2019ء کو کامیاب بنانے کےطریقے

اسلام کہتا ہے کہ جس کا آج‘ گزرے ہوئے کل سے اچھا ہو گا، وہی کامیاب ٹھہرے گا۔ اسلام غور و فکر، علم و دانائی، مضبوط حوصلہ و مصمم ارادہ، فہم و شعور کا سرچشمہ اور خزانہ ہے۔ اپنے اندر احساسِ زیاں پیدا کریں، آئیں! 2019ء کا آغاز ازسر نو حکمتِ عملی کیساتھ کریں، اٹھتے قدموں کی پیش بندی کے چراغ روشن کرنے کی منصوبہ بندی کریں، کیلنڈر و ڈائری لیں، اپنے معمولات کا شیڈول بنائیں، نئے منصوبے بنائیں، ان منصوبوں کو ٹارگٹ کے طور حاصل کرنے کی کوشش کریں،چہرے پر مستقل بنیادوں پر مسکراہٹ قائم رکھنے کی پریکٹس کریں، جب کسی کو ملاقات کا جو وقت دیں، مقررہ وقت پر پہنچیں اور مقررہ وقت ختم ہونے کے ساتھ ہی خدا حافظ کہیں تاکہ نہ ان کا وقت ضائع ہو اور نہ ہی آپ کا۔ اس سے ایک دوسرے کے نزدیک آپ کی قدر بڑھے گی۔ وعدہ کی خلاف ورزی ہرگز نہ کریں، کوئی دوسرا جب آپ کے ساتھ وعدہ خلافی کرے تو اس کو ایسے انداز میں سمجھائیں کہ دوبارہ ایسی جرأت کرنے کے قابل ہی نہ رہے، اس سے ہمارا مثالی معاشرہ قائم ہو سکتا ہے۔

روزانہ 14سے 16گھنٹے کام کرنے کا معمول بنائیں، اپنے آپ کو بھی مناسب وقت دیں، روزانہ ورزش کے لئے ایک گھنٹہ ضرور نکالیں، اس سے آپ کے اندر جہاں زیادہ کام کرنے کی اہلیت بڑھے گی وہیں پر بیماریوں کے خلاف قوتِ مدافعت بھی پیدا ہو گی۔ روزانہ کی بنیاد پر نئے دوستوں کا اضافہ کریں، 2018کے اپنے ایسے دوستوں کی فہرست بنائیں جنہوں نے وفاداری و خلوص میں آپ کے ساتھ تعاون کیا ہو، ان سے تعلقات مزید مضبوط کریں۔ ایسے دوستوں کی الگ سے فہرست بنائیں جنہوں نے آپ سے لالچ کی بنیاد پر دوستی رکھی ہو، ان سے چھٹکارا حاصل کریں، ان سے تعلقات ختم نہیں‘ کم کریں۔ ناراض دوستوں سے اللہ اور رسول اللہﷺ کی رضا کی خاطر صلح میں پہل کریں، اس سے آپ کو سکونِ قلب نصیب ہو گا اور اخلاقی برتری بھی۔

گھریلو کاموں میں بیوی کے سامنے بولنے کی بجائے غصہ بھی چپ کی حالت میں ظاہر کریں، اس سے آپ کے اندر صبر پیدا ہو گا اور گھریلو زندگی بھی متاثر نہیں ہو گی۔ ترقی یافتہ ممالک کو دیکھا جائے تو وہی آگے ہیں جو تعلیم میں آگے ہیں مثلاً آسٹریا شرح خواندگی 99فیصد، فی کس آمدنی 40ہزار ڈالر، عمر 82سال۔ کینیڈا شرح خواندگی 99فیصد، فی کس آمدنی 41ہزار ڈالر، عمر 83سال۔ فرانس شرح خواندگی 99فیصد، فی کس آمدنی 36ہزار ڈالر، عمر 84سال تک ہے۔ جہاں شرح خواندگی اور تعلیم کم ہو وہاں آمدنی اور زندگی بھی کم ہو جاتی ہے۔ جس کی مثال چاڈ ہے جہاں شرح خواندگی 35فیصد اور فی کس آمدنی 1500ڈالر ہے۔ اسی طرح ایتھوپیا شرح خواندگی 36فیصد، فی کس آمدنی 800ڈالر، اوسط عمر 50سال تک ہے۔

دولت کا بڑا حصہ تعلیمی سرمایہ کاری یعنی اپنے بچوں کی تعلیم پر خرچ کریں، بچوں کی تربیت کے لئے وقت ضرور نکالیں۔ اور ان میں پائی جانے والی خامیوں کو غیر محسوس طریقے سے ختم کرنے کی کوشش کریں، اس کے لئے گھر میں بچوں کی ڈائری بنائیں، بچوں کو نفسیاتی طور پر مضبوط کرنے کیلئے ان کے سامنے کم وسائل کا ذکر اور لڑائی جھگڑا نہ کریں، اساتذہ تعلیم کے ساتھ تربیت کو ترجیح دیں۔ آمدن کو مزید بڑھانے کے طریقے تلاش کریں، موجودہ آمدن کے مطابق اخراجات کی فہرست بنائیں۔ فہرست میں غیر ضروری اشیاء کی خریداری بند کر دیں۔اگر آپ سگریٹ پیتے ہیں تو روزانہ کی بنیاد پر ایک سگریٹ کم کر دیں، اس طرح تمام تر نشے جو آپ نے خود پر طاری کیے ہوئے ہیں، ان کو آہستہ آہستہ کم کریں۔

جو توقعات آپ اپنے بارے لوگوں سے رکھتے ہیں‘ اس سوچ و فکر کے مطابق دوسروں کو عزت دیں تاکہ آپ کی خواہشات کی تکمیل ہو سکے۔ رزقِ حلال کیلئے اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود اگر آپ کو فروٹ کی ریڑھی وغیرہ بھی لگانے کی ضرورت پیش آئے تو یہ کام پوری ایمان داری سے کریں۔ ہر ممکن حد تک ملازمت نہیں کاروبار کو ترجیح دیں، دفاتر، گھریلو، کاروبار میں روز کا کام روزانہ کی بنیاد پر کریں، ٹیکس دینے میں کوئی گڑبڑ نہ کریں۔ روزانہ کی بنیاد پر اپنی اور دوسروں کی خوبیوں اور خامیوں کی نشاندہی کریں۔ موقع کی مناسبت سے دوست شاعر عزیر احمد کا شعر پیش ہے۔

زندگی کے میلے میں شام ہو گئی جاناں

گھر کو لوٹ جانے میں شام ہو گئی جاناں

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے