بدھ : 26 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران اور افغان طالبان کے مابین مذاکرات ہوئے ہیں، خبر رساں ادارہ تسنیم[/pullquote]

ایران نے افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات کیے ہیں۔ قومی سلامتی کی ملکی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی نے خبر رساں ادارے تسینم کو بتایا کہ طالبان کے ساتھ ہونے والے رابطے اور بات چیت کے بارے میں کابل حکومت کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ تاہم تسنیم نے مذاکرات کی تاریخ یا مقام کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔ شمخانی کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ سے خطے میں استحکام کے بنیادی ستونوں میں سے ایک ہے۔ ان کے بقول دونوں ممالک کے مابین تعاون سے یقینی طور پر افغانستان میں سلامتی کی صورتحال پر مثبت اثر پڑے گا۔

[pullquote]یمنی شہر الحدیدہ میں ایک اہم اجلاس، بہتر نتائج کی امید[/pullquote]

آج بدھ کو یمنی شہرالحدیدہ میں ایک اہم اجلاس منقعد ہوا ہے۔ یمنی حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ اس موقع پر اقوام متحدہ کی سربراہی میں قائم فائر بندی کی نگرانی کرنے والی ٹیم کے ساتھ ساتھ تنازعہ کے فریقین کے نمائندے بھی موجود تھے۔ الحدیدہ میں فائر بندی معاہدے پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد یہ ان کا پہلا اجلاس تھا۔ یمن کے اس اہم ترین بندرگاہی شہر میں اٹھارہ دسمبر سے فائر بندی پر عمل درآمد ہو رہا ہے۔

[pullquote]جوہری ہتھیاروں کی دوڑ پر جرمن وزیر خارجہ کے تحفظات[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے جوہری ہتھیاروں کے حصول کی دوڑ پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ماس نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ جرمنی اور یورپ کے دیگر ممالک میں نئے جوہری میزائلوں کی تنصیب کے خلاف ہیں۔ ان کے بقول یورپ کو کسی بھی صورت میں اسلحے کی دوڑ پر جاری بحث کا موضوع نہیں بننا چاہیے۔ اسی ماہ کے اوائل میں روسی صدر ولادی میر پوٹن نے جوہری جنگ کے بڑھتے ہوئے خطرے سے خبردار کیا تھا۔

[pullquote]چین میں انسانی حقوق کے معروف وکیل کے خلاف مقدمے کی کارروائی شروع[/pullquote]

چینی شہر تیانجن میں انسانی حقوق کے ایک وکیل وانگ کوان زانگ کے خلاف مقدمے کی سماعت شروع ہو گئی ہے۔ حکام اس وکیل پر تخریبی کارووائیوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کرتے ہیں۔ کوان زانگ انسانی حقوق کے لیے سرگرم ان دو سو افراد میں شامل ہیں، جو گزشتہ تین سال سے بھی زائد عرصہ سے زیر حراست ہیں۔ بطور وکیل انہوں نے حزب اختلاف،کالعدم فالون گونگ تنظیم کے ارکان اور مجبور کسانوں کا دفاع کیا تھا۔ انتہائی سخت نگرانی میں شروع ہونے والے اس مقدمے کی کارروائی کو عام نہیں کیا جائے گا۔

[pullquote]جنوبی اور شمالی کوریا، زمینی رابطوں کی بحالی کے منصوبوں کا افتتاح[/pullquote]

جنوبی اور شمالی کوریا نے ٹریفک اور ریلوے رابطوں کی بحالی کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ جنوبی کوریائی ذرائع نے بتایا کہ یہ تقریب شمالی کوریائی شہر کائی سونگ میں منقعد ہوئی۔ سنگ بنیاد رکھے جانے کے موقع پر دونوں ممالک کے وفود، اقوام متحدہ اور پڑوسی ممالک کے نمائندے بھی موجود تھے۔ اس منصوبے کا ایک مقصد اقتصادی روابط کو بڑھانا بھی ہے۔ اس سلسلے میں شمالی کوریا میں سڑکوں کے نظام کو جدید تر بھی بنایا جائے گا۔

[pullquote]انڈونیشیا: امدادی کارروائیوں میں سست روی[/pullquote]

سونامی سے متاثرہ انڈونیشی علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں شدید مسائل پیش آ رہے ہیں۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ شدید بارشوں اور نئی سونامی لہروں کے خطرے کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں کی رفتار انتہائی سست ہے۔ ڈی ڈبلیو کے ایک رپورٹر کے مطابق متاثرہ علاقے میں غلطی سے سونامی کا انتباہی الارم بجنے سے افراتفری پھیل گئی تھی۔ گزشتہ اختتام ہفتہ پر جاوا اور سماٹرا میں آنے والی سونامی لہروں کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب 430 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 15سو سے زائد افراد زخمی ہیں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ اناک نامی آتش فشاں سے ابلنے والا لاوا مزید طاقت ور سمندری لہریں پیدا کر سکتا ہے۔

[pullquote]شام کا اسرائیلی فضائی حملہ ناکام بنا دینے کا دعویٰ[/pullquote]

شام نے ایک مبینہ اسرائیلی میزائل حملہ ناکام بنا دینے کا دعویٰ کیا ہے۔ خبر رساں ادارے’سانا‘ نے بتایا کہ یہ میزائل لبنانی علاقے کے اوپر سے داغے گئے تھے اور انہیں ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا گیا۔ اس حملے کا نشانہ ممکنہ طور پر دمشق کے قریب اسلحے کے ڈپو تھے۔ اس واقعے میں تین فوجی زخمی ہوئے ہیں۔سیریئن آبزرویٹری کے رامی عبدالرحمان کے بقول اسلحے کے جن ذخیروں کو تباہ کرنے کے لیے یہ حملے کیے گئے، وہ ایرانی پاسداران انقلاب اور ان کے اتحادیوں کے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بھی ایک شامی میزائل حملے کو ناکام بنا دینے کا دعویٰ کیا ہے۔

[pullquote]وارسا کے قریب ایک عمارت میں آتشزدگی ، کم از کم چھ ہلاکتیں[/pullquote]

پولینڈ میں لکڑی سی بنی ہوئی ایک عمارت میں آتشزدگی کے واقعے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ آگ بجھانے والے عملےنے آج بدھ کو بتایا کہ یہ آگ کرسمس کی شام بھڑکی تھی اور فائر بریگیڈ کے پہنچنے تک پوری عمارت مکمل طور پر شعلوں کی لپیٹ میں تھی۔ آتشزدگی کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ دارالحکومت وارسا کے ایک قریبی ضلع میں واقع یہ عمارت اکثر بے گھر افراد استعمال کرتے تھے۔

[pullquote]جب تک رقوم نہیں ملیں گی، شٹ ڈاؤن جاری رہے گا، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کئی سرکاری محکموں کی جزوی بندش کے معاملے میں کسی قسم کی مفاہمت پر تیار نہیں ہیں۔ ٹرمپ کے بقول وہ ابھی یہ نہیں کہہ سکتے کہ معمول کی حکومتی کارکردگی کب تک بند رہے گی۔ ٹرمپ میکسیکو کے ساتھ سرحد پر دیوار کی تعمیر پر بضد ہیں جبکہ حزب اختلاف کی جانب سے انہیں شدید مخالفت کا سامنا ہے۔ وہ اس تعمیر کے لیے پانچ ارب ڈالر مہیا کیے جانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ صدر کی جانب سے بجٹ دستاویز پر دستخط نہ کیے جانے کے بعد گزشتہ اختتام ہفتہ سے امریکی میں حکومت کو جزوی شٹ ڈاؤن کا سامنا ہے۔ اس جزوی بندش سے تقریباً آٹھ لاکھ ملازمین متاثر ہو رہے ہیں۔

[pullquote]رودبار انگلستان سے چالیس مہاجرین کو بچا لیا گیا[/pullquote]

فرانس اور برطانیہ کو ملانے والی انگلش چینل میں تقریباً چالیس مہاجرین کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا۔ برطانوی وزارت داخلہ کے مطابق متعدد بچوں سمیت یہ افراد چھوٹی کشتیوں میں سوار تھے۔ برطانیہ پہنچائے جانے والے تیس سے زائد مہاجرین کا تعلق عراق، ایران اور افغانستان سے ہے۔ اسی طرح فرانسیسی بحریہ نے بھی کَیلے نامی شہر کے قریب آٹھ پناہ گزینوں کو بچا لیا۔ مہاجرین اکثر فرانس سے انگلش چینل کو پار کر کے برطانیہ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔

[pullquote]جاپان بین الاقوامی وہیلنگ کمیشن سے نکل گیا[/pullquote]

جاپان وہیل مچھلیوں کے شکار سے متعلق بین الاقوامی وہیلنگ کمیشن میں اپنی رکنیت سے دستبردار ہو گیا ہے۔ جاپانی حکومت نے پہلے ہی سے یہ دھمکی دے رکھی تھی کہ ٹوکیو اس کمیشن میں اپنی رکنیت ختم کر سکتا ہے۔ جاپان دنیا کی تیسری سب سے بڑی اقتصادی طاقت ہے اور اگلے برس جولائی سے قریب تیس برس بعد ایک بار پھر ایسا ہو گا کہ جاپان تجارتی بنیادوں پر وہیل مچھلیوں کا شکار شروع کرے گا۔ وہیل مچھلیوں کے شکار پر 1986 سے پابندی عائد ہے۔ لیکن جاپان ہر سال بہت سی وہیل مچھلیوں کا شکار کرتا ہے۔ اس بارے میں اس کا موقف یہ ہے کہ یہ شکار سائنسی تحقیقی مقاصد کے لیے کیا جاتا ہے۔

[pullquote]تیونس میں صحافی کی احتجاجی خود سوزی کے بعد عوامی مظاہرے[/pullquote]

شمالی افریقی ملک تیونس میں ایک صحافی کی طرف سے احتجاجاﹰ خود سوزی کے بعد عوامی مظاہرے شروع ہو گئے۔ عبدالرزاق زورگئی نامی اس صحافی نے اپنے ملک میں عوام کو درپیش بے تحاشا اقتصادی مشکلات کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے خود کو آگ لگا کر اپنی جان لے لی تھی۔ اس واقعے کے بعد ملک بھر میں شدید تشویش پائی جانے لگی تھی اور قصرین نامی شہر میں مظاہرین کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی شروع ہو گئی تھیں۔ اس صحافی نے خود سوزی پیر کے روز کی تھی۔ اسے شدید زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں وہ انتقال کر گیا تھا۔

[pullquote]امریکی بارڈر گارڈز کی حراست میں ایک ماہ میں دوسرا تارک وطن بچہ ہلاک[/pullquote]

رواں ماہ کے دوران دوسری مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ امریکی بارڈر گارڈز کی حراست میں گوئٹے مالا کا ایک تارک وطن بچہ ہلاک ہو گیا ہے۔ حکام کے مطابق اس آٹھ سالہ لڑکے کا انتقال نامعلوم وجوہات کی بناء پر ریاست نیو میکسیکو کے ایک ہسپتال میں ہوا۔ اس بچے کو امریکی سرحدی محافظین نے اس کے والد کے ہمراہ اس وقت گرفتار کر لیا تھا، جب یہ دونوں میکسیکو کی سرحد پار کر کے امریکا میں داخل ہونا چاہ رہے تھے۔ اس مہینے کے شروع میں گوئٹے مالا ہی سے تعلق رکھنے والی ایک سات سالہ بچی بھی اپنے جسم میں پانی کی کمی کی وجہ سے انتقال کر گئی تھی۔ یہ بچی بھی ایک نابالغ تارک وطن تھی، جو امریکی بارڈر گارڈز کی حراست میں تھی۔

[pullquote]دونوں کوریائی ریاستوں کا زمینی، ریل رابطوں کی بحالی کا عزم[/pullquote]

جنوبی کوریا کا ایک وفد بدھ کے روز حریف ہمسایہ ریاست شمالی کوریا کے لیے روانہ ہو گیا۔ یہ وفد کمیونسٹ کوریا میں اس منقسم جزیرہ نما کی دونوں ریاستوں کے مابین زمینی اور ریلوے رابطوں کی بحالی کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھے جانے کی تقریب میں حصہ لے گا۔ شمالی اور جنوبی کوریا کے مابین جزیرہ نما کوریا کو غیر ایٹمی خطہ بنانے سے متعلق مذاکرات جمود کا شکار ہو چکے ہیں۔ اس کے باوجود دونوں ریاستیں اس منصوبے پر عمل درآمد کا تہیہ کیے ہوئے ہیں۔ جنوبی کوریا کے قریب سو رکنی وفد کو لے کر ایک ریل گاڑی آج سیول سے شمالی کوریا کے سرحدی شہر کائے سونگ کے لیے روانہ ہو گئی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے