منگل : 25 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]انڈونیشیا: سونامی کے سبب ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 429 ہو گئی[/pullquote]

انڈونیشیا میں ہفتے کی شب آنے والے سونامی کے سبب ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 429 ہو گئی ہے۔ اس قدرتی آفت کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 1400 سے زائد ہے جبکہ 128 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ فوجی اہلکار، امدادی ادارے اور رضاکار سونامی سے تباہی کا شکار ہونے والے ساحلوں پر تلاش کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہفتے کی شب انڈونیشیا کے جزائر سماٹرا اور جاوا کے درمیان واقع آبنائے سُنڈا پر واقع ایک آتش فشاں پہاڑ کے پھٹنے کے بعد یہ سونامی کی لہریں اٹھی تھیں۔

[pullquote]سوڈان میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران 37 افراد ہلاک[/pullquote]

افریقی ملک سوڈان میں حکومتی سکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کم از کم 37 افراد مارے گئے۔ انسانی حقوق پر نظر رکھنے والی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق یہ مظاہرین حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ سوڈانی حکومت نے ملک بھر میں جاری ان مظاہروں کے سبب بدھ کے روز ملک کے دو صوبوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی تھی۔ ایمنسٹی کے علاقائی ڈپٹی ڈائریکٹر نے اپنے ایک بیان میں سوڈانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال نہ کرے۔

[pullquote]بنگلہ دیش میں انتخابات سے قبل صحافیوں پر حملہ[/pullquote]

بنگلہ دیش میں عام انتخابات سے قبل حکومتی سیاسی جماعت کے حامیوں کے ایک حملے میں کم از کم 10 صحافی زخمی ہو گئے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق لاٹھیوں سے مسلح افراد نے نواب گنج کے علاقے میں پیر کی شب ایک موٹل پر حملہ کر دیا جہاں کئی مقامی میڈیا اداروں کے صحافی ٹھہرے ہوئے تھے۔ حملہ آوروں نے دو بنگلہ دیشی ٹیلی وژن چینلز سے تعلق رکھنے والے کم از کم 10 صحافیوں کو زخمی کر دیا جبکہ 16 کاروں کے شیشے توڑ دیے۔ اس حملے کی ذمہ داری حکمران عوامی لیگ کے اسٹوڈنٹ اور یوتھ وِنگ پر عائد کی گئی ہے۔ ایک مقامی نیوز پیپر کے مطابق اس کے صحافی پیر کی شام سے لاپتہ ہیں۔

[pullquote]چین میں اغوا شدہ بس راہگیروں پر چڑھانے کے واقعے میں پانچ ہلاکتیں[/pullquote]

چین میں ایک اغوا شدہ بس کی ٹکر سے کم از کم پانچ راہگیر ہلاک ہو گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق صوبہ فوجیان میں پیش آنے والے اس واقعے میں اکیس سے زائد دیگر افراد زخمی بھی ہیں۔ پولیس کے بقول بس کے اغوا کار کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور گرفتاری کے وقت وہ ہاتھوں میں خنجر اٹھائے ہوئے تھا۔ حکام نے مبینہ ملزم کی شناخت فی الحال ظاہر نہیں کی ہے۔

[pullquote]نیا ایرانی بجٹ، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے آج منگل کو پارلیمان کے سامنے ملکی بجٹ پیش کردیا۔ روحانی نے اپنی تقریر میں کہا کہ امریکا پابندیوں کے ذریعے ایران کے اسلامی نظام کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دینا چاہتا ہے لیکن وہ ناکام ہو جائے گا۔ تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ امریکی پابندیوں نے عوام اور اقتصادی ترقی کو متاثر کیا ہے۔ چار ہزار سات سو ٹریلین ریال کا یہ بجٹ اکیس جنوری 2019ء سے شروع ہونے والے اگلے مالی سال کے لیے ہے۔ اس بجٹ کے تحت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے علاوہ کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات کی خریداری کے لیے مزید رعایتیں بھی دی جائیں گی۔

[pullquote]ڈونلڈ ٹرمپ کی امریکی مرکزی بینک پر تنقید[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملکی مرکزی بینک کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ٹرمپ کی ایک تازہ ٹویٹ کے مطابق فیڈرل ریزرو نامی مالیاتی ادارہ ہی وہ واحد مسئلہ ہے، جس کا آج کل امریکی معیشت کوسامنا ہے۔ ٹرمپ کے بقول کرنسی کے محافظ اس ادارے کو مالیاتی منڈی میں ہونے والی تبدیلوں کی کوئی اندازہ ہی نہیں۔ امریکی صدر اس سے قبل بھی مالیاتی پالیسیوں کے حوالے سے ملکی مرکزی بینک پر بارہا تنقید کر چکے ہیں۔ ٹرمپ کی اس ٹویٹ کے بعد نیو یارک کے بازار حصص میں ’ڈاؤ جونز انڈکس‘ تین فیصد کی کمی کے بعد بائیس ہزار پوائنٹس تک آ گیا۔

[pullquote]لیبیا میں وزارت خارجہ کی عمارت پر حملے کی اطلاعات[/pullquote]

لیبیا کے دارالحکومت میں وزارت خارجہ کی عمارت پر ہونے والے حملے میں کم از کم تین افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ حکام نے بتایا کہ عمارت کے سامنے ایک کار بم دھماکا ہوا، جس کے بعد تین سے چار حملہ آوروں نے وزارت خارجہ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ بتایا گیا ہے کہ اس واقعے میں سات افراد زخمی ہیں۔ ابھی تک کسی بھی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]انڈونیشیا میں زلزلے کے مزید جھٹکوں کا خطرہ، عوام خوف زدہ[/pullquote]

انڈونیشیا میں سونامی کے بعد مزید طاقتور سمندری لہروں کا خوف پایا جاتا ہے۔ ہنگامی امداد کے ملکی ادارے نے عوام سے کہا ہے کہ جاوا اور سماٹرا کے جزائرے سے خاص طور پر جبکہ دیگر ساحلی علاقوں سے بھی دور رہنے کی کوشش کی جائے۔ بتایا گیا ہے کہ ’اناک‘ نامی آتش فشاں ابھی تک لاوا اگل رہا ہے، جس سے زلزلے کے نئے جھٹکوں کا خطرہ ہے۔ حکام کے مطابق ہفتے کو آنے والی سونامی لہروں سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب 425 سے تجاوز کر گئی ہے۔ امدادی کارروائیوں میں ابھی تک راستے بند ہونے کی وجہ سے مشکلات پیش آرہی ہیں۔

[pullquote]بھارت کے سب سے طویل ریل- روڈ پل کا افتتاح[/pullquote]

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارت کے سب سے طویل ریل۔ روڈ پل کا افتتاح کر دیا ہے۔ ریاست آسام کے براما پترا دریا پر تعمیر کیے جانے والے اس پل کی لمبائی تقریباً پانچ کلومیٹر ہے۔ مودی نے اس پل کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ یہ صرف ایک پل نہیں ہے بلکہ یہ خطے کے لاکھوں افراد کی زندگیوں کو بہتر بنائے گا۔ 59 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیے جانے والے اس پل پر گاڑیوں کے لیے تین لینز ہیں جبکہ ٹرینیوں کے لیے دو لائنیں بچھائی گئی ہیں۔

[pullquote]پوپ کا کرسمس پیغام، انسانوں کی انسانوں سے لاتعلقی پر تنقید[/pullquote]

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کرسمس کے مسیحی تہوار کے موقع پر اپنے پیغام میں غیر متوازن انسانی رویوں اور انسانوں کی انسانوں سے لاتعلقی پر تنقید کی ہے۔ ویٹیکن سٹی کے پیٹرز اسکوائر میں چوبیس اور پچیس دسمبر کی درمیانی شب ہزارہا کیتھولک زائرین کے شبینہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پاپائے روم نے کہا کہ آج کے دور میں انسان اتنا لالچی ہو چکا ہے کہ اس کی حرص کا پورا ہونا ممکن ہی نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ مادی اشیاء کا حصول بہت سے انسانوں کے لیے ان کی زندگی کا مقصد بن چکا ہے، جو غلط ہے۔ اپنے اس خطاب میں پوپ فرانسس نے انسانوں کے مابین پائی جانے والی عدم مساوات پر بھی تنقید کی۔

[pullquote]شمالی کوریا وارم بیئر کے خاندان کو 501 ملین ڈالر ادا کرے، امریکی عدالت[/pullquote]

شمالی کوریا کو ہلاک ہونے والے امریکی شہری اوٹو وارم بیئر کے خاندان کو501 ملین ڈالر ادا کرنا چاہییں۔ واشنگٹن میں وفاقی عدالت کے مطابق شمالی کوریا وارم بیئر پر تشدد، اسے مغوی بنانے اور ہلاک کرنے کا ذمہ دار ہے۔ اکیس سالہ وارم بیئر کو 2016ء کے اوائل میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا، جب وہ ایک گروپ کے ساتھ شمالی کوریا کا دورہ کر کے واپس امریکا آ رہا تھا۔ اسے کمیونسٹ کوریا میں ریاست مخالف کارروائیوں میں ملوث ہونے کے جرم میں پندرہ سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔ 2017ء میں امریکا پہنچتے ہی وہ انتقال کر گیا تھا۔ یہ امریکی شہری شمالی کوریا میں بھی کئی مہینے کوما کی حالت میں رہا تھا۔

[pullquote]سوڈان میں صدر البشیر کا اصلاحات کا وعدہ[/pullquote]

سوڈانی صدر عمر حسن البشیر نے ملک میں اصلاحات متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ خبر رساں ادارے سونا کے مطابق البشیر نے کہا کہ یہ اصلاحات عوام کے لیے ’معقول اور باوقار زندگی‘ کی ضمانت بنیں گی۔ سوڈان میں گزشتہ کئی روز سے مہنگائی کے خلاف شدید مظاہرے جاری ہیں۔ سلامتی کے اداروں کے ارکان اور مظاہرین کے مابین ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ مظاہرین عمر البشیر کے استعفے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔

[pullquote]کابل حملے میں مرنے والوں کی تعداد 43 ہو گئی[/pullquote]

افغان دارالحکومت میں گزشتہ روز ہونے والے حملے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 43 ہو گئی ہے۔ افغان وزارت صحت کے ترجمان واحد مجروح نے بتایا کہ پولیس اور امدادی کارکن آج منگل کو بھی کابل میں عوامی فلاح و بہبود کے ادارے کی عمارت میں مزید زخمیوں کو تلاش کر رہے ہیں۔ کل پیر کو ایک خود کش بمبار اور مسلح افراد نے اس عمارت پر حملہ کیا تھا، جو آٹھ گھنٹوں تک جاری رہا تھا۔ خود کش حملہ آور عمارت کے دروازے پر ہی ہلاک ہو گیا تھا جبکہ باقی تینوں حملہ آور جوابی کارروائی میں مارے گئے تھے۔ کسی بھی تنظیم نے تاحال اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

[pullquote]ایران: آیت اللہ محمود ہاشمی شاہرودی انتقال کر گئے[/pullquote]

ایرانی محکمہ انصاف کے سابق سربراہ آیت اللہ محمود ہاشمی شاہرودی پیر کی شب ستر برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ خبر رساں ادارے ’ارنا‘ کے مطابق شاہرودی سرطان کے مرض میں مبتلا تھے۔ ایسی خبریں بھی ہیں کہ وہ علاج کے لیے جرمنی بھی آئے تھے۔ وہ ایرانی انقلاب کے قائد آیت اللہ خمینی کے شاگرد تھے۔ محمکہ انصاف کی باگ ڈور ایک ایسے وقت میں ان کے ہاتھوں میں تھی، جب ایران میں حکومت مخالفین، صحافیوں اور شہری حقوق کے لیے سرگرم افراد کے خلاف شدید کارروائیاں کی گئی تھیں۔ اپنے انتقال کے وقت شاہرودی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ تھے۔

[pullquote]امریکی اداکار کیون اسپیسی پر جنسی حملوں کے الزامات، عدالتی پیشی جنوری میں[/pullquote]

معروف امریکی اداکار کیون اسپیسی کو اپنے خلاف جنسی حملوں کے الزامات کی وجہ سے عدالت میں جواب دہ ہونا پڑے گا۔ امریکی ریاست میساچوسیٹس کے ریاستی دفتر استغاثہ کی طرف سے بتایا گیا کہ ہالی وُڈ کے آسکر ایوارڈ یافتہ اس اداکار کو سات جنوری کو نَین ٹکَیٹ کی ایک عدالت میں جج کے سامنے پیش ہونا ہو گا۔ ان کے خلاف مبینہ جنسی حملے اور جسمانی طور پر زخمی کر دینے سے متعلق یہ الزامات ایک اٹھارہ سالہ لڑکے نے جولائی دو ہزار سولہ میں پیش آنے والے ایک واقعے کے بعد لگائے تھے۔ انسٹھ سالہ کیون اسپیسی ان الزامات کے بعد عوامی منظر نامے سے دوری اختیار کر چکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے