس افراد کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ زہریلی خوراک کھانے کا واقعہ چمراج نگر ضلع کے ایک مندر میں پیش آیا۔ کھانا کھانے کے کچھ ہی دیر بعد مندر کے یاتریوں کو قے، دست اور دم گھٹنے کی تکالیف شروع ہو گئی تھیں۔ ریاستی وزیراعلیٰ نے اس واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کرناٹک پولیس کے فورینزک ماہرین نے خوراک کے نمونے لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

[pullquote]دہشت گرد تنظیم الشباب کے دوسرے اہم ترین لیڈر کی گرفتاری[/pullquote]

شورش زدہ افریقی ملک صومالیہ کے حکام نے اپنی شناخت مخفی رکھتے ہوئے بتایا ہے کہ جہادی تنظیم الشباب کے دوسرے اہم ترین لیڈر مختار روبوہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس کی گرفتاری میں ایتھوپیا کے فوجی دستوں کے ساتھ صومالی پولیس کے اہلکار بھی شامل تھے۔ مختار روبوہ کو صومالی شہر بیدوآ میں سے گرفتار کیا گیا ہے۔ اِس کو گرفتار کر کے صومالی دارالحکومت موغادیشو منتقل کر دیا گیا ہے۔ افریقی مشن کا کہنا ہے کہ وہ الشباب کے لیڈر کی گرفتاری میں شریک نہیں ہے۔ دوسری جانب ایتھوپیا نے بیدوآ آپریشن میں شریک ہونے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ یہ امر اہم ہے کہ صومالیہ میں متعین افریقی امن مشن کے فوجیوں میں ایتھوپیا شامل ہے۔

[pullquote]کوسووو کا اپنی فوج قائم کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

کوسووو کی پارلیمنٹ نے جمعہ چودہ دسمبر کو اپنی فوج کھڑی کرنے کے دستوری بل کی منظوری دے دی ہے۔ پارلیمانی منظوری کے بعد کوسووو ابتدا میں پانچ ہزار فوجیوں پر مشتمل اپنی سکیورٹی فورس قائم کرے گا۔ کوسووین پارلیمنٹ کے اسپیکر قادری واسلی نے بل کی منظوری کے بعد کہا کہ یہ اُن کے ملک میں ایک نئے دور کی ابتدا ہے۔ سربیا کے صدر نے اس بل کی منظوری پر سخت تنقید کی ہے۔ کوسووو کی جانب سے فوج کھڑی کرنے کے خلاف سربیا کی وزیراعظم بیان دے چکی ہیں۔ اسی طرح نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ نے بھی کوسووو حکومت کو مشورہ دیا تھا کہ فوج کھڑی کرنے کے لیے ابھی وقت ساز گار نہیں ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے