منگل : 15 جنوری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمن فوج کا افغان نژاد مشیر جاسوسی کے الزام میں گرفتار[/pullquote]

جرمن فوج کے ایک اعلی اہلکار کو ایران کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جرمن دفتر استغاثہ کے مطابق ملزم وفاقی جرمن فوج میں علاقائی مشیر ہونے کے ساتھ ساتھ لسانی تفہیم کا کام بھی کیا کرتا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ عبدالحامد ایس نامی اس پچاس سالہ افغان نژاد جرمن شہری کو آج ہی عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ عبدالحامد کی رسائی انتہائی اہم معلومات تک تھی اور شک ہے کہ اس نے یہ مواد ایرانی خفیہ اداروں کو فراہم کیا۔ مواد میں افغانستان میں جرمن دستوں کی تعیناتی سے متعلق معلومات بھی شامل تھی۔

[pullquote]اقوام متحدہ نے دسمبر میں یمن میں9.5 افراد کو کھانے کی ضروریات پوری کیں[/pullquote]

اقوام متحدہ کی جانب سے گزشتہ ماہ یمن میں نو اعشاریہ پانچ ملین افراد کو کھانے پينے کی اشياء کے ليے رسیدیں فراہم کی گئیں۔ اس عالمی ادارے کے فوڈ پروگرام کے مطابق یمن کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں اشیاء خورد و نوش کی تقسیم میں مشکلات کا سامنا رہا ورنہ ہر ماہ دس ملین افراد کی کھانے کی ضروریات پوری کرنے کا ہدف حاصل کر لیا جاتا ہے۔ یمن میں جاری چار سالہ جنگ کے دوران ملک کی نصف سے زائد یعنی 15.9 فيصد آبادی شدید قسم کی غذائی قلت کا شکار ہے۔

[pullquote]یورپی اراکین پارلیمان کا لندن حکومت کے نام خط، ’یونین میں رہیں‘[/pullquote]

یورپی ارکان پارلیمان نے بریگزٹ کے موضوع پر لندن حکومت کے نام جذباتی انداز میں ایک کھلا خط لکھا ہے۔ یورپی پارلیمان کےایک سو سے زائد ارکان کے مطابق وہ اس خط کے ذریعے برطانیہ کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اسے یورپی یونین سے انخلاء کا منصوبہ ترک کر دینا چاہیے۔ برطانوی پارلیمان میں آج منگل کو بریگزٹ معاہدے پر رائے شماری ہو رہی ہے۔ یورپی قانون سازوں نے لندن حکومت سے یونین میں رہنے کی درخواست کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یونین سے نکلنے کے بجائے اصلاحات کے لیے کام کرنا زیادہ اہم ہے۔

[pullquote]سخت موسم کی وجہ سے کم از کم 15 شامی بچے ہلاک[/pullquote]

اقوام متحدہ کے مطابق شدید سردی کی وجہ سے شام میں کئی بچے ہلاک ہو گئے ہیں۔ ادارہ برائے بہبود اطفال ’یونیسف‘ کے مطابق گزشتہ ہفتوں کے دوران سردی لگنے سے آٹھ بچے جنوب مشرقی شام کی الرکبان بستی میں جبکہ سات ہجین میں ہلاک ہوئے۔ یونیسیف نے بتایا کہ یخ بستہ موسم کے ساتھ ساتھ ناکافی طبی سہولیات بھی ان ہلاکتوں کی وجہ بنیں۔ اس بیان کے مطابق الرکبان بستی اردن کی سرحد پر ریگستانی علاقے میں قائم ہے۔ یہاں پر زیادہ تر بچے اور خواتین ہی مقیم ہیں۔

[pullquote]صدر ٹرمپ نے ترکی کے ساتھ مصالحانہ رویہ اپنا لیا[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کے ساتھ جاری تنازعے میں مصالحانہ رویہ اپنا لیا ہے۔ اپنے ترک ہم منصب رجب طیب ایردوآن کے ساتھ ٹیلیفون پر بات کرنے کے بعد ٹرمپ نے ٹوئیٹ کی کہ ترکی کے ساتھ اقتصادی روابط میں فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ گزشتہ روز ہی ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ اگر ترکی نے شام میں سرگرم کُرد ملیشیا ’وائی پی جی‘ کے خلاف کارروائیاں کیں تو اسے اقتصادی طور پر تباہ کر دیا جائے گا۔ امریکا شام کے شمالی حصے میں فعال اس تنظیم کی پشت پناہی کرتا ہے جبکہ انقرہ حکومت وائی پی جی کو ملکی سلامتی کے لیے ایک خطرہ سمجھتی ہے۔

[pullquote]بھارت میں کمبھ کا میلہ شروع[/pullquote]

بھارت میں کمبھ کا میلہ آج سے شروع ہو گیا ہے۔ چھ ہفتے جاری رہنے والے اس میلے کے افتتاح کے موقع پر ہزاروں زائرین دریائے گنگا میں نہائے۔ بتایا گیا ہے کہ تقريباً 120 ملین افراد کی اس میلے میں شرکت ک توقع ہے۔ حکام نے آتشزدگی اور بھگدڑ سے خبردار کیا ہے۔ 2013ء کے میلے میں مچنے والی بھگدڑ سے 36 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ مہا کمبھ ایک مذہبی میلہ ہے، جسے بھارت میں ’زمین پر منعقدہ عظیم تقریب‘ بھی کہا جاتا ہے۔

[pullquote]جرمنی کے ایئرپورٹ سکیورٹی اسٹاف کی ہڑتال، بڑی تعداد میں پروازیں معطل[/pullquote]

جرمنی کے سب سے بڑے فرینکفرٹ سمیت ملک کے آٹھ بڑے ہوائی اڈوں پر سکیورٹی اسٹاف کی ہڑتال کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ جرمن ایئرپورٹ ایسوسی ایشن ADV نے خبردار کیا ہے اس ہڑتال کے سبب آج منگل کے روز قریب 220,000 مسافر متاثر ہوں گے جبکہ جرمن فلائٹ نیٹ ورک مفلوج ہو کر رہ جائے گا۔ مسافروں اور سامان کی جانچ کرنے والے عملے نے 18 گھنٹے کی ہڑتال شروع کر دی ہے، جس کی وجہ سے محض فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر کُل 1200 میں سے 570 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ یہ اسٹاف تنخواہوں میں اضافہ چاہتا ہے۔

[pullquote]ایرانی سیٹلائٹ اپنے مدار تک نہ پہنچ سکا[/pullquote]

ایران کی طرف سے اپنا مصنوعی سیارہ خلاء میں پہنچانے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے۔ ایرانی سرکاری ٹیلی وژن نے ملکی وزیر مواصلات محمد جاوید آذری جھرمی کے حوالے سے بتایا ہے کہ پیام نامی سیٹلائٹ کو بصیر راکٹ کے ذریعے آج منگل کی صبح کامیابی سے لانچ کیا گیا تاہم اس سیٹلائٹ کو آخری مرحلے میں اس کے مدار میں پہنچانے میں ناکامی ہوئی۔ امریکا نے ایران کو خبردار کیا تھا کہ وہ سیٹلائٹ کی لانچ سے باز رہے۔

[pullquote]فولاد اور ایلمونیم پر اضافی ڈیوٹی ختم کی جائے، امریکی صدر سے مطالبہ[/pullquote]

بین الاقوامی کار ساز اداروں کے اعلٰی عہدیداروں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ فولاد اور ایلمونیم پر عائد اضافی ڈیوٹی ختم کی جائے۔ ڈیٹرائٹ میں فیئیٹ کرائسلر کے ’سی ای او‘ مائیک مینلی نے کہا کہ ان اضافی محصولات کی وجہ سے رواں برس کار ساز اداروں کے اخراجات میں تین سو سے ساڑھے تین سو ملین ڈالر کا اضافہ ہو جائے گا۔ ان کے بقول اس طرح ہر گاڑی 135 سے لے کر 160 ڈالر تک مہنگی ہو جائے گی۔ فوکس ویگن، فورڈ اور جنرل موٹرز سمیت ٹویوٹا اور ہنڈائی کے منیجرز نے بھی اسی طرح کے خدشات کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]میکسیکو کی سرحد پر امریکی فوجیوں کی تعیناتی کی مدت میں توسیع[/pullquote]

امریکی حکومت نے میکسیکو کی سرحد پر متنازعہ فوجی تعیناتی کی مدت میں توسیع کر دی ہے۔ ملکی وزارت دفاع کے مطابق یہ فوجی اب ستمبر کے آخر تک سرحد پر موجود رہیں گے۔ ساتھ ہی ان فوجی اہلکاروں کے اختیارات میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے اور اب یہ سرحد پر فضائی نگرانی بھی کر سکیں گے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اکتوبر میں میکسیکو کی سرحد سے غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے پناہ گزینوں کے بہاؤ کو روکنے کے لیے فوجیوں کی تعیناتی کا حکم دیا تھا۔

[pullquote]کابل حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کر لی[/pullquote]

افغان طالبان نے گزشتہ روز کابل میں ہونے والے طاقتور بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ملکی خفیہ ایجنسی کے سابق سربراہ امر اللہ صالح کی بطور وزیر داخلہ تقرری کے خلاف حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ صالح کا شمار طالبان کے شدید مخالفین میں ہوتا ہے۔ پیر کی شام کابل میں ایک انتہائی محفوظ غیر ملکی علاقے کے باہر اس بم دھماکے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور ایک سو سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

[pullquote]زمبابوے میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مظاہرے، کئی افراد ہلاک[/pullquote]

زمبابوے میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مظاہروں میں متعدد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ ہرارے حکام نے بتایا کہ احتجاج کے دوران کئی پولیس اہلکاروں سمیت مظاہرین کی ایک بڑی تعداد زخمی بھی ہوئی ہے۔ تاہم اس بیان میں ہلاکتوں کی تعداد نہیں بتائی گئی۔ مقامی ذرائع کے مطابق دارالحکومت اور ملک کے دوسرے بڑے شہر بلاوایو میں مظاہرین نے ناکہ بندی کی اور دکانیں لوٹیں۔ اس دوران کم از کم دو سو افراد کو گرفتار کیا گیا۔ زمبابوے میں اتوار کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دوگنا اضافہ کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]نو بریگزٹ ڈیل ملک کو تقسیم بھی کر سکتی ہے، مے[/pullquote]

برطانوی پارلیمان میں آج منگل کی شام بریگزٹ معاہدے پر رائے شماری ہورہی ہے۔ ملکی وزیراعظم ٹریزا مے نے اس موقع پر ملک کی تقسیم سے خبردار کیا ہے۔ مے کے بقول اگر بریگزٹ معاہدہ منظور نہ ہوا تو اسکاٹ لینڈ کی خودمختاری کے حامی مضبوط ہو سکتے ہیں اور ساتھ ہی شمالی آئرلینڈ اور آئرلینڈ کا ایک دوسرے میں ضم ہونے کا بھی امکان ہے۔ ٹریزا مے کے مطابق برسلز کے ساتھ طے پانے والے اس معاہدے کو موقع دیا جانا چاہیے۔ برطانوی پارلیمان سے اکثریت کے ساتھ اس معاہدے کی منظوری کے امکانات کم ہی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے