پیر : 17 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یمنی شہر الحدیدہ میں تازہ جھڑپوں کے بعد جنگ بندی کل منگل سے شروع ہونے کا امکان[/pullquote]

یمن کے بندرگاہی شہر الحدیدہ اور اس کے گرد ونواح میں تازہ جنگ بندی کا آغاز کل منگل کے روز سے ہو گا۔ سویڈن میں مذاکرات کے بعد طے پانے والی جنگ بندی تازہ جھڑپوں کے سبب خطرات کا شکار ہو گئی تھی۔ جمعرات کو سعودی اتحاد کی حمایت یافتہ یمنی حکومت اور حوثی باغیوں کے درمیان طے پانے والے اس معاہدے الحدیدہ میں فوری جنگ بندی پر بھی اتفاق کیا گیا تھا۔ اقوام متحدہ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ آپریشنل وجوہات کی بناء پر جنگ بندی کا آغاز پیر کی نصف شب سے شروع ہو گا۔

[pullquote]روس پر مزید پابندیوں کا خیال تقویت پکڑ رہا ہے، امریکا[/pullquote]

یوکرائنی تنازعے کے حوالے سے خصوصی امریکی مندوب کرٹ وولکر نے کہا ہے کہ روس کے خلاف مزید پابندیوں کا تصور تقویت پکڑ رہا ہے۔ پیر کے روز ایک آن لائن بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ آبنائے کَیرچ میں یوکرائنی بحریہ کے جہازوں کے خلاف روسی کارروائی اور انہیں تحویل میں لینے کے واقعے کے بعد یورپ میں یہ سوچ زور پکڑ رہی ہے کہ روس کے خلاف مزید پابندیاں عائد کی جانا چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ماسکو حکومت کے خلاف اگلے ایک یا دو ماہ میں مزید پابندیاں عائد کی جاتی ہیں، تو یہ کوئی باعثِ حیرت پیش رفت نہیں ہو گی۔

[pullquote]یورپی یونین نے ’ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن‘ میں شدید بحران کا ذمہ دار امریکا کو قرار دے دیا[/pullquote]

یورپی یونین نے عالمی ادارہ تجارت میں شدید بحران کا ذمہ دار امریکا کو قرار دے دیا ہے۔ یورپی یونین کے سفارت کار مارک وان ہوئے کلین Mark Vanheukelen نے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ٹھوس اصلاحات کی تجويز پیش کرے۔ یورپی یونین کے نمائندے نے ’امریکی مصنوعات خریدو‘ کے حوالے سے قانون سازی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

[pullquote]بھارت مالدیپ کو 1.4 بلین ڈالرز کی امداد دے گا، مودی[/pullquote]

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت مالدیپ کو 1.4 بلین امریکی ڈالرز کی امداد فراہم کرے گا۔ انہوں نے اس بات کا اعلان مالدیپ کے صدر کے دورہ بھارت کے موقع پر ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ امداد مالدیپ کی سماجی اور معاشی بہتری کے لیے فراہم کی جائے گی۔ محمد ابراہیم صالح نے رواں برس ستمبر میں حیران کن طور پر مالدیپ کے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ وہ بھارت کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے خواہش مند ہیں۔

[pullquote]بھارتی زیرانتظام کشمیر میں مظاہرے اور کرفیو[/pullquote]

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں فوج کی طرف سے فائرنگ کر کے سات عام شہریوں کو قتل کیے جانے کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ آج پیر کے روز پولیس نے ان مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل فائر کیے جو کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے احتجاج کر رہے تھے۔ علیحدگی پسند رہنماؤں نے کشمیریوں سے کہا ہے کہ وہ اس متنازعہ خطے میں قائم بھارتی فوج کے ہیڈکوارٹرز کی طرف مارچ کریں۔ حکام نے مظاہروں اور احتجاج کے اس سلسلے کو روکنے کے لیے کشمیر کے مرکزی شہر سری نگر کے کئی حصوں میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔ بعض علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ سروس بھی بند ہے۔

[pullquote]سکھ مخالف فسادات کے الزام میں بھارتی سیاستدان کو عمر قید[/pullquote]

بھارت کے ایک سینیئر سیاستدان کو 1984ء میں ہونے والے سکھ مخالف فسادات کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ ایک سکھ باڈی گارڈ کے ہاتھوں اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قتل کے بعد شروع ہونے والے اُن فسادات میں تین ہزار کے قریب افراد مارے گئے تھے۔ دہلی ہائیکورٹ نے 73 سالہ سجن کمار کو لوگوں کو بلوہ کرنے پر اکسانے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے انہیں یہ سزا سنائی۔ اُس وقت کمار کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمان تھے۔ انہیں 2013ء میں اس الزام سے بری کر دیا گیا تھا تاہم ہائیکورٹ نے وفاقی استغاثہ کی اپیل پر یہ فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے انہیں عمر قید کی سزا سنائی ہے۔

[pullquote]صومالیہ میں فضائی حملوں کے نتیجے میں 62 عسکریت پسند مارے گئے، امریکی فوج[/pullquote]

امریکی فوج کے مطابق اس نے صومالیہ کے جنوب وسطی صوبہ بنادیر میں مختلف فضائی حملے کر کے 62 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ امریکی فوج کے افریقہ کمانڈ کے مطابق ہفتے کے روز چار حملے کیے گئے جن کے نتیجے میں 34 عسکریت پسند مارے گئے جبکہ اتوار کو کیے جانے والے مزید دو حملوں میں 28 شدت پسند ہلاک ہوئے۔ بیان کے مطابق یہ حملے افریقہ کمانڈ اور صومالیہ نے مشترکہ طور پر کیے

[pullquote]سعودی عرب نے امریکی سینیٹُ کی سعودی عرب میں ’دخل اندازی‘ مسترد کر دی[/pullquote]

سعودی عرب نے امریکی سینیٹ کی طرف سے گزشتہ ہفتے منظور کی جانے والی اُس قرار داد کو مسترد کر دیا ہے جس میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی ذمہ داری سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پر عائد کی گئی تھی۔ سعودی عرب کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ قرار داد سعودی عرب کے داخلی معاملات میں ’بے شرمانہ دخل اندازی‘ ہے اور اس کے علاقائی اور بین الاقوامی کردار کو زک پہنچانے کے مترادف ہے۔ سعودی عرب کی طرف سے اس بات کی بھی تردید کی گئی ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث ہیں۔

[pullquote]طالبان نے امریکی حکام کے ساتھ دبئی میں طے شدہ ملاقات کی تصدیق کر دی[/pullquote]

طالبان نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ اس کے نمائندے آج پیر کے روز متحدہ عرب امارات میں امریکی حکام کے ساتھ ملاقات کر رہے ہیں۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی طرف سے اتوار کے روز جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ملاقات میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔ قبل ازیں نومبر میں بھی افغانستان کے لیے خصوصی امریکی مندوب زلمے خلیل زاد کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی امریکی وفد نے طالبان کے ساتھ قطر میں ملاقات کی تھی۔ ان ملاقاتوں کا مقصد افغان تنازعے کا سیاسی حل تلاش کرنا ہے۔

[pullquote]فرینکفرٹ پولیس میں مبینہ دائیں بازو کے شدت پسند نیٹ ورک کی موجودگی کی تحقیقات[/pullquote]

جرمنی کی اسٹیٹ کریمنل پولیس (LKA) فرینکفرٹ پولیس فورس میں دائیں بازو کے ایک مبینہ شدت پسند گروپ کی موجودگی کی تحقیقات کرے گی۔ یہ بات جرمن اخبار ’فرانفرٹر الگمانے سائیٹنگ‘ نے اتوار کے روز بتائی۔ اخبار کے مطابق ریاست ہیسے میں ایل کے اے نے ایک خصوصی تحقیقاتی گروپ تشکیل دے دیا ہے جو پولیس افسران کے ایک گروپ کی طرف سے مبینہ طور پر ایک ترک نژاد خاتون وکیل کو لکھے گئے خط کی تحقیقات کرے گا۔ اس خط میں سیدا باسے یلدِز نامی اس وکیل کو تحقیر آمیز انداز میں مخاطب کرتے ہوئے انہیں ملک چھوڑ دینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ان کی دو سالہ بیٹی کو قتل کرنے کی دھمکی بھی دی گئی ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ کا مہاجرین کے حوالے سے بین الاقوامی معاہدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مہاجرین کے حوالے سے آج پیر کے روز ایک بین الاقومی معاہدہ ہو رہا ہے۔ دو سالہ مذاکرات کے بعد طے پانے والے اس معاہدے کا مقصد بین الاقوامی سطح پر سیاسی پناہ کے حصول کے طریقہ کار کو بہتر انداز میں منظم کرنا ہے۔ اس معاہدے میں ان اقوام کی مدد کرنے کی بھی بات کی گئی ہے جو تنازعات اور قدرتی آفات کے شکار علاقوں یا ظلم و زیادتی کے سبب فرار ہو کر آنے والوں کی مدد کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق سال 2017ء کے اختتام تک دنیا بھر میں 25.4 ملین مہاجرین مختلف ممالک میں پناہ لیے ہوئے تھے۔

[pullquote]شمالی کوریا کی امریکا کو دھمکیاں[/pullquote]

شمالی کوریا نے نئی پابندیوں کے تناظر میں امریکا کو دھمکی دی ہے۔ پیونگ یانگ کے مطابق نئی پابندیوں کی صورت میں ماضی کا تنازعہ دوبارہ سے شروع ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کی تمام تر کوششیں ہمیشہ کے لیے دفن ہو سکتی ہیں۔ اس بیان کے مطابق امریکا اگر یہ سمجھتا ہے کہ پابندیاں سخت کر کے اور دباؤ بڑھا کر وہ شمالی کوریا کو جوہری ہتھیار ختم کرنے پر مجبور کر سکتا ہے تو یہ اُس کی خام خیالی ہے۔ امریکا نے آج پیر کو تین اہم شمالی کوریائی عہدیداروں پر پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]یورپی یونین کا صدر بننے سے قبل رومانیہ کی یورپی یونین پر تنقید[/pullquote]

رومانیہ کی جانب سے یورپی یونین پر امتیازی سلوک روا رکھنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ رومانیہ کی وزیر اعظم ویوریسا ڈانسیلا اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ لیوو ڈریگنیا کے مطابق یورپی یونین ان کی حکومت کو بے مقصد تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم ڈانسیلا نے اس تنقید کو مسترد کرتے ہوئے اپنی جماعت سے کہا کہ کہ وہ اس طرح کے حملوں کو قبول نہ کرے۔ یورپی یونین کا موقف ہے کہ بخارسٹ حکومت بدعنوانی کو ختم کرنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہی۔ رومانیہ یکم جنوری 2019ء سے چھ ماہ کے لیے یورپی یونین کا صدر ملک ہو گا۔

[pullquote]جرمنی اور کویت اپنے تعاون کو بڑھانا چاہتے ہیں[/pullquote]

جرمنی اور خلیجی ریاست کویت اپنے بین الاقوامی تعاون کو وسیع کرنا چاہتے ہیں۔ یہ اعلان جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے اپنے کویتی ہم منصب صباح الخالد احمد الصباح سے ملاقات کے بعد کیا۔ دونوں وزرائے حارجہ نے اس مقصد کے لیے ایک دستاویز پر دستخط کیے ہیں، جس کے مطابق اس سلسلے میں سفارت کاروں اور ماہرین کے تبادلوں میں اضافہ کرتے ہوئے مشترکہ امدادی کارروائیوں کا دائرہ بھی بڑھایا جائے گا۔ اپنے دورہ کویت کے دوران ہائیکو ماس نے خطے میں جاری تنازعات کو حل کرنے کے حوالے سے کویت کے عزم کو سراہا۔

[pullquote]اقوام متحدہ کی طرف سے فلسطینیوں کے لیے 350 ملین ڈالر امداد کی اپیل[/pullquote]

اقوام متحدہ اور فلسطینی اتھارٹی نے فلسطینیوں کو آئندہ برس انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے 350 ملین ڈالرز کی امداد کی درخواست کی ہے۔ یہ اپیل فلسطینیوں کے لیے امداد میں ریکارڈ کمی کے تناظر میں کی گئی ہے۔ فلسطینی علاقوں میں اقوام متحدہ کے انسانی معاملات کے رابطہ کار کے مطابق 2019ء کے لیے ہیومینیٹیرین ریسپانس پلان میں ان 14 لاکھ فلسطینیوں کو ترجیح دی گئی ہے جنہیں خوراک، طبی سہولیات، رہائش، پانی اور نکاسی آب کی سہولیات کی اشد ضرورت ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے