کاٹنے کی قوت میں چڑیا نے ٹی ریکس ڈائنوسار کو پیچھے چھوڑدیا

لندن: اگر جسم کے لحاظ سے موازنہ کیا جائے تو گلاپاگوس کے جزائر پر پائی جانے والی ایک چھوٹی سی چڑیا کے کاٹنے کی قوت اس سے ہزاروں گنا بڑے ڈائنوسار سے زیادہ ہوتی ہے اور حال ہی میں برطانوی سائنسدانوں نے یہ حیرت انگیز انکشاف کیا ہے۔

یونیورسٹی آف ریڈنگ کے مطابق مشہور گوشت خور ڈائنوسار، ٹی ریکس کا وزن آٹھ ٹن ہوتا ہے جبکہ وہ پوری قوت سے جبڑے بند کرے تو اس عمل میں 57 ہزار نیوٹن کی قوت پیدا ہوتی ہے ۔ دوسری جانب صرف 33 گرام وزنی ننھی سی چڑیا فنچ کے کاٹ کھانے کی قوت اس کے اپنے وزن کے لحاظ سے دنیا کے تمام معلومہ جانداروں میں سب سے زیادہ ہے جو ٹی ریکس کے جبڑا بند کرنے کی طاقت سے 320 گنا زائد ہے۔

برطانیہ کی یونیورسٹی آف رینڈنگ سے وابستہ ڈاکٹر مونوبو ساکاموٹو کے مطابق ہم ٹی ریکس جیسے دیوہیکل جانور کے جبڑوں کو دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں اور سوچتے ہیں کہ شاید اس کا جبڑا سب سے طاقتور ہوگا لیکن اس جانور کی جسامت کو دیکھتے ہوئے یہ بات درست نہیں۔ اس کے مقابلے میں گلاپاگوس کی چڑیا اس سے کہیں زیادہ قوت رکھتی ہے جس سے اب تک سائنس ناواقف تھی۔ اس طرح یہ ڈائنوسار فنچ کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔

ماہرین نے سپرکمپیوٹر اور جدید آلات کی مدد سے 434 ایسے جانوروں کے کاٹنے کی قوت کا جائزہ لیا جو موجود ہیں یا معدوم ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ ماہرین نے ان جانداروں کے ارتقا اور ان کی دیگر کیفیات کا بھی جائزہ لیا ہے۔ اس مقابلے میں فنچ کی کارکردگی حیرت انگیز ثابت ہوئی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے