جمعرات : 20 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکی انخلاء سے داعش کے خلاف جنگ کو نقصان پہنچے گا، جرمنی[/pullquote]

جرمنی نے متنبہ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے شام سے امریکی افواج واپس بلانے کے فیصلے سے دہشت گرد گروپ داعش کے خلاف جنگ خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کے مطابق داعش کو پیچھے دھکیل دیا گیا ہے مگر خطرہ ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔ اپنے ایک بیان میں ہائیکو ماس کا مزید کہنا تھا کہ ٹرمپ کے فیصلے سے داعش کے خلاف جنگی کامیابیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔

[pullquote]نہیں جانتا کہ ٹرمپ سے ملاقات کب ہو گی، پوٹن[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ انہیں یہ معلوم نہیں کہ وہ امریکی صدر سے کب ملاقات کر سکیں گے، تاہم یہ بات اہم ہے کہ ماسکو اور واشنگٹن تعلقات کو معمول پر لائیں۔ امریکی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے رواں ماہ کے آغاز میں کہا تھا کہ ٹرمپ اُس وقت تک پوٹن سے نہیں ملیں گے جب تک روس یوکرائن کے جنگی کشتیوں اور ان کے عملے کو رہا نہیں کرتا۔ ان جنگی کشتیوں کو گزشتہ ماہ کریمیا کے قریب سمندر سے قبضے میں لے لیا گیا تھا۔ اپنی سالانہ نیوز کانفرنس کے موقع پر پوٹن نے صحافیوں کو بتایا کہ انہیں نہیں معلوم کہ ایسی کوئی ملاقات ہو گی بھی یا نہیں۔

[pullquote]امریکا مشرق وسطیٰ میں پولیس مین کا کردار ادا نہیں کرنا چاہتا، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا مشرق وُسطیٰ میں ایک پولیس مین کا کردار ادا نہیں کرنا چاہتا۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں یہ بات شام سے امریکی فوجی واپس بلانے کے اپنے فیصلے کے دفاع میں لکھی ہے۔ ٹرمپ نے لکھا ہے کہ امریکا دوسروں کے تحفظ کے لیے قیمتی جانیں اور کھربوں ڈالرز خرچ کر رہا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ دیگر لوگ یہ جنگیں لڑیں۔ انہوں نے مزید لکھا ہے کہ روس، ایران، شام اور کئی دیگر ممالک اس بات پر خوش نہیں ہیں کہ امریکا شام سے واپس جائے کیونکہ انہیں اب داعش کے خلاف ہمارے بغیر خود ہی لڑنا پڑے گا۔

[pullquote]تبت کے حوالے سے نئے امریکی قانون کی شدت سے مخالفت کریں گے، چین[/pullquote]

چین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ تبت کے معاملے پر نئے امریکی قانون کی ’مستقل مزاجی سے مخالفت‘ کی جائے گی۔ وزارت خارجہ کے مطابق تبت چین کا داخلی معاملہ ہے اور بیجنگ اس میں کسی غیر ملکی مداخلت کو برداشت نہیں کرے گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز ایک قانون پر دستخط کیے تھے جس کا ہدف تبت میں امریکی سفارت کاروں، حکام، صحافیوں اور دیگر شہریوں کی رسائی بڑھانا ہے۔ اس قانون کے مطابق امریکا ان چینی حکام کو امریکا میں داخلے کی اجازت نہیں دے گا جو تبت تک امریکیوں کی رسائی کے راستے میں حائل ہوں گے۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق یہ قانون امریکا اور چین کے تعلقات کو نقصان پہنچائے گا۔

[pullquote]جرمن کمانڈر الیکزانڈر گیئرسٹ خلا سے واپس لوٹ آئے[/pullquote]

جرمن کمانڈر الیگزانڈر گیئرسٹ اپنے ساتھی خلابازوں کے ساتھ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے واپس زمیں پر پہنچ گئے ہیں۔ گیئرسٹ، امریکی خلاباز سیرینا اونن چانسلر اور روسی خلاباز سیرگئی پروکوپییف ساڑھے تین گھنٹے کی پرواز کے بعد عالمی وقت کے مطابق صبح پانچ بج کر دو منٹ روسی خلائی کیپسول سویوز کے ذریعے واپس زمین پر پہنچے۔ ان تینوں خلابازوں نے زمین کے گرد چکر لگانے والے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر 197 دن گزارے۔ اس دوران انہوں نے زمین کے گرد 3,152 مرتبہ چکر لگایا۔

[pullquote]ترک حملے سے داعش کو فائدہ پہنچے گا، شامی کُرد[/pullquote]

شامی کُردوں نے کہا ہے کہ ترکی کی طرف سے شام کے شمالی حصے میں کُردوں کے خلاف کسی ممکنہ کارروائی سے دہشت گرد گروپ داعش کو فائدہ ہو گا۔ گزشتہ ہفتے تُرک صدر رجب طیب ایردوآن نے اعلان کیا تھا کہ وہ شامی کُردوں کے خلاف فوجی آپریشن شروع کرنے والے ہیں۔ انقرہ حکومت ان عسکریت پسند کُردوں کو کالعدم کردستان ورکرز پارٹی کا حصہ سمجھتی ہے۔ شامی کردوں کے ایک اہلکار عبدالکریم عمر کے مطابق ان کے حراست میں متعدد غیر ملکی جنگجو موجود ہیں اور ترک حملے کی صورت میں پیدا ہونے والی افراتفری کے سبب ان کو فرار ہونے کا موقع مل سکتا ہے۔

[pullquote]امریکا شام سے اپنے تمام فوجی نکال لے گا[/pullquote]

امریکا نے کہا ہے کہ اس نے شام سے اپنے فوجی نکالنے کا کام شروع کر دیا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ تمام 2000 امریکی فوجی آئندہ 60 سے 100 دنوں کے درمیان شام سے واپس چلے جائیں گے۔ یہ پیشرفت ٹرمپ کی طرف سے اس دعوے کے بعد سامنے آئی ہے کہ امریکا نے شام میں داعش کو مکمل شکست دے دی ہے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارا ہکابی نے تاہم کہا ہے کہ شام سے امریکی فوجیوں کی واپسی کا مطلب امریکا کی اتحاد سے علیحدگی یا دہشت گردی کے خلاف اس کی مہم کا خاتمہ نہیں ہے۔ شام میں تعینات امریکی محکمہ خارجہ کے تمام اہلکاروں کو 24 گھنٹے کے اندر ہی وہاں سے نکال لیا جائے گا۔

[pullquote]سری لنکا کے صدر نے 30 رکنی کابینہ کا اعلان کر دیا[/pullquote]

سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا نے 30 رکنی کابینہ تشکیل دے دی ہے۔ یہ پیشرفت رانیل وکرمے سنگھے کی بطور وزیر اعظم بحالی کے چند دن بعد سامنے آئی ہے۔ منگالا سماراویرا کو دوبارہ وزیر خزانہ بنا دیا گیا ہے کیونکہ سری لنکا کو لازمی طور پر نئے برس کے آغاز سے قبل بجٹ منظور کرنا ہے۔ رواں برس اکتوبر میں صدر میتھری پالا سری سینا نے رانیل وکرمے کو وزارت عظمیٰ سے ہٹا کر سابق صدر مہیندا راجا پاکسے کو اس عہدے پر فائز کر دیا تھا جس کے بعد سے سری لنکا سیاسی بحران کا شکار تھا۔

[pullquote]اسکینڈے نیویا کی دو خواتین سیاحوں کا قتل دہشت گردی تھا، مراکش[/pullquote]

مراکشی حکام نے کہا ہے کہ اسکینڈے نیویا کی دو نوجوان سیاحوں کو ایک عسکریت پسند گروپ نے قتل کیا تھا۔ استغاثہ کے مطابق اس قتل کے تناظر میں گرفتار کیے گئے ایک شخص کا تعلق ایک بے نام دہشت گرد گروپ سے ہے۔ اس کے علاوہ تین دیگر مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ پیر کے روز مراکش کی بلند ترین چوٹی اطلس کے قریب ہائیکنگ روٹ پر دونوں خواتین کی سر بریدہ لاشیں ملی تھیں۔ پولیس ایک ایسی ویڈیو کے بارے میں بھی تحقیقات کر رہی ہے جس میں مبینہ طور پر ایک خاتون کو قتل کرتے دکھایا گیا ہے۔

[pullquote]امریکا میں فیس بک کے خلاف مقدمہ[/pullquote]

امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے دفتر استغاثہ نے سماجی ویب سائٹ فیس بک کے خلاف اعداد و شمار کے غلط استعمال پر مقدمہ قائم کر دیا ہے۔ وکیل استغاثہ کارل ریسین نے بتایا کہ فیس بک اپنے صارفین کی معلومات کے تحفظ میں ناکام رہا ہے۔ فیس بک نے مارچ میں تسلیم کیا تھا کہ اس کے 87 ملین صارفین کا ڈیٹا کیمبرج اینالیٹیکا کے پاس تھا اور جسے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم کے دوران استعمال کیا گیا تھا۔ فیس بک کی جانب سے اس مقدمے کے حوالے سے ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

[pullquote]ریاست ایلینوئے میں پادریوں کی جانب سے بچوں کے ساتھ زیادتی کے نئے واقعات[/pullquote]

امریکی ریاست ایلینوئے نے کیتھولک چرچ پر بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے معاملے پر شدید الزامات عائد کیے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ دفتر استغاثہ آج کل کم از کم ایسے پانچ واقعات کی تحقیقات کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں جنسی زیادتی کے مزید 185 واقعات سامنے آئے ہیں۔ وکیل استغاثہ کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ چرچ نے ان الزامات کی صحیح انداز میں تحقیقات نہیں کی تھیں اور اس طرح چرچ ایلینوئے کے پادریوں کے غلط جنسی رویوں کے واقعات منظر عام پر نہ لاتے ہوئے اپنی اخلاقی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہا ہے۔

[pullquote]ملک بدر کیے جانے والے تارکین وطن کو جیلوں میں رکھا جائے گا، جرمن ریاستوں کا اتفاق[/pullquote]

جرمنی کی تمام 16 ریاستیں ایسے تارکین وطن کو جیلوں میں رکھنے پر متفق ہو گئی ہیں جن کی ملک بدری کے احکامات جاری ہو چکے ہوں۔ جرمن اخبار ڈی ویلٹ کے مطابق یہ فیصلہ رواں ماہ ان ریاستوں کے سربراہان حکومت کی ایک ملاقات میں ہوا۔ 2014ء میں یورپی عدالت انصاف نے کہا تھا کہ ایسے تارکین وطن کو جن کی ملک بدری کا فیصلہ ہو چکا ہو انہیں جیلوں میں عام قیدیوں کے ساتھ نہ رکھا جائے۔ تاہم پولیس حکام کے مطابق الگ مقام پر رکھے جانے والے ایسے افراد اکثر ملک بدری کے وقت وہاں سے غائب ہو جاتے ہیں۔

[pullquote]لندن کے گیٹ وک ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطّل[/pullquote]

لندن کے گیٹ وک ہوائی اڈے کی انتظامیہ کو بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ حکام کے مطابق ہوائی اڈے کے قریب ڈرون طیاروں کی موجودگی کے باعث گیٹ وک کو بند کرتے ہوئے تمام پروازیں معّطل کر دی گئیں۔ گیٹ وک پہنچنے والی تمام پروازوں کو دوسرے ایئر پورٹس کی جانب موڑ دیا گیا۔ پولیس اس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔ گیٹ وک یورپ کا ساتواں بڑا ہوائی اڈہ ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے