شہباز شریف کا مہمند ڈیم کے کنٹریکٹ پر ایک بار پھر ایوان کی کمیٹی بنانے کا مطالبہ

اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے مہمند ڈیم کے کنٹریکٹ پر ایک بار پھر ایوان کی کمیٹی قائم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے قائد حزبِ اختلاف شہبازشریف نے کہا کہ وزیراعظم کے مشیر رزاق داؤد سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں، مہمند ڈیم کے ٹھیکے کے معاملے پراسپیکر رولنگ دیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں سنگل بڈ پر 309ارب روپے کا پروجیکٹ دیا جارہا ہے ، پیپرا رولز کہتا ہےکہ ایک بڈر ہو تو دوبارہ بڈنگ کرائیں یا مارکیٹ سے چیک کریں کہ آفر مناسب ہے لہٰذا مطالبہ کرتاہوں کہ اس معاملے پر ہاؤس کمیٹی فوری قائم کی جائے ۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ عوام اور مانگے تانگے کا پیسا آنکھوں پر پٹی باندھ کر خرچ کیا جارہا ہے، عوام کا پیسا کہاں خرچ ہورہا ہے عوام کو جاننے کا حق ہے ، ہم نے منصوبوں میں اربوں روپے بچائے۔

شہبازشریف نے مطالبہ کیا کہ اس پورے معاملے کی تحقیقات کرکے رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے۔

واضح رہےکہ وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد کی ملکیتی کمپنی ‘ڈیسکون’ نے مہمند ڈیم کی تعمیر کا ٹھیکا حاصل کیا ہے جس کے بعد اپوزیشن کی جانب سے اس معاملے پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے