چینی سفیر کی پریس بریفنگ ۔

لوگ ہر بات میں سازش تلاش کرتے ہیں ۔لاہور سے شادی میں شرکت کیلئے جانے والے خاندان کو خون میں نہلا دینے کے المناک سانحہ کے پیچھے بھی سازش تلاش کر رہے ہیں اس افسوسناک اور دل کو ہلا دینے والے واقعہ نے پوری قوم کی توجہ معاشی بحران،ادائیگیوں کے توازن میں نادہندگی کے خطرات اور حکومت کی حلیف جماعتوں کی طرف سے اچانک تحفظات ظاہر کرنے کے تمام معاملات سے ہٹا دی ہے ۔تمام نجی چینلز اور تمام سوشل میڈیا یک زبان ہو کر دو معصوم زندہ بچ جانے والی بہنوں کی شئیر ہونے والی تصاویر میں اپنی بیٹیاں دیکھ رہا ہے اور خاندان کے واحد بچ جانے والے 12 سال کے زخمی بچے کی بات چیت پر تبصرے کر رہا ہے ۔

مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ سال دختران ملت تنظیم کی سربراہ آسیہ اندرابی کی طرف سے سکولوں ،کالجوں اور یونیورسٹی کی طالبات کو احتجاج میں شرکت کی کال دینے کے حیرت انگیز نتایج برآمد ہوئے ۔ہر روز کشمیری طالبات تعلیمی اداروں سے نکلتی اور مسلح فوجیوں کے سامنے مظاہرے کرتیں ۔بھارتی افواج کی طرف سے بدترین تشدد کے باوجود کشمیری طالبات کو روکا نہیں جا سکا ۔کشمیری طالبات کے احتجاج اور تشدد کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہو جانے کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی تھیں ۔اچانک مقبوضہ کشمیر کے مختلف اضلاع میں خواتین کے بال کاٹنے کے واقعات تیزی سے ہونے لگے ۔بھارتی اور عالمی میڈیا کشمیری طالبات کے احتجاج کو چھوڑ کر کشمیری خواتین کے بال کاٹے جانے کے پراسرار واقعات کی طرف متوجہ ہو گیا اور بھارتی پالیسی سازوں نے سکون کا سانس لیا۔

جنرل ضیا الحق کی طاقتور حکومت کے خلاف ملک بھر میں کھچڑی سے پکنے لگی ۔تعلیمی اداروں میں طلبا یونین پر پابندی کے باوجود جنرل ضیا کی آمرانہ حکومت کے خلاف احتجاج کے آثار پیدا ہونے لگے ۔اچانک ملک کے مختلف علاقوں میں ایک پراسرار ہتھوڑا گروپ پیدا ہو گیا ۔کئی شہروں میں ہتھوڑا گروپ کی طرف سے گھروں میں گھس کر ہتھوڑے سے لوگوں کے سر کچلنے کے واقعات ہونے لگے ۔پرنٹ میڈیا جو اس وقت واحد میڈیا تھا اور کئی جگہوں پر سنسر ہونے والی خبروں اور کالموں کی جگہ خالی چھوڑ کر شائع ہوتا تھا ۔ پرنٹ میڈیا سب کچھ بھول کر ہتھوڑا گروپ کی بھر پور کوریج کرنے لگا ۔حیرت انگیز طور پر ہتھوڑا گروپ پنجاب میں پیدا ہوا تھا اور جنرل ضیا کی حکومت کے خلاف پہلی مرتبہ پنجاب میں ہی ماحول پیدا ہونے کے خدشات پیدا ہونے لگے تھے ۔ہتھوڑا گروپ کی وارداتوں نے تمام ماحول تبدیل کر دیا ۔

کراچی میں مصطفی کمال کی نوزائیدہ سیاسی جماعت میں الطاف حسین اور فاروق ستار کی ایم کیو ایم کے راہنماؤں اور کارکنوں کی مسلسل شرکت سے کراچی کے اردو بولنے والے علاقوں میں ایک یکساں سوچ پیدا ہونے لگی تھی اس سے پہلے حالات کوئی مخصوص رخ اختیار کرتے مخصوص علاقوں میں اچانک موٹر سائیکل سوار پراسرار چھرے باز پیدا ہو گئے ۔راہ چلتی خواتین شائد چند ایک ہی تھیں جو خبر بکف موٹر سائیکل سوار کے ہاتھوں زخمی ہوئیں لیکن پورے کراچی میں ایک خوف و ہراس پیدا ہو گیا اور ایک مخصوص مدت کیلئے سوشل اور الیکٹرانک میڈیا کی تمام تر توجہ خواتین کو خنجر سے زخمی کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کی طرف چلے گئی۔

چینیوں کی سفارت کاری صدیوں سے پوری دنیا کیلئے اپنے مخصوص انداز سے جانی جاتی ہے ۔ چینی کبھی اپنے کپڑے سرعام نہیں دھوتے ۔چینیوں کو اگر دوسری ریاستوں کے ساتھ مسائل ہوں تو وہ اشارے دیتے ہیں اور کنایوں میں بات سمجھانے کی کوشش کرتے ہیں ۔دوست ممالک کے ساتھ چینیوں کا رویہ خاص طور پر منفرد ہوتا ہے ۔چینی پہلے مشورے دیتے ہیں ۔دوسرے مرحلہ میں چینی اپنے اقدامات سے اپنے خیالات اور سوچ کی وضاحت کرتے ہیں اور تیسرے مرحلہ میں چینی کھل کر بات کر دیتے ہیں ۔

لاہور میں چینی سفیر نے پناما ڈرامے اور سی پیک پر جنگی رفتار سے عملدرآمد کرانے والی نواز شریف حکومت کی فراغت کے بعد پہلی مرتبہ زبان کھولی ہے ۔ چینی سفیر کا کہنا تھا پاکستان کی معاشی پالیسوں میں تسلسل نہیں اس لئے چینی سرمایہ کار پاکستان آنے کیلئے تیار نہیں ۔جس وقت پوری دنیا چینی سرمایہ کاری کیلئے ترس رہی تھی چینیوں نے اپنی تجوریوں کے منہ پاکستان کیلئے کھول دئے ۔پاکستان جو گزشتہ تین دہائیوں سے توانائی کے بحران کا شکار تھا چینی سرمایہ کاری سے صرف تین سال میں توانائی کے شعبہ میں ہمیشہ کیلئے خود کفالت حاصل کر گیا اور بجلی کی پیدوارسرپلس ہو گئی ۔

پناما ڈرامہ کے دوران جب پاکستان کا حصص بازار غیر ملکی سرمایہ کاروں کا فرار دیکھ رہا تھا یقینی طور پر چینیوں نے مشورے دئے ہونگے ۔دوسرے مرحلہ میں چینیوں نے برکس کانفرنس میں حقانی نیٹ ورک کو دہشت گرد قرار دینے کی اجازت دے دی ۔چینیوں نے ٹاسک فورس کے اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالنے اور واچ لسٹ میں ڈالنے کو ویٹو نہیں کیا۔چینیوں نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ میں صرف امیدیں دیں اور کچھ نہیں ۔چینی دو ارب ڈالر دینے کیلئے با مشکل تیار ہوئے لیکن 8 فیصد کی قیمت پر ۔اب چینی سفیر نے لاہور میں پاک چین تعلقات کے کپڑے سرعام دھو دئے ہیں ۔

چینی حقیقی سپر پاور ہیں ۔امریکی بہت دور ہیں اور افغانستان سے فرار ہونے کو ہیں چینی بالکل ساتھ ہیں اور افغانستان میں کامیابیوں کے پیچھے چینیوں کی محبت اور خلوص بھی شامل تھا۔

ایک بے گناہ خاندان کو سرعام قتل کر دیا گیا ۔پہلے انہیں اغوا کار کہا گیا ۔اس خاندان کو داعش سے جوڑا گیا ۔اس بے گناہ خاندان کی کرایہ کی کار کے ڈرائیور کو داعش کا امیر ثابت کرنے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے ۔جو بھی ہے لاہور میں قتل کئے جانے والے میاں بیوی 13 سالہ بیٹی اور ڈرائیور کے قتل نے پوری قوم کی توجہ تمام دوسرے مسائل سی ہٹا دی ہے ۔

چینی سفیر کی پریس کانفرنس کے بعد اختر مینگل اور مسلم لیگ ق ایسی حلیف جماعتوں کی طرف سے اچانک حکومت کے خلاف تحفظات ظاہر کر دئے گئے ۔آصف علی زرداری کی گرفتاری کے دن گنے جا رہے تھے اور ایک وفاقی وزیر دھڑلے سے "چند دنوں میں گرفتاری” کے دعوے کر رہے تھے لیکن نیب کی ایک پریس ریلیز نے گرفتاری کے غبارے کو سرعام پھوڑ دیا ۔ہمیں لگتا ہے اب واقعات میں تنوع بھی آئے گا اور انکی رفتار بھی تیز ہوتی جائے گی اس وقت تک جب تک اونٹ کسی کروٹ نہیں بیٹھتا ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے