ہفتہ : 05 جنوری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکی وزیر خارجہ مشرق وسطیٰ کے آٹھ ممالک کا دورہ کریں گے[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اگلے ہفتے کے دوران مشرق وسطیٰ کے آٹھ ممالک میں جا کر مقامی رہنماؤں سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔ پومپیو کا یہ آٹھ روزہ دورہ آٹھ جنوری کو شروع ہو گا۔ اس دوران وہ عمان، قاہرہ، ابوظہبی، دوحہ، ریاض، مسقط اور کویت سٹی جائیں گے۔ امریکی وزارت خارجہ کے مطابق پومپیو اپنے اس دورے کے دوران عراقی دارالحکومت بغداد بھی جا سکتے ہیں لیکن سردست اس کی تصدیق ممکن نہیں۔ پومپیو کے دورے سے قبل وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن بھی جمعہ چار دسمبر کو اسرائیل اور ترکی کے دورے پر روانہ ہو گئے۔

[pullquote]امریکا: کیلیفورنیا کے ایک شہر میں فائرنگ، تین ہلاک[/pullquote]

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ساحلی شہر ٹورنس میں ہونے والی فائرنگ سے کم از کم تین ہلاک اور چار زخمی ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ایک باؤلنگ کلب میں شروع ہونے والی لڑائی کا انجام فائرنگ پر ہوا۔ یہ لڑائی جمعہ اور ہفتے کے نصف شب کے بعد شروع ہوئی۔ عینی شاہدین کے مطابق لڑائی شروع ہونے کے بعد باؤلنگ کلب میں افراتفری پھیل گئی تھی۔ پولیس کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام مرد تھے۔ ٹورنس نامی شہر کیلیفورنیا کے بڑے شہر لاس اینجلس سے بتیس کلومیٹر کی مسافت پر ہے۔

[pullquote]بھارت کا مندر تنازعہ، شدت اختیار کرتا ہوا[/pullquote]

جنوبی بھارتی ریاست کیرالا کے سبری مالا مندر میں روایت کے منافی تین خواتین کے داخل ہونے کے بعد شروع ہونے والے ہنگاموں اور فسادات میں شدت پیدا ہو گئی ہے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے قوم پرست ہندو جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایک سیاستدان کے گھر پردیسی ساختہ بم پھینکا۔ اسی طرح ایک اور انتہا پسند جماعت راشٹریہ سویم سیوک سَنگھ (RSS) کے دفتر کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی گئی۔ یہ دونوں سیاسی جماعتیں مندر میں خواتین کے داخلے کی مخالف ہیں۔ اب تک کیرالا میں شروع ہونے والے مظاہروں میں ایک شخص ہلاک اور دو سو ستر زخمی ہوئے ہیں۔

[pullquote]روسی آرتھوڈکس چرچ سے آزاد یوکرائنی آرتھوڈس چرچ کا قیام[/pullquote]

یوکرائن کے لیے آزاد یوکرائنی آرتھوڈکس چرچ کے قیام کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس طرح سن 1686 کے بعد یوکرائنی کلیسائی نظام پوری طرح روسی آرتھوڈکس چرچ سے علیحدہ ہو گیا ہے۔ اس آزاد کلیسائی نظام کے قیام کی تقریب ترک شہر استنبول میں منعقد کی گئی۔ استنبول کے بڑے پادری نے اس خصوصی تقریب کی صدارت کی۔ اس تقریب میں یوکرائن کے کئی پادریوں سمیت صدر پیٹرو پوروشینکو بھی شریک تھے۔ استنبول کے قدیمی کلیسائی نظام کے پادری کی اجازت سے آرتھوڈکس چرچ آف یوکرائن کی بنیاد رکھی گئی۔ یوکرائنی صدر نے اپنے ملک کے کلیسائی نظام کے احیا پر استنبول کے بڑے پادری کا شکریہ بھی ادا کیا۔

[pullquote]بھارت میں ٹریفک حادثہ: چھ بچے ہلاک[/pullquote]

شمالی بھارت میں ایک بس کے کھائی میں گرنے کے حادثے میں سات افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔ ہفتہ پانچ جنوری کو حادثے میں موت کا شکار ہونے والے چھ اسکول کے طلبا ہیں۔ اس حادثے میں سات اسٹوڈنٹس سمیت بارہ افراد زخمی بھی ہوئے۔ کھائی میں گرنے کے بعد بس کا ڈرائیور بھی موقع پر ہلاک ہو گیا تھا۔ زخمی اور ہلاک ہونے والے طلبا کی عمریں چار سے چودہ برس کے درمیان بتائی گئی ہیں۔

[pullquote]امریکا کا القاعدہ کے مشتبہ دہشت گرد پر فضائی حملہ[/pullquote]

امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ یمن میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد جمال البدوی کے ٹھکانے پر ایک فضائی حملہ کیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ اطلاعات کے مطابق البدوی اس حملے میں ہلاک ہو گیا ہے لیکن اس بارے میں مصدقہ معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یمنی علاقے مآرب میں یہ حملہ یکم جنوری کو کیا گیا۔ امریکا جمال البدوی کو اپنے جنگی بحری جہاز یُو ایس ایس کول پر حملے کا مرکزی ملزم تصور کرتا ہے۔ یمنی شہری البدوی کو سن 2003 میں ایک گرینڈ جیوری نے اس جنگی بحری جہاز پر حملے اور امریکی فوجی اہلکاروں کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم قرار دے دیا تھا۔ اس حملے میں سترہ امریکی فوجی مارے گئے تھے۔

[pullquote]تائیوان کو بین الاقوامی برادری کی حمایت درکار ہے، خاتون صدر[/pullquote]

تائیوان کی خاتون صدر سائی اِنگ وین نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ چین کی تازہ ترین دھمکیوں کے تناظر میں اُن کے ملک میں جمہوریت اور طرز زندگی کی بھرپور حمایت کی جائے۔ انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کے ایک حالیہ بیان کا سنجیدگی سے نوٹس لینے کی بھی اپیل کی۔ شی جن پنگ نے ایک روز قبل کہا تھا کہ اس حقیقت کو جھٹلانا ممکن نہیں کہ تائیوان چین کا حصہ ہے اور دونوں جانب کے لوگ اتحاد کے متمنی ہیں۔ چینی صدر کے مطابق تائیوان کو چین میں شامل کرنے کے لیے طاقت بھی استعمال کی جا سکتی ہے لیکن پرامن اتحاد بڑی ترجیح ہو گا۔

[pullquote]افغانستان میں سات سرحدی محافظوں کی ہلاکت[/pullquote]

افغان صوبے قندھار کے گورنر کے ترجمان نے بتایا ہے کہ طالبان عسکریت پسندوں نے ایک حملہ کر کے بارڈر پولیس کے سات اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ اس حملے میں چار دیگر اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ طالبان جنگجوؤں نے یہ حملہ صوبے قندھار کے ضلع اسپن بولدک میں کیا۔ اس حملے کے دوران اطراف کے مابین فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوتا رہا۔ گزشتہ برس اکتوبر میں قندھار میں صوبائی پولیس کے سربراہ کی ہلاکت کے بعد طالبان نے وہاں کئی علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔ قبل ازیں جمعرات تین جنوری کو بھی افغان فوج کے چھ اہلکار ایک چیک پوسٹ پر کیے گئے طالبان کے ایک حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]شام سے فوجی واپسی کا نظام الاوقات ابھی طے نہیں ہوا، امریکی وزارت خارجہ[/pullquote]

امریکی وزارت خارجہ کے ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ شام سے امریکی فوجیوں کے انخلا کا کوئی نظام الاوقات ابھی طے نہیں کیا گیا لیکن یہ امر طے ہے کہ یہ فوجی غیر معینہ عرصے تک وہاں تعینات نہیں رہیں گے۔ اس اہلکار نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو اگلے ہفتے مشرق وسطیٰ کے خطے کا دورہ کرنے والے ہیں اور اس دوران وہ امریکی اتحادی ممالک کے خدشات کا جائزہ بھی لیں گے۔ قریب دو ہفتے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے شام میں تعینات دو ہزار امریکی فوجیوں کی واپسی کا اچانک اعلان کر دیا تھا۔ اس غیر متوقع اعلان پر امریکا کے اتحادی عرب ممالک نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔

[pullquote]لاپتہ شمالی کوریائی سفارت کار کو ’امریکا نہیں، جنوبی کوریا جانا چاہیے‘[/pullquote]

شمالی کوریا کے ایک سابق اعلیٰ سفارت کار نے اٹلی میں اپنے ملک کے ناظم الامور کے لاپتہ ہو جانے کے بعد کہا ہے کہ اس سفارتی نمائندے کو سیاسی پناہ حاصل کرنے کے لیے امریکا کے بجائے جنوبی کوریا کا انتخاب کرنا چاہیے۔ اس حوالے سے سیئول میں امریکی سفارت خانے نے تاحال کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ شمالی کوریا کے اٹلی میں واقع سفارت خانے کے ناظم الامور جو سونگ گِل گزشتہ برس نومبر سے اپنی اہلیہ کے ہمراہ روپوش ہیں۔ اس مناسبت سے جنوبی کوریائی خفیہ ایجنسی نے ملکی اراکین پارلیمان کو بریفنگ بھی دی ہے۔ جنوبی کوریائی دارالحکومت سیئول کے ایک اخبار نے حال ہی میں لکھا تھا کہ اس سفارت کار نے کسی تیسرے ملک میں سیاسی پناہ کی درخواست دے رکھی ہے۔

[pullquote]پولینڈ مبیں آتشزدگی، پانچ ٹین ایجر لڑکیاں ہلاک[/pullquote]

پولینڈ میں آتشزدگی کے ایک واقعے میں پانچ ٹین ایج لڑکیاں ہلاک ہو گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق اس آگ کی لپیٹ میں آ کر ایک پچیس سالہ مرد بھی بری طرح جھلس گیا۔ یہ آگ شمالی پولستانی شہر کوشالِن کی ایک عمارت میں لگی۔ جب یہ آگ لگی، اُس وقت یہ نوجوان لڑکیاں ’اسکیپ گیم‘ کھیلنے میں مصروف تھیں۔ پولینڈ کے وزیر داخلہ یوآخم برُوڈزِنسکی نے ایک مقامی ٹیلی وژن چینل کو بتایا کہ یہ لڑکیاں اپنی ایک ساتھی کی سالگرہ کے موقع پر یہ کھیل کھیل رہی تھیں کہ اچانک آگ لگنے کے بعد شعلوں کی لپیٹ میں آ گئیں۔ پولستانی صدر آندرے ڈُوڈا نے بھی ان لڑکیوں کی ہلاکت پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پولیس آتشزدگی کی وجوہات کے تعین کے لیے تفتیش کر رہی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے