یوٹیوب پرغیر اخلاقی، خطرناک اور اُکسانے والے تکلیف دہ مواد پر پابندی کا اعلان

گوگل کی معروف ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر غیر اخلاقی، خطرناک اور جذباتی طور پر اُکسانے والے تکلیف دہ مواد پر پابندی کا اعلان کردیا گیا۔

اس حوالے سے ایک بلاگ پوسٹ میں اعلان کیا گیا کہ یوٹیوب کمیونٹی گائیڈ لائن میں صارفین کے لیے کچھ حدود مقرر کی گئی ہیں جس کے تحت نفرت انگیز تبصروں، ویڈیو کے لیے نازیبا تصاویر، خطرناک اور جذباتی طور پر اُکسانے والے تکلیف دہ مواد سمیت فحش مواد اَپ لوڈ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

یہ اقدام خطرناک چیلنجز کے بڑھتے ہوئے ٹرینڈز کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں نوجوانوں کی اموات سامنے آرہی ہیں۔

گزشتہ برس بھی یوٹیوب کی جانب سے ایسے مواد کی روک تھام کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن انٹرنیٹ سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی ایک رپورٹ کے مطابق فحش اور خطرناک مواد اب بھی یوٹیوب پر موجود ہے۔

دوسری جانب یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اس نے جارحانہ انداز میں اپنی قانونی پالیسی کو نافذ کرنے کے لیے کام کیا ہے تاکہ اس قسم کی چیزیں ہٹائی جا سکیں۔

بلاگ پوسٹ میں کہا گیا کہ یوٹیوب متعدد پسندیدہ وائرل چیلنجز اور پرینکس (مذاق) کا مسکن ہے لیکن ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی ویڈیو حد سے تجاوز نہ کرے، جو صارفین کے لیے خطرناک یا خوفناک ثابت ہو۔

گائڈلائنز میں ایسی سرگرمیوں سے منع کیا جاتا ہے جو خطرناک چیزوں کی حوصلہ افزائی کریں اور سنگین نقصان کا موجب بنیں، جنہیں خطرناک چیلنجز اور مذاق کے طور پر بیان کیا جاتا ہے۔

یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اب سے ایسی ویڈیوز کی اجازت نہیں دی جائے گی، جس میں مذاق یا شرارت ہو اور اس سے کسی خطرے یا سنگین چوٹ کا خطرہ ہو۔

واضح رہے کہ حال ہی میں نیٹ فلکس کے شو ‘برڈ باکس’ کے ایک منظر سے متاثر ایک چیلنج میں آنکھ پر پٹی باندھ کر ڈرائیونگ کا چيلنج سامنے آیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک شخص کی ہلاکت کی رپورٹس سامنے آئیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے