نیئربخاری کے گھر کے ساتھ قائم تجاوزات کو مسمار کردیا گیا

اسلام آباد: سابق چیئرمین سینیٹ و پاکستان پیپلزپارٹی کے جنرل سیکریٹری نیئر بخاری کے گھر کے قریب تجاوزات کیخلاف آپریشن میں گارڈ روم اور گھر سے ملحقہ کوارٹرز مسمار کردیے گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کیخلاف آپریشن کیا۔

آپریشن میں سابق چیئرمین سینیٹ و پپیپلزپارٹی کے رہنما نیئر بخاری کے گھر کے ساتھ قائم تجاوزات بھی گرائی گئیں جس میں ان کے گارڈ روم اور گھر سے ملحقہ کوارٹرز شامل ہیں۔

آپریشن کے موقع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی موجود تھی جب کہ مقامی افراد کی جانب سے مزاحمت کی گئی جس کے باعث آپریشن تھوڑی دیر کیلئے روک دیا گیا تھا۔

[pullquote]مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، نیئربخاری[/pullquote]

سابق چیئرمین سینیٹ اور سیکرٹری جنرل پی پی نیئر بخاری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سی ڈی اے کی جانب سے میرے خلاف آپریشن کیوں کیا گیا؟ تمام دستاویزات میری ملکیت ثابت کررہی ہیں لیکن مجھے کوئی نوٹس نہیں دیا گیا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے کیوں کہ عمران خان نے میرے خلاف الیکشن لڑا تھا اور الیکشن میں میرے چھوٹے بھائی نے بھی عمران خان کے مقابلے میں انتخاب لڑا۔

نیئر بخاری نے کہا کہ اس اقدام کیخلاف مکمل قانونی کارروائی کروں گا، موجودہ حکمرانوں نے مجھے ٹارگٹ کر کے آپریشن کیا جس میں میرے گارڈ روم اور گھر سے ملحقہ کواٹرز کو گرا دیا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان بے تاج بادشاہ ہے، ملک میں قانون ہے نہ آئین، کفر کی حکومت رہ سکتی ہے لیکن ظلم کی حکومت نہیں رہ سکتی۔

[pullquote]آپریشن قائد اعظم یونیورسٹی کی درخواست پر زمین واگزار کرانے کیلئے کیا گیا، سی ڈی اے [/pullquote]

وفاقی ترقیاتی ادارے کے مطابق سابق چیئرمین سینیٹ نیئر بخاری کی رہائش گاہ کے قریب آپریشن قائد اعظم یونیورسٹی کی درخواست پر ان کی زمین واگزار کرانے کیلئے کیا گیا۔

ترجمان سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ آپریشن سی ڈی اے اور قائد اعظم یونیورسٹی انتظامیہ نے ضلعی انتظامیہ کی مدد سے کیا جب کہ قائد اعظم یونیورسٹی نے آپریشن سے قبل پبلک نوٹس بھی جاری کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اراضی کی حد بندی سروے آف پاکستان نے کی، آپریشن سے قبل وی سی قائد اعظم یونیورسٹی اور سی ڈی اے حکام نے میٹنگ بھی کی، دوران آپریشن 80کنال رقبہ پر تعمیرات کو گراکر واگزار کرایا گیا جس میں 12گھر، دیواریں، لائبریری، مویشیوں کے کمرے اور دیواریں شامل تھیں۔

ترجمان کے مطابق 100 کنال کھلی اراضی کا قبضہ بھی واگزار کرایا گیا، موسم کی خرابی اور بارش کے دوران بھی آپریشن جاری رہا جب کہ پولیس اور رینجرکی بھاری نفری بھی موقع پر موجود رہی تاہم ماحول پُر امن رہا۔

[pullquote]آپریشن کرنا ہے تو بنی گالا میں کیا جائے، بلاول بھٹو زرداری [/pullquote]

سابق صدر و پی پی رہنما آصف علی زرداری نے نیئر بخاری کے گھر پر آپریشن کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نیئر بخاری کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کے آڑ میں نیئر بخاری کے گھر پر حملہ کیا گیا ہے، ان کے پاس تمام ملکیتی دستاویزات ہیں اور اس طرح کے ہتھکنڈے سیاسی بلیک میلنگ ہے۔

علاوہ ازیں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نیئربخاری کے گھر پر آپریشن سیاسی دباؤ کا ہتھکنڈا ہے، بنی گالا میں عمران کے گھر کی تعمیر غیر قانونی ہے لہٰذا آپریشن کرنا ہے تو بنی گالا میں کیا جائے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے