سدھو نے کرتاپور راہداری کے حوالے سے پاک بھارت وزرائے اعظم کو خط لکھ دیا

نئی دہلی: سابق بھارتی کرکٹر اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو نے کرتارپور راہداری کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان اور بھارتی وزیراعظم نریندر سنگھ مودی کو خط لکھ دیا، جس میں راہداری پر جاری کام کے حوالے سے تجاویز دی گئی ہیں۔

اپنے خط میں سدھو کا کہنا تھا کہ اس علاقے اور مقام سے دنیا بھر کے سکھوں کی گہری جذباتی وابستگی ہے اور بابا گرو نانک کی ساڑھے 5 سو سالہ تقریبات کے موقع پر دنیا بھر سے سکھ یہاں آنا چاہیں گے، لہذا گوردوارہ کی تاریخی اور مذہبی اہمیت کے پیش نظر سہولیات کی فراہمی کے کام پر نظرثانی کی جائے۔

خط میں تجویز دی گئی ہے کہ بزرگوں اور معذوروں کے علاوہ دیگر عمومی آمد و رفت پیدل رکھی جائے۔

سدھو نے یہ تجویز بھی دی ہے کہ یاتریوں کی سہولت کے لیے وہاں کھانے پینے اور خریداری کے اسٹالز کی بجائے روایتی جگہیں بنائی جائیں۔

مزید کہا گیا کہ نئے تعمیراتی کام میں کرتارپور کی روایتی ثقافتی تاریخ کو محفوظ رکھنے پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی نظام کو کم سے کم متاثر ہونے کو بھی یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ برس 28 نومبر کو کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔

سنگ بنیاد رکھے جانے کی تقریب میں بھارت کی نمائندگی وزیر خوراک ہرسمرت کور اور وزیر تعمیرات ہردیپ سنگھ نے کی تھی، جبکہ سابق بھارتی کرکٹر و سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو نے خصوصی طور پر شرکت کی تھی۔

تقریب سے خطاب کے دوران سدھو نے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب بھی کرتارپور راہداری کی تاریخ لکھی جائے گی تو اس کے ساتھ عمران خان کا نام ضرور لکھا جائے گا۔

نوجوت سنگھ سدھو نے مزید کہا تھا کہ پاکستان نے سرحد کھول کر پوری کائنات ہماری جھولی میں ڈال دی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے