ہفتہ : 29 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بنگلہ دیش میں الیکشن سے قبل چھ لاکھ سکیورٹی اہلکار تعینات[/pullquote]

بنگلہ دیش میں پارلیمانی انتخابات سے قبل ممکنہ تشدد کے پیش نظر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق اتوار کو ہونے والے اس الیکشن سے ایک روز قبل ملک بھر میں چھ لاکھ سکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔ توقع ہے کہ وزیر اعظم شیخ حسینہ کی عوامی لیگ ریکارڈ مسلسل چوتھی مرتبہ میدان مار لے گی۔ انتخابی مہم کے دوران حکمران عوامی لیگ اور مرکزی اپوزیشن بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے حامیوں کے مابین ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں تیرہ افراد ہلاک جبکہ ہزاروں زخمی ہوئے۔ اپوزیشن کا الزام ہے کہ اس کے خلاف ریاستی کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے تاہم ڈھاکا حکومت اسے مسترد کرتی ہے۔

[pullquote]مصری سکیورٹی فورسز کی کارروائی، چالیس جنگجو ہلاک[/pullquote]

مصری حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے کے دن عسکری کارروائی کرتے ہوئے کم ازکم چالیس ’دہشت گردوں‘ کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ جمعے کے دن ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد گیزہ صوبے اور جزیرہ نما سینائی میں جنگجوؤں کے خلاف متعدد کارروائی کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ گیزہ میں تیس اور سینائی میں دس جنگجو ہلاک ہوئے۔ جمعے دن مشہور زمانہ گیزہ اہرام سے چار کلو میٹر دور ایک سڑک کے کنارے ایک بم دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں تین ویت نامی سیاح اور ایک مقامی گائیڈ ہلاک ہو گئے تھے۔ کسی گروہ نے فوری طور پر اس خونریز کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

[pullquote]ینکر کا رومانیہ پر شک کا اظہار[/pullquote]

رومانیہ یکم جنوری سے چھ ماہ کے لیے یورپی یونین کے صدر دفتر کی ذمہ داری سنبھال لے گا۔ اس مناسبت سے یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر نے شک کا اظہار کیا ہے کہ بخارسٹ حکومت کو یہ معلوم نہیں کہ یورپی یونین کے صدر ملک بننے کا مطلب کیا ہے۔ انہوں نے البتہ کہا کہ انتظامی طور پر رومانیہ مکمل تیار ہے کہ ششماہی بنیادوں پر بطور صدر ملک اسے کیا کرنا ہے۔ رومانیہ کی داخلی سیاسی رسہ کشی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ینکر کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے صدر ملک کی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے میزبان ملک کا متحد لازمی ہے۔

[pullquote]اغوا کے الزام میں امریکا میں چار یہودی گرفتار[/pullquote]

امریکی وفاقی استغاثہ کے مطابق Lev Ahor نامی ایک انتہا پسند یہودی فرقے سے تعلق رکھنے والے چار افراد کو نیو یارک سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گوئٹے مالا سے تعلق رکھنے والے ان مشتبہ افراد پر دو بچوں کو اغوا کرنے کا الزام ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ افراد ان بچوں کو گوئٹے مالا لے جانا چاہتے تھے۔ تاہم پولیس نے ایک کارروائی کے دوران بچوں کو بازیاب کراتے ہوئے ان افراد کو حراست میں لے لیا۔ اگر عدالت میں ان ملزمان پر جرم ثابت ہو گیا تو انہیں عمر قید سنائی جا سکتی ہے۔

[pullquote]’دہشت گردانہ جرم‘ کی منصوبہ بندی، ہالینڈ میں چار مشتبہ افراد گرفتار[/pullquote]

ہالینڈ میں دہشت گردانہ جرم کی منصوبہ بندی کے الزام میں چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حکام نے ہفتے کے دن بتایا کہ یہ گرفتاریاں روٹرڈیم شہر میں کی گئیں۔ انسداد دہشت گردی پولیس یونٹ کی طرف سے ایک مختصر بیان میں کہا گیا کہ چھان بین کا عمل جاری ہے اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ یہ مشتبہ افراد کہاں اور کس نوعیت کے حملوں کی تیاری میں تھے۔ اگست میں ایمسٹرڈیم کے مرکزی ریلوے اسٹیشن پر ایک افغان مہاجر نے چاقو سے حملہ کرتے ہوئے دو امریکی سیاحوں کو زخمی کر دیا تھا۔

[pullquote]دہشت گردی کا الزام، ایک اور آسٹریلوی کی شہریت منسوخ[/pullquote]

آسٹریلوی حکومت نے انتہا پسند گروہ اسلامک اسٹیٹ سے تعلق کے شبے میں ایک شہری کی شہریت منسوخ کر دی۔ وزارت داخلہ نے ہفتے کے دن بتایا کہ انتہائی مطلوب جہادی نیل پرکاش کو ترکی سے گرفتار کیا گیا تھا۔ کینبرا حکومت نے ترکی سے کہا ہے کہ وہ پرکاش کو آسٹریلیا کے حوالے کرے تا کہ اس کے خلاف عدالتی کارروائی کی جا سکے۔ سن دو ہزار سات میں ایک قانون کی منظوری کے بعد سے دہشت گردانہ گروہوں سے تعلقات کے شبے میں بارہ آسٹریلوی شہریوں کی شہریت منسوخ کی جا چکی ہے۔

[pullquote]بھارتی زیر انتظام کشمیر میں چار علیحدگی پسند ہلاک[/pullquote]

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں سکیورٹی دستوں اور جنگجوؤں کے مابین ہونے والی ایک تازہ جھڑپ میں چار علیحدگی پسند مارے گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے پلوامہ میں یہ واقعہ اس وقت رونما ہوا، جب سکیورٹی فورسز مخبری پر جنگجوؤں کی تلاش جاری رکھے ہوئی تھیں۔ اسی دوران جنگجوؤں نے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کے مطابق جوابی کارروائی کے بعد فائرنگ کا تبادلہ چار گھنٹے تک جاری رہا، جس کے بعد تمام جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا گیا۔

[pullquote]میرکل اور پوٹن کی ٹیلی فون پر گفتگو[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ٹیلی فونک گفتگو میں شامی خانہ جنگی اور مشرقی یوکرائن کے بحران پر گفتگو کی ہے۔ جرمن حکومت کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ جمعے کو ہونے والی اس گفتگو میں شام میں آئینی کمیٹی کی تخلیق اور امریکی افواج کے انخلا کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ شامی بحران کے خاتمے کے لیے پیہم سیاسی عمل اور ترقیاتی منصوبہ جات ناگزیر ہیں۔ میرکل نے پوٹن سے یوکرائن کے بحران پر بات چیت کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ یوکرائنی سیلرز کو رہا کر دیں۔

[pullquote]امریکی فوجی سازوسامان شامی کرد ملیشیا کے حوالے کرنے کا منصوبہ[/pullquote]

امریکی اعلیٰ فوجی اہلکار منصوبہ بنا رہے ہیں کہ شام سے امریکی فوجیوں کی واپسی کے بعد ان کا فوجی سازوسامان کرد جنگجوؤں کے حوالے کر دیا جائے۔ ناقدین کے مطابق یہ پیشرفت مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے رکن ملک ترکی کو برہم کر سکتی ہے۔ یہ واضح نہیں کہ امریکی محمکہ دفاع وائٹ ہاؤس کو یہ تجویز پیش کرے گا اور آیا یہ تسلیم کر لی جائے گی۔ ترکی سے متصل شمالی شامی علاقوں میں یہ کرد باغی داعش کے جنگجوؤں کے خلاف برسر پیکار ہیں۔ تاہم انقرہ حکومت ان کرد باغیوں کو ممنوعہ کردستان ورکرز پارٹی کا حصہ قرار دیتی ہے، جو ترکی میں حملوں میں ملوث بتائی جاتی ہے۔

[pullquote]مصر: مشہور زمانہ اہرام کے قریب دھماکا، چار افراد ہلاک[/pullquote]

مصر میں ہوئے ایک بم دھماکے کے نتیجے میں چار افراد مارے گئے۔ حکام نے بتایا ہے کہ مشہور زمانہ گیزہ اہرام سے چار کلو میٹر دور ایک سڑک کے کنارے ایک بم دھماکا ہوا۔ ہلاک شدگان میں تین ویت نامی سیاح اور ایک مقامی گائیڈ شامل ہیں۔ کسی گروہ نے فوری طور پر جمعے کو ہونے والی اس خونریز کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ اسلامک اسٹیٹ کے علاوہ دیگر کئی مسلم انتہا پسند گروہ مصر میں فعال ہیں، جو ماضی میں سیاحوں کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔

[pullquote]سعودی عرب بحران کا شکار نہیں، نئے وزیر خارجہ العساف[/pullquote]

سعودی عرب کے نئے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک کسی بحران کا شکار نہیں ہے۔ سعودی شاہ سلمان نے ابراہیم العساف کو عادل الجبیر کی جگہ نیا وزیر خارجہ مقرر کیا ہے۔ ترکی میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کی ہلاکت کے بعد ریاض حکومت سخت عالمی دباؤ کا شکار ہے اور سعودی قیادت میں اعلیٰ سطح پر ہونے والی تبدیلیوں کو اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ انہتر سالہ العساف نے البتہ کہا ہے کہ سعودی قیادت میں تبدیلیوں کی وجہ خاشقجی کا معاملہ نہیں بلکہ حکومت زیادہ بہتر طریقے سے کام کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔

[pullquote]فلپائن میں زلزلے کے شدید جھٹکے[/pullquote]

فلپائن کے جنوبی علاقے منڈاناؤ میں شدید زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی۔ حکام نے بتایا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 6.9 ریکارڈ کی گئی۔ اس قدرتی آفت کے باعث کسی ہلاکت کی خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ممکنہ تباہی کے پیش نظر امدادی عملہ چوکنا ہو چکا ہے۔ رواں سال انڈونیشیا میں دو سونامی آئے، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ ان قدرتی آفات کی وجہ موسمیاتی تبدیلیوں کو قرار دیا جاتا ہے۔

[pullquote]مشرقی یوکرائن میں سیز فائر، جرمنی اور فرانس کا خیر مقدم[/pullquote]

مشرقی یوکرائن میں ہفتے کے دن سے نئی فائر بندی کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس بحران زدہ خطے میں اس پیشرفت کو قیام امن کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ یورپی ادارہ برائے تعاون و سکیورٹی نے بتایا ہے کہ یہ جنگ بندی سات جنوری کو آرتھوڈکس کرسمس کے بعد بھی فعال رہے گا۔ مشرقی یوکرائن میں ماضی میں بھی متعدد سیز فائر کے معاہدے ہو چکے ہیں، جو کامیاب ثابت نہیں ہوئے۔ سن دو ہزار چودہ سے شروع ہونے والے اس بحران کی وجہ سے روس نواز باغیوں اور یوکرائنی فورسز کے مابین ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں دس ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے