پیر : 07 جنوری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ملائیشیا کے بادشاہ سلطان محمد پنجم کا تخت سے دست برداری کا اعلان[/pullquote]

کوالالمپور: ملائیشیا کے بادشاہ سلطان محمد پنجم نے تخت سے دست برداری کا اعلان کر دیا۔سلطان محمد پنجم دسمبر 2016ء میں پانچ سال کی مدت کے لیے بادشاہ بنے تھے، وہ نومبر 2018ء میں علاج کے لیے رخصت پر گئے اور دو ماہ بعد وطن واپس آکر گزشتہ روز تخت سے دست برداری کا اعلان کیا۔وہ ملائیشیا کے پندرہویں بادشاہ تھے۔

[pullquote]سعودی عرب میں سعودائزیشن: مزید 5 شعبوں میں غیرملکی تارکین کام نہیں کرسکیں گے[/pullquote]

ریاض: سعودی عرب میں سعودائزیشن پر تیزی سے عمل جاری ہے اور اب مزید 5 شعبوں میں غیر ملکی تارکین کام نہیں کرسکیں گے۔سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی حکومت غیر ملکی تارکین کی بجائے مقامی لوگوں کو روزگار کی فراہمی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جسے سعودائزیشن پالیسی کا نام دیا گیا ہے۔اس پالیسی کے تحت پہلے دو مرحلوں میں مختلف شعبوں میں تارکین پر پابندی عائد کی تھی اور اب وزارت محنت و سماجی امور نے تیسرے مرحلے کے لیے مزید 5 شعبوں میں تارکین کی ملازمت پر پابندی عائد کردی جس کا اطلاق آج سے ہورہا ہے۔نئی پالیسی کے تحت طبی آلات فروخت کرنے والی اور تعمیراتی سامان فروخت کرنے والی دکانوں میں غیر ملکی کام نہیں کرسکیں گے۔گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس کی دکانوں، کارپٹ فروخت کرنے والی دکانوں اور مٹھائی کی دکانوں میں بھی غیر ملکی تارکین کے بجائے مقامی لوگ ملازمت کے اہل ہوں گے اور خلاف ورزی کرنے والے مالکان کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔وزارت محنت و سماجی امور کا کہنا ہے کہ محکمے کے افسران دکانوں پر چھاپے ماریں گے اور غیرملکی تارکین کو ملازمت دینے کی صورت میں نئی پالیسی کی خلاف ورزی کے مرتکب مالکان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

[pullquote]شیخ حسینہ نے تیسری مدت اقتدار کے لیے حلف اٹھا لیا[/pullquote]

بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے مسلسل تیسری مدت کے لیے وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ پیر کے روز ڈھاکا میں منعقد ہوئی ایک خصوصی تقریب میں صدر عبدالحامد نے اکہتر سالہ شیخ حسینہ سے حلف لیا۔ بتایا گیا ہے کہ ان کے ہمراہ ایک چوبیس رکنی کابینہ نے بھی حلف اٹھایا۔ بنگلہ دیش میں تیس دسمبر کو ہوئے پارلیمانی انتخابات میں شیخ حسینہ کی سیاسی جماعت عوامی لیگ نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی۔ یوں وہ بنگلہ دیش کی ایسی پہلی سیاستدان بن گئی ہیں، جنہوں نے مسلسل تین بار وزیر اعظم بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ ادھر اپوزیشن نے حالیہ انتخابات اور ان کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے ایک بار پھر نئے الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

[pullquote]راہف محمد القانون کو ڈی پورٹ کرنے کا ارادہ معطل کردیا، تھائی حکام[/pullquote]

تھائی لینڈ کے حکام نے کہا ہے کہ سعودی لڑکی راہف محمد القانون کو ڈی پورٹ کرنے کا ارادہ معطل کر دیا گیا ہے۔ اٹھارہ سالہ راہف گھریلو تشدد سے فرار ہو کر آسٹریلیا جانا چاہتی تھی تاہم کویت سے بنکاک پہنچنے پر بظاہر اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تھائی حکام کے مطابق اسے قانونی دستاویزات کی عدم موجودگی کے باعث روکا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ راہف نے خود کو بنکاک کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے اندر واقع ایک ہوٹل کے ایک کمرے میں بند کر لیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے کہا ہے کہ اس نوجوان لڑکی کو واپس سعودی عرب نہ بھیجا جائے۔

[pullquote]بریگزٹ ڈیل کے بغیر بھی برطانوی شہری جرمنی میں رہ سکیں گے[/pullquote]

کسی ڈیل کے بغیر بریگزٹ کی صورت میں بھی کسی برطانوی شہری کو جرمنی چھوڑنے کے لیے نہیں کہا جائے گا۔ پیر کے دن جرمن وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ جرمنی میں مقیم برطانوی شہریوں کا رہائشی پرمٹ تین ماہ کے لیے فعال رہے گا، جس میں بعد ازاں توسیع ممکن ہو گی۔ ترجمان کے مطابق البتہ اس عرصے میں جرمنی میں مقیم برطانوی شہریوں کو اپنے لیے نئے رہائشی کاغذات حاصل کرنا ہوں گے۔ اندیشہ ہے کہ اس سال مارچ کے آخر تک برطانیہ شاید کسی باقاعدہ ڈیل کے بغیر ہی یورپی یونین سے نکل جائے گا۔

[pullquote]صورتحال کنٹرول میں ہے، گیبون حکومت[/pullquote]

گیبون کی حکومت نے کہا ہے کہ اقتدار اسی کے پاس ہے اور حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فوج میں کچھ باغی عناصر نے اقتدار پر قبضہ کرنے کی کوشش کی لیکن یہ ممکن نہ ہو سکا۔ اے ایف پی نے حکومتی بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ بغاوت کرنے والے زیادہ تر جونیئر فوجیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ خبر رساں اداروں نے بتایا ہے کہ گیبون کے کئی شہروں میں ٹینک اور فوجی دستے گشت کر رہے ہیں اور کچھ مقامات پر فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔ ملکی صدر علی بینگو نے سن دو ہزار نو میں اقتدار سنبھالا تھا تاہم وہ گزشتہ دو ماہ سے علاج کی غرض سے مراکش میں ہیں۔

[pullquote]بینکاک ایئرپورٹ پر زیرحراست سعودی خاتون کو جان کا خطرہ، سیاسی پناہ کی درخواست[/pullquote]

بینکاک: تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں ایئرپورٹ پر حراست میں لی جانے والی سعودی خاتون نے وطن واپسی پر جان کے خطرے کے پیش نظر تھائی لینڈ میں سیاسی پناہ کی درخواست کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر مسافروں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ان کی ممکنہ بے دخلی کے خلاف احتجاج کریں۔رہف محمد القعون نامی خاتون کو اتوار (6 جنوری) کو بینکاک ایئرپورٹ پر حراست میں لے کر ہوٹل کے ایک کمرے میں رکھا گیا ہے، جہاں سے انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغامات کے ذریعے اپنی آواز دنیا تک پہنچانے کی کوشش کی۔18 سالہ رہف محمد القعون نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کویت کے سفر کے دوران اپنے اہلخانہ سے فرار ہوئیں، جو انہیں جسمانی و نفسیاتی تشدد کا نشانہ بناتے تھے۔

[pullquote]’تجارتی جنگ‘، امریکی اور چینی نمائندوں کی ملاقات[/pullquote]

امریکی اور چینی مذاکرات کاروں نے بیجنگ میں ملاقات کی ہے۔ دونوں ممالک کی طرف سے تجارتی اختلافات کو دور کرنے کی خاطر ایک ڈیل کرنے کے اعلان کے بعد دونوں ممالک کے نمائندوں کی یہ پہلی دوبدو ملاقات تھی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے جاری کشیدگی کو ختم کرتے ہوئے دونوں ممالک کسی معاہدے تک پہنچ جائیں گے۔ اس عرصے میں امریکا اور چین ایک دوسرے کی درآمدی مصنوعات پر کئی بلین ڈالرز کے اضافی محصولات عائد کر چکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے