ملک میں گیس بحران میں شدت، سائٹ کراچی کے صنعتکاروں کا فیکٹریاں بند کرنے کا اعلان

کراچی: ملک بھر سمیت شہرِ قائد میں بھی گیس بحران میں شدت آگئی ہے جس کی وجہ سے سائٹ ایریا کے صنعت کاروں نے فیکٹریاں بند کرنے کا اعلان کردیا۔

چیئرمین سائٹ ایسوسی ایشن سلیم پاریکھ نے کہا ہے کہ اتوار (30 دسمبر) سے سائٹ ایریا میں صنعتیں بند کر دیں گے۔

سلیم پاریک کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی میں بدانتظامی کی وجہ سے بھاری نقصان ہو رہا ہے۔

انھوں نے منگل (یکم جنوری) کو گورنر ہاؤس کے باہر احتجاج کا بھی اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب گیس بحران پر سوئی سدرن گیس کمپنی اور صنعت کاروں کا اجلاس آج ہوگا۔

واضح رہے کہ سوئی سدرن کمپنی نے کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو آج بھی گیس فراہم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رواں ماہ کے وسط میں بھی ایک ہفتے تک سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز بند رہے تھے، جب سوئی سدرن گیس کمپنی نے غیرمعینہ مدت تک گیس سپلائی بند کردی تھی۔

سوئی سدرن کمپنی نے گیس فیلڈز میں خرابی کا دعویٰ کیا تھا جس سے انڈسٹریز اور رہائشی علاقوں میں گیس کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی۔

سی این جی بند ہونے سے پبلک ٹرانسپورٹ کا پہیہ جام ہوگیا تھا، جس کے باعث اسکول،کالج، یونیورسٹی اور دفاتر جانے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب کہ گیس کی بندش کے باعث سندھ میں 70 فیصد صنعتیں بھی بند ہوگئی تھیں۔

بعدازاں سندھ میں گیس بحران پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لے کر سوئی سدرن و ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو تحلیل کردیا تھا جبکہ دونوں کمپنیوں کے مینیجنگ ڈائریکٹرز کے خلاف تحقیقات بھی شروع کی گئیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے