شادی والے گھر آگ لگنے سے دلہن سمیت 5 خواتین جاں بحق

راولپنڈی میں شادی والے گھر میں آگ لگنے سے دلہن سمیت 5 خواتین جاں بحق ہوگئیں، پولیس کے مطابق دلہن کی کل مہندی اور 17 تاریخ کو رخصتی تھی ، آگ خود لگی یا کسی نے لگائی؟ تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

راولپنڈی سکستھ روڈ پر شادی کے گھر میں آتشزدگی کے نتیجے میں دلہن سمیت پانچ خواتین کے ہلاک ہونے کا دلخراش واقعہ پیش آیا۔ دلہن کے چچا نے الزام لگایا ہے کہ ہلاکتیں ریسکیو ٹیم کی غفلت کے باعث ہوئیں۔

بدقسمت گھر میں ہر طرف تباہی کے مناظر نظر آنے لگے جہاں کچھ دیر پہلے خوشیوں کے نغمے گونج رہے تھے۔ شادی کے اس گھر میں اچانک بھڑکنے والی آگ نے سب کچھ خاک کر دیا۔

جاں بحق ہونے والی دلہن کے چچا نے الزام لگایا ہے کہ ہلاکتیں ریسکیو ٹیم کی غفلت کے باعث ہوئیں، میں ہاتھ جوڑتا رہا کہ اگرکسی نے کچھ کہا تو معاف کر دو مگر انہوں نے آگ نہیں بجھائی۔

اہل محلہ کا بھی کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیم بروقت آپریشن کرکے جانیں بچاسکتے تھے لیکن وہ کھڑے رہے اور کچھ نہیں کیا۔ اہل محلہ کا کہنا ہے کہ 1122 کی ٹیم تاخیر سے پہنچی اور گاڑیوں میں آگ بجھانے کیلئے پانی بھی نہایت کم تھا۔ ایک مقامی شخص نے بتایا کہ ریسکیو والے 45 منٹ بعد ہہنچے اور 10 منٹ بعد گاڑی میں پانی بھی ختم ہو گیا۔

دوسری جانب راولپنڈی ڈسٹرکٹ آفیسر ریسیکو 1122 ڈاکٹر عبدالرحمان نے متاثرین کے الزامات کو یکسر مسترد کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ آٹھ سے دس منٹ میں پہلی گاڑی پہنچی آگ بہت زیادہ تھی فوری مزید گاڑیاں بھیج کر آپریشن شروع کر دیا گیا تھا۔

جاں بحق ہونے والوں میں 14 سال کی حنا، 20 سال کی حفضہ، 25 سال کی مناہل، 22 سالہ نینا اور دلہن ثناء طارق شامل ہیں۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق شادی والے گھرمیں گیس کا کمپریسر پھٹنے سے آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔

آتشزدگی کے نتیجے میں دلہن ثناء طارق سمیت چار مزید لڑکیاں زخمی ہوئیں جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا مگر بدقسمتی سے پانچوں زخمی لڑکیاں جانبر نہ ہوسکیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے