اتوار : 30 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بنگلہ دیش: رائے دہی کے دوران دھاندلی کے الزامات[/pullquote]

بنگلہ دیش کے پارلیمانی انتخابات میں ووٹنگ کا عمل تشدد اور بے قاعدگیوں کے الزامات کے ساتھ ختم ہو گیا ہے۔ دونوں اہم جماعتیں ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزامات عائد کر رہی ہیں۔ ووٹوں کی گنتی شروع ہو گئی ہے۔ بنگلہ دیش کے الیکش کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ انتخابی عمل میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیق شروع کر دی گئی ہے اور ثابت ہونے پر کارروائی کی جائے گی۔ اس بیان میں مزید بتایا گیا کہ ووٹوں کی گنتی پیر تک مکمل کر لی جائے گی۔ اطلاعات کے مطابق رائے دہی کے عمل کے دوران تصادم کے کئی واقعات رونما ہوئے، جن میں کم از کم سترہ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔

[pullquote]الحدیدہ سے حوثیوں کے انخلا کے دعوے پر اقوام متحدہ کی جانب سے شکوک و شبہات کا اظہار[/pullquote]

اقوام متحدہ نے یمن کے بندرگاہی شہر الحدیدہ سے حوثی باغیوں کے انخلا کے دعوے پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق ایسے اقدامات فقط اس صورت میں قابل اعتبار سمجھے جائیں گے، اگر تمام فریقین اس کی تصدیق کریں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش کے ایک ترجمان نے کہا کہ حوثی باغی الحدیدہ اور صنعا کے درمیان انسانی بنیادوں پر امداد کی ترسیل کے لیے راہ داری کھولنے کے معاہدے پر عمل درآمد میں بھی ناکام رہے ہیں۔ اس سے قبل یمنی حکومت نے تردید کی تھی کہ حوثی باغیوں نے الحدیدہ کا کنڑول حکومتی فورسز کے سپرد کر دیا ہے۔

[pullquote]ترکی سے یونان پہنچنے کی کوشش، 109 افراد روک لیے گئے[/pullquote]

ترک حکام نے بحیرہء ایجیئن عبور کر کے یونان پہنچنے کی کوشش کرنے والے 109 تارکین وطن کو روک لیا ہے۔ ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد میں تین ممکنہ اسمگلر بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان تارکین وطن کو ازمیر صوبے کے ارلا ضلعے میں روکا گیا۔ واضح رہے کہ یہ ترک علاقے یونانی جزیرے ساموس کے قریب ہے۔ ان تارکین وطن کی قومیت سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔ ترکی میں قریب ساڑھے تین ملین مہاجرین موجود ہیں، جن میں سب سے بڑی تعداد شامی باشندوں کی ہے۔ اس کے علاوہ عراق اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے مہاجرین بھی ترکی میں موجود ہیں۔

[pullquote]چین کے ساتھ تجارتی معاہدے میں ’بڑی پیش رفت‘ ممکن ہے، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ٹیلی فون پر طویل اور عمدہ بات چیت ہوئی ہے۔ اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور چین تجارتی معاہدے کے لیے بہت اچھے طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ سن 2018ء امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ کا سال رہا، جہاں دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر بڑے درآمدی محصولات کا نفاذ کیا، تاہم اب کہا جا رہا ہے کہ امریکا اور چین اگلے نوے روز کے لیے اضافی محصولات کا نفاذ روک رہے ہیں، جب کہ تجارتی تنازعے کے خاتمے اور کسی معاہدے کے لیے بات چیت جاری ہے۔

[pullquote]افغان طالبان نے امن مذاکرات کی پیش کش ٹھکرا دی[/pullquote]

طالبان نے کابل حکومت کی اس پیش کش کو رد کر دیا ہے، جس میں انہیں دعوت دی گئی تھی کہ وہ اگلے ماہ سعودی عرب میں امن مذاکرات میں شرکت کریں۔ افغان طالبان کے مطابق وہ اگلے ماہ سعودی عرب میں امریکی حکام سے تو ملاقات کریں گے، تاہم کابل حکومت سے باقاعدہ بات چیت نہیں کی جائے گی۔ طالبان، امریکا اور دیگر علاقائی ممالک کے وفود کے درمیان ایک ملاقات رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں ہوئی تھی۔ طالبان کے مطابق اس ملاقات میں نامکمل رہ جانے والی بات چیت کو سعودی عرب میں آ گے بڑھایا جائے گا۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق کسی بھی ثانوی بات چیت سے قبل امریکا کے ساتھ معاہدہ ضروری ہے۔

[pullquote]فلپائن میں سیلابوں اور مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک[/pullquote]

فلپائن کے مشرقی علاقوں میں شدید بارشوں، سیلابوں اور مٹی کے تودے گرنے کے واقعات کے نتیجے میں کم از کم 26 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 22 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ پولیس اور ہنگامی حالات کے محکمے کے مطابق ان شدید بارشوں اور سیلابوں کی وجہ سے ملک کے چھ صوبے متاثر ہوئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ ہلاکتیں لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے ہوئیں ہیں، جب کہ سب سے زیادہ مثاثرہ صوبہ البی ہے۔

[pullquote]جرمنی: ایک شخص کے قبضے سے ساڑھے آٹھ سو کلوگرام آتش بازی کا سامان برآمد[/pullquote]

جرمن پولیس نے اتوار کے روز ایک شخص کے قبضے سے آتش بازی کا قریب ساڑھے آٹھ سو کلوگرام سامان برآمد کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نئے سال کے آغاز سے قبل شمالی شہر ہیمبرگ میں ایک 23 سالہ نوجوان کے قبضے سے فائرورک اور فائرکریکر برآمد کیے گئے۔ پولیس کو اس سلسلے میں مخبری اس نوجوان کے ایک ہمسائے کی جانب سے کی گئی تھی۔ مقامی پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اس نوجوان نے آتش بازی کا یہ سامان اپنے فلیٹ کے علاوہ دو گاڑیوں اور گھر کے تہہ خانے میں چھپا رکھا تھا۔

[pullquote]بھارت میں کوئلے کی کان میں پھنسے افراد کو بچانے کی کوشش[/pullquote]

بھارتی بحریہ کے غوطہ خور اتوار کے روز کوئلے کی زیرآب کان میں لاپتا ہو جانے والے کان کنوں کو بچانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس کان میں گزشتہ دو ہفتوں سے 15 کان کن لاپتا ہیں۔ میگھالیا ریاست کی اس کان میں 13 دسمبر کو پانی بھر گیا تھا، جس کے نتیجے میں اس کان میں کام کرتے مزدور پھنس گئے۔ حکام کے مطابق 14 غوطہ خور گزشتہ روز جائے واقعہ پر پہنچے تھے، تاہم کان میں زندگی کے آثار نہیں ملے ہیں۔ انتہائی تاخیر سے شروع ہونے والے اس ریسکیو آپریشن پر مقامی افراد سخت برہم ہیں۔

[pullquote]شمالی کوریا کا جنوبی کوریا کو مزید بات چیت کا پیغام[/pullquote]

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن کے نام ایک خط میں مزید امن بات چیت پر زور دیا ہے۔ جنوبی کوریائی صدر کے دفتر کے مطابق اس خط میں کہا گیا ہے کہ نئے سال میں دونوں ممالک کو امن کے قیام کے لیے مزید سرگرم ہونا چاہیے۔ اس خط میں کم جونگ اُن نے افسوس کا اظہار بھی کیا کہ وہ سیول کا مجوزہ دورہ نہ کر پائے۔ ستمبر میں پیونگ یانگ میں ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا تھا کہ دسمبر کے اختتام تک اُن سیول جائیں گے۔ رواں برس دونوں رہنماؤں کے درمیان تین بار ملاقات ہوئی جب کہ جون میں کم جونگ اُن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملے۔

[pullquote]بالی میں آتش فشاں سے مزید راکھ کا اخراج[/pullquote]

انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے بالی میں ایک آتش فشاں سے مزید راکھ خارج ہوئی ہے۔ اتوار کی صبح ماؤنٹ آؤنگ نامی آتش فشاں سے قریب تین منٹ تک راکھ اور دھوئیں کا اخراج جاری رہا۔ حکام کے مطابق اس پہاڑ سے راکھ سات سو میٹر تک فضا میں بلند ہوئی۔ تاہم اس کی وجہ سے مقامی آبادی کے انخلا یا پروازوں کی معطلی کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں انڈونیشیا میں متعدد مرتبہ مختلف آتش فشاں پھٹے ہیں۔ چند روز قبل انڈونیشیا کی آبنائے سنڈا میں واقع ایک آتش فشاں پھٹنے کی وجہ سے پیدا ہونے والی سونامی لہروں کی زد میں آ کر 431 افراد ہلاک جب کہ 46 ہزار سے زائد بے گھر ہو گئے تھے۔

[pullquote]بریگزٹ رک جانے کا امکان فٹی فٹی ہے، برطانوی وزیر[/pullquote]

برطانوی وزیربرائے تجارت لائم فوکس کے مطابق برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کا معاملہ ممکنہ طور پر رک بھی سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر برطانوی پارلیمان بریگزٹ معاہدے کو منظور نہیں کرتی، تو 29 مارچ تک برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کا امکان فٹی فٹی ہو گا۔ دوسری جانب یورپی کمشین کے سربراہ ژاں کلود ینکر نے کہا ہے کہ اگر برطانوی پارلیمان بریگزٹ معاہدے کی منظوری دیتی ہے، تو برطانیہ اور یورپی یونین کے مستقبل کے تعلقات کے حوالے سے بات چیت کا فوری آغاز ہو جانا چاہیے۔ ینکر نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ برطانیہ یورپی یونین سے نکل جائے گا۔

[pullquote]ہینوور کے ہوائی اڈے پر پروازیں دوبارہ بحال[/pullquote]

ہینوور کے ہوائی اڈے پر ایک گاڑی کے رن وے تک چلے جانے کے بعد معطل کر دی جانے والی پروازیں اب پھر بحال کر دی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق پولستانی نمبر پلیٹ کی حامل گاڑی پر قریب پچیس برس کا ایک شخص اپنی گاڑی کے ساتھ ہوائی اڈے کے بیرونی دروازے کو توڑتا ہوا، رن تک جا پہنچا تھا اور ایک اترنے والے جہاز کے پیچھے گاڑی دوڑا رہا تھا۔ پولیس نے اس شخص کو گرفتار کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ شخص کوکین کے نشے میں تھا۔ پولیس کے مطابق اس واقعے میں دہشت گردی کا عنصر نہیں ملا ہے۔

[pullquote]بنگلہ دیش میں انتخابات کے موقع پر پرتشدد واقعات، کم از کم پانچ افراد ہلاک[/pullquote]

بنگلہ دیش میں آج عام انتخابات کے موقع پر مختلف مقامات پر پیش آنے والے تشدد کے واقعات میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اتوار کے روز حکمران جماعت اور اپوزیشن کے حامیوں کے درمیان متعدد مقامات پر جھڑپیں ہوئیں، جب کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ 165 ملین آبادی کے ملک بنگلہ دیش میں پولنگ کا سلسلہ جاری ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ انتخابات بھی شیخ حسینہ واجد جیت سکتی ہیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو وہ مسلسل تیسری مرتبہ وزیراعظم کے عہدے پر براجمان ہوں گی۔ انتخابات کے موقع پر مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے جب کہ سکیورٹی کے سخت انتخابات کیے گئے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے