جمعہ : 04 جنوری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا کے بعد چین نے بھی سب سے بڑا غیرجوہری بم تیار کر لیا[/pullquote]

امریکا کے بعد چین نے بھی سب سے بڑا غیر جوہری بم تیار کرلیا۔چینی سرکاری میڈیا گلوبل ٹائمز کے مطابق چین کے سب سے بڑے بم کو ’ایچ کے 6 بمبور‘ سے نامعلوم مقام پر گرایا گیا جس کی ویڈیوز گزشتہ ماہ جاری کی گئی تھیں۔اس غیرجوہری بم کو چینی ساختہ ’مدر آف آل بمز‘ کا نام دیا گیا ہے جس کی ویڈیوز اور تصاویر چینی دفاعی کمپنی نے جاری کیں۔امریکا نے ستمبر 2017 میں افغانستان میں داعش کے ٹھکانوں پر اسی نوعیت کا بم گرایا تھا۔ 9800 کلو وزنی جی بی یو 43 بی نامی امریکی بم کو ‘بموں کی ماں’ کہا گیا تھا۔چینی ماہرین کا کہنا کہ چینی ساختہ ’مدر آف آل بمز‘ کا سائز امریکی بم سے چھوٹا ہے تاہم تباہ کاری کی زیادہ صلاحیت رکھتا ہے۔ہتھیاروں کی اس دوڑ میں روس بھی سب سے بڑا غیرجوہری بم بنا چکا ہے جسے ’فادر آف آل بمز‘ کا نام دیا گیا۔

[pullquote]برطانوی وزیراعظم اور یورپی کمیشن کے صدر گفتگو[/pullquote]

برطانوی وزیرواعظم ٹریزا مَے جمعہ چار دسمبر کی شام میں یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کریں گی۔ اندازہ لگایا گیا ہے کہ وہ اس ملاقات میں بعض رعایتیں حاصل کرنے کی کوشش کریں گی تا کہ وہ بریگزٹ ڈیل کی باضابطہ منظوری ملکی پارلیمان سے حاصل کر سکیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ٹریزا مَے حالیہ ہفتوں کے دوران کم از کم دو مرتبہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کر چکی ہیں۔ برطانوی وزیراعظم کے دفتر نے اس بات چیت کے حوالے سے کوئی تفصیل جاری کرنے سے گریز کیا ہے۔ برطانوی پارلیمنٹ رواں ماہ بریگزٹ ڈیل پر رائے شماری کرے گی۔

[pullquote]پاپائے روم کے عراقی دورے کے لیے حالات سازگار نہیں ہیں، ویٹیکن[/pullquote]

ویٹیکن کی دوسرے اہم ترین مذہبی و انتظامی شخصیت کارڈینل پیٹرو پرولین نے کہا ہے کہ پوپ فرانسس کے ممکنہ عراقی دورے کے لیے حالات مناسب نہیں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو ممکنہ شرائط پہلے سے طے کی گئی ہیں، اُن پر مکمل عمل درآمد نہیں کیا جا سکا ہے۔ کارڈینل پیٹرو پرولین ویٹیکن کے سیکرٹری آف اسٹیٹ ہیں۔ کیتھولک ٹیلی وژن چینل ٹی وی ٹُو تھاؤزنڈ (TV 2000) سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عراق میں ابھی دہشت گردی کا معاملہ پوری طرح ختم نہیں ہوا ہے اور پوپ کے دورے کے لیے مجموعی سکیورٹی صورت حال بھی نامناسب ہے۔

[pullquote]انگلش چینل میں برطانوی بحریہ بھی گشت کرے گی[/pullquote]

فرانسیسی ساحلی علاقے سے چھوٹی کشتیوں پر سوار ہو کر براعظم یورپ کے مرکزی حصے اور برطانیہ کے درمیان چینل کے سمندری علاقے کو عبور کر کے برطانیہ پہنچنے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن کو اب سخت نگرانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایرانی تارکین وطن حالیہ ایام میں انگلش چینل کو عبور کرنے کی کوشش میں رہے ہیں۔ اس صورت حال کے تناظر میں برطانوی بحریہ کا ایک جنگی بحری جہاز بارڈر سکیورٹی محکمے کی نگرانی کے عمل کو مضبوط کرنے کے لیے اس سمندر علاقے میں پہنچ گیا ہے۔ اس جنگی بحری جہاز پر عملے کے پینتالیس اراکین سوار ہیں۔ رودبار انگلستان آبنائے ڈوور کو بحر اوقیانوس سے ملاتا ہے۔

[pullquote]چین میں ایک درجن سے زائد کینیڈین شہری گرفتار کیے گئے[/pullquote]

کینیڈین حکومت کا کہنا ہے کہ چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے کی خاتون ایگزیکٹو کو کینیڈا میں گرفتار کیے جانے کے بعد چینی حکومت نے تیرہ کینیڈین شہریوں کو حراست میں لیا۔ اس بیان کے مطابق تیرہ گرفتار شدگان میں سے آٹھ کو اب رہا بھی کر دیا گیا ہے۔ ان گرفتاریوں کی تصدیق کینیڈین حکومت کے عالمی امور کے محکمے کے ترجمان نے کی ہے۔ ان تیرہ کینیڈین شہریوں میں ایک سابق سفارت کار مائیکل کورِگ بھی شامل ہیں۔ چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے کی سینیئر اہلکار مینگ وان ژُو پہلی دسمبر سن 2018 کو حراست میں لیا گیا تھا۔ اُن کو اب ضمانت پر رہائی دی جا چکی ہے اور وہ اپنی بقیہ عدالتی کارروائی کی منتظر ہیں۔

[pullquote]یمن کے لیے اقوام متحدہ کے مندوب پانچ جنوری کو صنعاء پہنچیں گے[/pullquote]

اقوام متحدہ کے یمنی تنازعے کے حل کے لیے مقرر خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس ہفتہ پانچ جنوری کو یمن کے دارالحکومت صنعاء پہنچ رہے ہیں۔ وہ صنعاء میں قیام کے دوران ایران نواز حوثی ملیشیا کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔ حوثی ملیشیا کی قیادت سے ملاقات کے بعد وہ سعودی عرب جائیں گے، جہاں یمن کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ صدر منصور ہادی سے ملاقات کریں گے۔ اقوام متحدہ کے سفیر کی کوششوں سے بندرگاہی شہر حدیدہ میں جنگ بندی کی ڈیل گزشتہ برس دسمبر میں ہوئی تھی۔ گریفتھس یمن کے جنگی حالات کو ختم کرنے کے لیے متحارب فریقین کے درمیان مذاکراتی سلسلے کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔

[pullquote]افغانستان: پٹرول پمپ پر آگ لگنے سے تین افراد ہلاک 27 زخمی[/pullquote]

افغان حکومت کے ایک اہلکار نے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا ہے کہ کابل کے ایک پٹرول پمپ پر لگنے والی آگ سے کم از کم تین افراد ہلاک اور ستائیس زخمی ہوئے ہیں۔ آگ نے پھیلتے ہوئے ایک قریبی رہائشی عمارت کو بھی اپنی گرفت میں لے لیا تھا۔ افغان وزارت صحت کے مطابق اس آگ سے جُھلسی ہوئی چھ خواتین کی حالت انتہائی تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ جمعرات اور جمعے کی نصف شب کے درمیان بھڑکی اور کئی پٹرول سے بھرے ٹینکروں نے بھی آگ پکڑ لی تھی۔ یہ گیس اسٹیشن کابل کے نواحی علاقے ماکرویان میں واقع ہے۔ آگ لگنے کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

[pullquote]سابق ڈیموکریٹک سینیٹر کو وزیر دفاع مقرر کرنے کا امکان[/pullquote]

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے رپورٹ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر جِم ویب کو نیا وزیر دفاع مقرر کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ اخبار نے نام بتائے بغیر ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ سابق سینیٹر سے نائب صدر مائیک پینس اور وائٹ ہاؤس کے عبوری چیف آف اسٹاف مِک مُولوانی نے رابطے کیے ہیں۔ امریکی وزارت دفاع کے ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ اگلے وزیر دفاع کے لیے جم ویب کا نام گردش کر رہا ہے۔ جم میٹس نے حال ہی میں اپنے صدر کے ساتھ پالیسی پر اختلاف کرتے ہوئے وزیر دفاع کے منصب سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

[pullquote]چینی امریکی تجارتی تنازعہ، امریکی ٹیم مذاکرات کے لیے چین جائے گی[/pullquote]

امریکی حکومت کی ایک خصوصی مذاکراتی ٹیم اگلے ہفتے کے دوران بیجنگ پہنچ کر چینی حکام کے ساتھ تجارتی تنازعاتی معاملات پر بات چیت کرے گی۔ امریکی مذاکراتی ٹیم کی آمد کا تصدیقی بیان چینی حکومت نے جاری کیا ہے۔ اس بیان کے مطابق امریکی ٹیم کی قیادت تجارتی امور کے نائب حکومتی نمائندے جیفری گیرش کریں گے۔ بات چیت کا یہ عمل ارجنٹائن کے دارالحکومت میں منعقدہ جی ٹوئنٹی سمٹ کے دوران امریکی و چینی صدور کی ملاقات میں طے پانے والے امور کا تسلسل بتایا گیا ہے۔ یہ مذاکرات سات اور آٹھ جنوری کو ہوں گے۔ اس میں کوشش کی جائے گی کہ رواں برس پہلی مارچ سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تناؤ میں کمی لائی جا سکے۔

[pullquote]مندر تنازعہ: بھارتی ریاست کیرالا میں سات سو سے زائد افراد گرفتار[/pullquote]

جنوبی بھارتی ریاست کیرالا میں سبری مالا مندر میں دو خواتین کے داخل ہونے پر شروع ہونے والے فسادات میں گرفتار ہونے والے انتہا پسند ہندووں کی تعداد ساڑھے سات سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ کیرالا کے مختلف مقامات پر سخت گیر ہندووں کے مظاہرے اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں کی وجہ سے نظام زندگی معطل ہو کر رہ گیا ہے۔ پولیس نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور تیز دھار پانی کا بھی استعمال کیا۔ بدھ دو جنوری کو ایسی ہی جھڑپوں کے دوران ایک شخص کی ہلاکت بھی ہوئی تھی۔ ہندو روایت کے مطابق دس سال سے لے کر پچاس برس تک کی خواتین مندر میں پوجا کے لیے داخل نہیں ہو سکتیں۔

[pullquote]امریکی صدر اور شمالی کوریائی لیڈر کے درمیان ملاقات جلد ہو گی، امریکی وزیر خارجہ[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریائی لیڈر کِم جونگ اُن کے درمیان جلد ملاقات ہو سکتی ہے۔ پومپیو نے اس ملاقات کی ممکنہ تاریخ کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں دی۔ اگر یہ ملاقات ہوتی ہے تو دونوں لیڈروں کے درمیان یہ دوسری ملاقات ہو گی۔ گزشتہ برس جون میں ٹرمپ اور اُن کے درمیان اولین میٹنگ سنگا پور میں ہوئی تھی۔ رواں ہفتے کے دوران منگل کو صدر ٹرمپ نے بتایا تھا کہ انہیں چئیرمین کم جونگ اُن کی جانب سے ایک خط موصول ہوا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے فوکس نیوز ٹیلی وژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے یہ ضرور کہا کہ اس ملاقات سے قبل کئی امور کا طے کرنا ضروری ہے۔

[pullquote]روس کے ساتھ امن کے متمنی ہیں، جاپانی وزیراعظم[/pullquote]

جاپانی وزیراعظم شینزو آبے نے ایک مرتبہ پھر اپنے اِس موقف کو دہرایا ہے کہ اُن کا ملک روس کے ساتھ جزائر کے تنازعے کو ختم کرتے ہوئے امن کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ شینزو آبے رواں مہینے کے دوران روس میں منعقدہ ایک سربراہ اجلاس میں شریک ہو کر جزائر کی حوالگی کے معاملے کو روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ زیر بحث لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اس تناظر میں یہ بھی کہا کہ جزائر کی جاپان کو منتقلی ایک مشکل امر دکھائی دیتا ہے اور اس معاملے پر ڈیل کے لیے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانا ضروری ہے۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد سے روس نے بعض جاپانی جزائر پر قبضہ کر رکھا ہے اور ٹوکیو اُن کی واپسی کا مطالبہ کرتا ہے۔

[pullquote]امریکی ایوانِ نمائندگان نے حکومتی شٹ ڈاؤن ختم کرنے کی منظوری دے دی[/pullquote]

امریکی کانگریس کے ایوانِ نمائندگان نے حکومتی شٹ ڈاؤن ختم کرنے کے بعض بلوں کو منظور کر لیا ہے۔ اس منظوری کے بعد واشنگٹن حکومت کے کئی ادارے دوبارہ کھل جائیں گے۔ ایوانِ نمائندگان نے میکسیکو کے ساتھ دیوار تعمیر کرنے کے لیے فنڈ مہیا کرنے کے بل کو منظور نہیں کیا ہے۔ امریکی کانگریس کے سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان تین جنوری سے وسط مدتی الیکشن کے بعد پہلی مرتبہ فعال ہو گئے ہیں۔ ایوانِ نمائندگان میں اکثریتی ڈیموکریٹک پارٹی کے اراکین نے نینسی پلوسی کو اسپیکر منتخب بھی کیا ہے۔ کانگریس کے اس ایوان نے کم از کم چھ حکومتی بلوں کی منظوری دی ہے۔ امریکی حکومت کے ایک چوتھائی دفاتر گزشتہ تیرہ ایام سے بندش کا شکار ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے