مشکل مرحلے کے بعد خوشحال دور شروع ہوگا: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نےکہا ہےکہ حکومت ملک کی حالت زار بدلنے کیلئے اسٹرکچرل اصلاحات پرعمل پیرا ہے اور اس مشکل مرحلے کے بعد اچھا اور خوشحال دور شروع ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان سے وزارت اطلاعات کےمختلف محکموں کے سربراہان نے ملاقات کی جب کہ اس دوران وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیراعظم کے معاونین خصوصی افتخار درانی اور یوسف بیگ مرزا بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت ملک کی حالت زار بدلنے کیلئے اسٹرکچرل اصلاحات پرعمل پیرا ہے، ہماری کاوشوں کا مقصد ذاتی مفادات نہیں بلکہ ملک اور عوام کی بہتری ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں اسٹرکچرل اصلاحات ہمیشہ تکلیف دہ مرحلہ ہوتے ہیں، اس مشکل مرحلے کے بعد اچھا اور خوشحال دور شروع ہوگا، وزارت اطلاعات اصلاحاتی ایجنڈے اور اس کے مقاصد اجاگر کرنے میں کردار ادا کرے اور حکومتی پالیسیوں سے متعلق میڈیا کے ذریعے عوام کو باخبر رکھے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مضبوط، متحرک اور ذمہ دار میڈیا عوام کو باخبر رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، میڈیا سے متعلق حکومتی پالیسیوں پر من گھڑت پروپیگنڈے کے محرکات سے آگاہ ہیں، میڈیا کے ساتھ مل کر مذموم ایجنڈے کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ مہذب اور ذمہ دار معاشرہ بے بنیاد اور من گھڑت خبروں کی تشہیر کی اجازت نہیں دیتا، بے بنیاد خبروں کی اشاعت کی حوصلہ شکنی کے مشترکہ مشن میں میڈیا سے روابط مضبوط کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی آر اوز معلومات تک میڈیا کی رسائی اور درست معلومات کیلئے متحرک کردار ادا کریں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے