منی لانڈرنگ کیس: آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں 7 جنوری تک توسیع

کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں آج کراچی کی بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے، جہاں ان کی ضمانت میں 7 جنوری تک کی توسیع کردی گئی۔

منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت کا کل آخری روز تھا۔

واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مقدمے کا حتمی چالان ابھی تک عدالت میں جمع نہیں کرایا، تاہم جعلی بینک اکاؤنٹس کے معاملے میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جےآئی ٹی) کی رپورٹ میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں چار جعلی بینک اکاؤنٹس سے فریال تالپور کے دستخطوں سے لین دین کا ذکر ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فریال تالپور زرداری گروپ اینڈ کمپنی کے مالی امور کو بھی دیکھتی رہی ہیں۔

جے آئی ٹی رپورٹ میں آصف زرداری اور فریال تالپور کے ہمراہ مظفر ٹپی کے متنازع کردار، نجی بینک کے سربراہ اور یو اے ای کے شہری ناصر عبد اللہ لوتھا کا بھی ذکر ہے۔

صدر پیپلز پارٹی آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی آج بینکنگ کورٹ میں پیشی کے موقع پر عدالت کے باہر بیریئر لگا دیئے گئے ہیں۔

دوسری طرف آصف زرداری کی ممکنہ گرفتاری پر پیپلزپارٹی نے بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا ہے اور اعلیٰ سطح کے اجلاس میں احتجاج کی حکمت عملی طے کرلی گئی ہے، جس کے تحت پیپلز پارٹی کے تمام ارکان پارلیمنٹ آج بینکنگ کورٹ پہنچیں گے۔

پی پی پی خواتین ونگ نے بھی تمام عہدیداران کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور بڑی تعداد میں جیالے بھی آصف زرداری اور فریال تالپور کے استقبال کے لیے موجود ہوں گے۔

بینکنگ کورٹ کے باہر قائدین کے حق میں بینرز بھی آویزاں کردیئے گئے ہیں۔

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کو پتا ہے کہ جے آئی ٹی کی سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کیا ہے، اسی لیے وہ بوکھلائی ہوئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست بھی دائر کردی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے پارٹی کی ہدایت پر آصف زرداری کی نااہلی کیلئے درخواست کراچی میں واقع الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر میں جمع کرائی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ آصف علی زرداری نیو یارک میں قائم اپارٹمنٹ کے مالک ہیں، انہوں نے الیکشن کمیشن میں جمع کروائے جانے والے اثاثوں میں اس اپارٹمنٹ کا ذکر نہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ آئین کے مطابق آصف زرداری صادق اور امین نہیں رہے لہذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے